Inquilab Logo

ایسے حالات اورسرکار کی ایسی بے رُخی کبھی نہیں دیکھی

Updated: May 29, 2020, 9:00 AM IST | Inquilab News Network | New Delhi

اسپیک اپ انڈیا مہم کا آغاز کرتے ہوئے کانگریس صدر سونیا گاندھی کی شدید تنقید ، کہا کہ’’ پہلی بار ملک نے ایسا دردناک منظر دیکھا جب مزدور ننگے پاؤں سیکڑوں کلومیٹر پیدل چلنے کیلئے مجبور ہیں ،ان کی سسکیاں سب نے سنیں لیکن حکومت نے نہیں۔‘‘پارٹی لیڈران اور سیکڑوں کارکنوں نے اس سوشل میڈیا مہم میں شرکت کی

Sonia Gandhi - Pic : PTI
سونیا گاندھی ۔ تصویر : پی ٹی آئی

مزدوروں کے مسائل اور ان کی پریشانیوں کو عوام کے سامنے لانے کے لئے کانگریس  نے اسپیک اپ انڈیا مہم کے نام سے سوشل میڈیا پلیٹ فارمس پر زبردست  موجودگی درج کراتے ہوئے اس مہم کا آغاز کیا۔ اس کی باقاعدہ شروعات  پارٹی صدر سونیا گاندھی نے کی اور انہوں نے  مزدوروں کے مسائل کو لے کر مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ اسپیک اَپ انڈیا مہم کی شروعات کرتے ہوئے سونیا گاندھی نے کہا کہ آزادی کے بعد پہلی بار ملک نے ایسا دردناک منظر دیکھا ہے۔ مزدور ننگے پاؤں سیکڑوں کلو میٹر پیدل چل کر جانے کے لئے مجبور ہیں، ان کی سسکیاں سب نے سنی لیکن حکومت نے نہیں۔ سونیا گاندھی نے مودی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ان مزدوروں کے  لئے اپنے خزانہ کا تالہ جلد کھولیں۔ اس دوران انہوں نے اپنی پارٹی کی جانب سے ۴؍ مطالبات بھی پیش کئے اور کہا کہ انہیں فوراً پورا کرنے کے بارے میں حکومت غور کرے ۔ وہ ۴؍ مطالبات یہ ہیں : سرکار اگلے ۶؍ ماہ تک تمام مزدوروں اور غریبوں کو ہر ماہ ۷؍ ہزار ۵؍ سو روپے ان کے اکائونٹ میں منتقل کرے  جبکہ ابتدائی مددکے طور پر انہیں ۱۰؍ ہزار روپے فراہم کرے۔ منریگا کے تحت کم از کم ۲۰۰؍ دنوں کا کام مہیا کروایا جائے ، چھوٹی صنعتوں کیلئے پیکیج جاری کیا جائے اور مزدوروں کو ان کے گھر واپس لانے کا بہتر سے بہتر انتظام کیا جائے ۔
  ادھر کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے بھی اسپیک اَپ انڈیا مہم کے تحت ایک ویڈیو پیغام آفیشیل ٹویٹر اکاؤنٹ سے شیئر کیا جس میں انہوں نے کہا کہ ’’کورونا وائرس کی وجہ سے ملک میں ایک طوفان برپا ہے۔ سب سے زیادہ  پریشان غریب عوام ہیں۔ انہیں راحت دینے کا انتظام کیا جائے۔‘‘ راہل گاندھی نے بھی  مودی حکومت کے سامنے  وہ  ۴؍ مطالبات دہرائے اور کہا کہ انہیں جلد از جلد پورا کیا جائے تاکہ غریبوں کو راحت مل سکے۔  
 کانگریس جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی نے اس مہم کے تحت جاری کردہ اپنے ویڈیو پیغام کو ٹویٹر ہینڈل سے شیئر کرتے ہوئے لکھاکہ’’ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ ہم ساتھ مل کر ضرورت مندوں کی مدد کے  لئے آواز اٹھائیں۔ میں آواز اٹھا رہی ہوں، آپ بھی اٹھائیں۔‘‘ ویڈیو پیغام میں انھوں نے کہا ہے کہ آج غریب مزدور مشکل میں ہیں اور حکومت اس کی مدد نہیں کر رہی ہے۔ حکومت کو چا ہئے کہ وہ ان مزدوروں کے مسائل دور کرے اور ان کے گھر پہنچنے کا مناسب انتظام کرے۔ پارٹی کے دیگر لیڈران نے اپنی اپنی ریاستوں میں اس مہم کی شروعات کی ۔ 
 مہاراشٹرکانگریس کے صدر بالا صاحب تھورات نے ریاست میں اس مہم کی قیادت کرتے ہوئے اپنا پیغام شیئر کیا اور کہا کہ مزدور اور غریب عوام حکومت کی ذمہ داری ہوتے ہیں۔ حکومت کو ان سے بھاگنا نہیں چاہئے بلکہ ان کی ہر ممکن مدد کرنے کی کوشش کرنی چاہئے۔ پارٹی کے دیگر لیڈران نے اپنے اپنے سوشل میڈیا اکائونٹس پر اس مہم کا ساتھ دیا اور مودی سرکار کو جگانے کی کوشش کی ۔ ایم پی اور راجستھان میں بھی کانگریس لیڈران اور کارکنوں نے سوشل میڈیا کا سہارا لیتے ہوئے غریبوں اور مزدوروں کی پریشانی سامنے لانے کی کوشش کی ۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK