Inquilab Logo

ملک کوتقسیم کرنے، آئین کو کمزور کرنے کی سازش ہو رہی ہے: سونیا گاندھی

Updated: January 25, 2020, 8:28 PM IST | New Delhi

کانگریس کی صدر سونیا گاندھی نے آج ملک کے عوام کو یوم جمہوریہ کی مبارکباد دیتے ہوئے ملک کی معیشت اور روز گار کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ ان تمام مسائل سے توجہ ہٹانے کیلئے ملک کو مذہب، زبان اور علاقائیت کے نام پر تقسیم کرنے کی سازش رچی جا رہی ہے۔

سونیا گاندھی۔ فائل فوٹو۔ تصویر: پی ٹی آئی۔
سونیا گاندھی۔ فائل فوٹو۔ تصویر: پی ٹی آئی۔

نئی دہلی: کانگریس کی صدر سونیا گاندھی نے آج ملک کے عوام کو یوم جمہوریہ کی مبارکباد دیتے ہوئے ملک کی معیشت اور روز گار کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ ان تمام مسائل سے توجہ ہٹانے کیلئے ملک کو مذہب، زبان اور علاقائیت کے نام پر تقسیم کرنے کی سازش رچی جا رہی ہے۔ یوم جمہوریہ کے موقع پر پارٹی کی جانب سے جاری پیغام میں سونیا گاندھی نے کہا کہ معاشی بد انتظامی، انتظامیہ کا بحران ، بڑھتی ہوئی مہنگائی، کساد بازاری، بے روزگاری میں اضافہ جیسے مسائل کی ناکامیوں سے توجہ ہٹانے کیلئے ملک کے باشندوں کو مذہب اور علاقائیت کی بنیاد پر تقسیم کرنے اور آئین کو کمزور کرنے کی سازش کی جارہی ہے۔ ملک میں بد امنی،خوف اور عدم سلامتی کا ماحول پیدا کیا گیا ہے جو نہ جانے کب تک جاری رہے گا۔ عام شہری محسوس کر رہا ہے کہ موجودہ انتظامیہ کے ہاتھوں میں آئینی اقدار محفوظ نہیں ہیں۔ کانگریس کی صدر نے الزام عائد کیا کہ آج ملک کے آئین اور آئینی اقدار پر سازش کے تحت حملے کئے جارہے ہیں۔ آئین کی شقوں پر منظم طور پر حملہ کیا جا رہا ہے اور آئینی اداروں کو نقصان پہنچایا جارہا ہے۔ ایسے میں آئین کے تحفظ کیلئے عوام میں اتحاد ہونا بہت ضروری ہے۔ اس کیلئے ہر شہری کو اپنا فرض ادا کرنا ہوگا۔ 
ملک کی معاشی صورتحال پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے سونیا گاندھی نے کہا کہ آج کسان اور زراعت کا شعبہ بربادی کے دہانے پر کھڑا ہے۔ ملک کا مستقبل بہتر نظر نہیں آرہا ہے۔ ملک کا نوجوان، روزگار کیلئے در در کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہے۔ مندی کے سبب چھوٹ اور متوسط درجے کے کاروباری افراد اپنے آپ کو بے یارومددمددگار محسوس کر رہےہیں۔ سونیا گاندھی نے یہ بھی کہا کہ معیشت بحران کا شکار ہے، ملک اقتصادی طور پر کمزور ہورہا ہے اور تجارتی مندی ہر شعبے پر دستک دے رہی ہے۔ اس کے خلاف آواز اٹھانے والے ہر شخص کو حکومت جبر و ستم کا نشانہ بنارہی ہے۔ 
انہوں نے کہا کہ ۷۱؍ ویں یومِ جمہوریہ، دستورِ ہند میں مخفی اقدار اور نظریات کے تئیں ہمارے پابند عہد ہونے کو دہرانے اور انہیں من و عن نافذ کرنے کے عہد کو پورا کرنے کا بھی دن ہے۔ آج آئین کی کے تحفظ کی ذمہ داری ہر باشندے کے کندھوں پر ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK