Inquilab Logo

صومالیہ کی پارلیمنٹ نے وزیر اعظم کوعہدے سے ہٹا دیا

Updated: July 27, 2020, 10:11 AM IST | Agency | Mogadishu

تحریک عدم اعتماد میں ۱۷۰؍مخالفت اور ۸؍حمایت میں ووٹ ملے،وزیر اعظم اور صدر کے بیچ اختیارات کی جنگ کا نتیجہ

Hassan Ali
حسن علی خیر

 صومالیہ کی پارلیمنٹ نے وزیراعظم حسن علی خیرکے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب بنا کر انہیں منصب سے ہٹا دیا۔خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق صومالیہ کے وزیر اعظم اور صدر کے درمیان اختیارات کی جنگ چل رہی تھی اور اسی دوران عدم اعتماد کی تحریک لائی گئی۔پارلیمنٹ میں ۱۷۰؍قانون سازوں نے وزیراعظم کے خلاف ووٹ دیا جبکہ صرف۸؍ ووٹ حق میں پڑے۔خیال رہے کہ وزیراعظم حسن علی خیر اور صدر محمد عبدالہٰی محمد کے درمیان انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے شدید اختلافات تھے۔
 وزیراعظم حسن علی خیر اگلے برس فروری میں مقررہ وقت پر انتخابات کے انعقاد پر اصرار کر رہے تھے جبکہ صدر التوا کے حق میں تھے۔صدر محمد الہٰی محمد کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق نائب وزیراعظم مہدی محمد غولید کو عبوری وزیراعظم مقرر کیا گیا ہے۔عبوری وزیراعظم کی تقرری کے حوالے بیان میں کہا گیا ہے کہ اس کا مقصد حکومت کے منصوبوں کو جاری رکھنا ہے۔صومالیہ کےصدر کے حامی سابق وزیراعظم پر ملک کی سیکوریٹی کے حالات کو بہتر بنانے میں ناکامی کا الزام بھی عائد کرتے ہیں۔پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد مرسل شیخ عبدالرحمٰن کا کہنا تھا کہ ’’حکومت وعدے کے مطابق ایک شہری ایک ووٹ کی تیاری کے لیے واضح منصوبہ بنانے میں ناکام ہوگئی تھی۔‘‘
 خیال رہے کہ صومالیہ  میں ۱۹۹۱ء میں ہونےوالی خانہ جنگی کے بعد پہلی مرتبہ براہ راست انتخابات ہوں گے اور حکومت نے انتخابی اصلاحات کا وعدہ کیا تھا۔الشباب سمیت دیگر دہشت گرد گروپوںکے حملوں سے ملک کو درپیش سیکوریٹی خطرات کے باعث صومالیہ میں گزشتہ ایک دہائی سے نمائندوں کے ذریعے انتخابات ہوتے ہیں۔ حسن علی خیر کے مرکزی اتحادی او داخلی سلامتی کے وزیر محمد ابوکر اصلو نے اسپیکر اور صدر پر الزام عائد کیا کہ انہوں نے اپنی مدت میں توسیع کے لیے وزیراعظم کو ہٹانے کی سازش کی۔ان کا کہنا تھا کہ ’’یہ ایک سیاہ دن ہے۔‘‘ اور یہ اقدام غیر آئینی ہے کیونکہ ملک میں ہر چار سال بعد انتخابات ضروری ہیں۔حسن علی خیر وزارت عظمیٰ سنبھالنےسےقبل تیل کی ایک کمپنی میں ایگزیکٹو کے طور پر کام کر رہے تھے، تاہم انہوں نے فوری طور پر کوئی ردعمل نہیں دیا۔صدر پر لازم ہے کہ وہ شیڈول کے مطابق قابل اطمینان انتخابات کا انعقاد کرائے لیکن اپوزیشن کا اکثریتی گروپ فورم آف نیشنل پارٹیز شک کا اظہار کر رہا ہے۔

somalia Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK