Inquilab Logo

سونیا گاندھی کا وزیراعظم اور سیتا رام یچوری کا صدر جمہوریہ کے نام خط

Updated: April 08, 2020, 8:23 AM IST | Agency | New Delhi

کانگریس سربراہ نے کورونا سے نمٹنے سے متعلق حکومت کو پانچ اہم مشورے دیئے۔ اراکین پارلیمان کی تنخواہوں کی کٹوتی کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئےسرکاری اشتہارات بند کرنے، دہلی کی ’تزئین کاری‘ کو روکنے،غیر ملکی دورہ رد کرنے اور’کیئر فنڈ‘ کی رقم کو سابقہ فنڈ میں منتقل کرنے کی تجویز پیش کی ہے۔یچوری نے کووند سے حکومت کو علامتی کے بجائے ٹھوس قدم اٹھانے کی ہدایت دینے کا مطالبہ کیا ہے

Sonia Gandhi and Sitaram Yechuri - Pic : INN
سونیا گاندھی اور سیتا رام یچوری ۔ تصویر : آئی این این

کورونا سے نمٹنے کے موضوع پر حکومت کی جانب سے طلب کی گئی کل جماعتی میٹنگ سے ایک دن قبل کانگریس سربراہ سونیا گاندھی نے وزیراعظم نریندر مودی کو ایک مکتوب روانہ کرکے انہیں کئی اہم مشوروں سے نوازا ہے۔ اسی طرح سی پی ایم کے سینئر لیڈر سیتا رام یچوری نے صدر جمہوریہ رام  ناتھ کووند کو ایک خط لکھا ہے۔ اس خط میں انہوں نے اُن سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ حکومت کو ہدایت دیں کہ وہ کورونا کی وبا کے پھیلنے پر روک تھام کیلئے علامتی نہیں بلکہ ٹھوس اقدامات کرے۔  
 سونیا گاندھی نے اپنے خط میں جہاں اراکین پارلیمان کی تنخواہوں میں تخفیف کئے جانے کے فیصلے کا جہاں خیر مقدم کیا ہے،وہیں کچھ اہم مشوروں سے بھی نوازا ہے۔ اپنے خط میں انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ کورونا سے جنگ کیلئے ایک بڑے سرکاری بجٹ کی ضرورت ہے،جس کیلئے سرکاری اخراجات میں تخفیف ناگزیر ہے۔  اخراجات کی کمی سے متعلق تجاویز پیش کرتے ہوئے سونیاگاندھی نے وزیراعظم کو خط میں لکھا ہے کہ سرکاری اشتہارات  بند کردیئے جائیں، دہلی کی مجوزہ ’تزئین کاری‘ روک دی جائے،سرکاری افسران اور وزیروں کے غیرملکی دورے رد کردیئے جائیں اور کورونا سے متعلق ابھی تشکیل دیئے گئے ’کیئر فنڈ‘ کو روک کر اس میں جمع فنڈ کو سابقہ ’وزیراعظم قومی راحت فنڈ‘ میں منتقل کیا جائے۔ 
  کانگریس سربراہ نے اس خط میں اپنی تجویز کو واضح انداز میں بیان کرتےہوئے لکھا ہے کہ اس وبا کے خلاف جنگ میں بہت پیسوں کی ضرورت ہوگی، اسلئے سرکاری اشتہارات اور اخراجات  میں کمی کرکے بیرون ملک کے دوروں پر روک لگانے کی سخت ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ سب سے پہلے حکومت کو ٹیلی ویژن،پرنٹ اور آن لائن اشتہارات پر ۲؍ سال کیلئے روک لگاکر  یہ پیسہ کورونا وائرس سے پیدا شدہ بحران سے لڑنے میں لگانا چاہئے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کووڈ۔۱۹؍ے متعلق صلاح یا صحت سے متعلق اشتہارات کو اس روک سے باہر رکھا جانا چاہئے۔ ان کا کہنا تھا کہ مرکزی حکومت اشتہار پر ہر سال تقریباً ۱۲۵۰؍کروڑ روپے خرچ کرتی ہے اوراس پر روک سے کورونا سے معیشت اور سماج کو ہونے والے نقصان کی بھرپائی کرنے میں بڑی مدد مل سکتی ہے۔
 سونیاگاندھی نےوزیراعظم مودی کے نام اس خط میں  حکومت سے لگژری پروجیکٹوں کو روک کر اس فنڈ کا استعمال کورونا سے لڑنے کیلئے کرنے اور وزیراعظم کیئر فنڈ کی رقم کو وزیراعظم قومی ریلیف فنڈ میں منتقل کرنے کی درخواست کی ہے۔کانگریس صدر نے کورونا کے پیش نظر۲۰؍ ہزارکروڑ روپوں کی لاگت سے تعمیر ہونے والے’سینٹرل وسٹابیوٹی فکیشن ایند کنسٹرکشن پروجیکٹ‘ کو ملتوی کرنے کی بھی مانگ کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ موجودہ حالت میں لگژری پر کیا جانے والا  خرچ رقم کو ضائع کرنے  کےمترادف ہے۔ انہوں  نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ پارلیمنٹ موجودہ عمارت  ہی سے اپنا  مکمل کام کرسکتی ہے۔ نیا پارلیمنٹ اور اس کیلئے دفاتر کی تعمیر کی آج ہنگامی حالت میں ضرورت نہیں ہے۔ایسے بحران کے وقت میں اس خرچ کو ٹالا جاسکتا ہے اور اس سے بچائی گئی رقم کا استعمال نئے اسپتالوں اور دیگر سہولیات کی تعمیر پر کیا جاسکتا ہے۔  انہوں نے کہا کہ حکومت کے خرچ کے بجٹ میں بھی ۳۰؍ فیصد کی کمی کی جانی چاہئے۔ اس کمی سے ہرسال تقریباً  ڈھائی لاکھ کروڑ روپے بچیں گے جس کا استعمال مہاجر مزدوروں، کسانوں، چھوٹے اور غیرمنظم شعبہ میں کام کرنے والے مزدوروں کے مفاد میں کیا جاسکتا ہے۔
کانگریس کی لیڈر نے کہا کہ اس وبا کے پیش نظر صدر، وزیراعظم، مرکزی وزرا، وزرائے اعلیٰ، ریاستوں کے وزراء اور بیوروکریٹس کے ذریعہ تمام غیرملکی دوروں کو ملتوی کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ۵؍سال میں صرف وزیراعظم اور مرکزی وزرا کے غیرملکی دوروں پر۳۹۳؍کروڑ روپے خرچ ہوچکے ہیں جن کا استعمال کورونا  سے لڑائی میں کیا جاسکتا ہے۔انہوں نے وزیراعظم کیئرس فنڈ کی مکمل رقم کو وزیراعظم قومی ریلیف فنڈ میں منتقل کرنے کی مانگ کی۔ انہوںنے کہاکہ عوام کی خدمت کے فنڈ کی تقسیم کیلئے دو الگ الگ فنڈ بنانا محنت اور وسائل کی بربادی ہے۔
 دوسری طرف مارکسی کمیونسٹ پارٹی کے جنرل سیکریٹری  سیتا  رام یچوری نے صدر جمہوریہ ہند  رام ناتھ کووند سے کورونا وائرس سے زمینی سطح پرلڑنے کیلئے حکومت کو خصوصی اقدام  کرنے کے احکامات دینے کی اپیل کی ہے۔ یچوری  نے منگل کو صدر کووند کوخط لکھ کر کورونا بحران کے معاملے میں فوری طور سے مداخلت کرنے کا مطالبہ کیا ہے  اور اس بات پر اپنی  فکر مندی کااظہار کیا ہےکہ مودی حکومت نے کورونا  سے لڑنے کیلئے دو علامتی کام کئے جبکہ اسے زمینی سطح پرٹھوس اقدام  کرنے کی ضرورت تھی۔  انہوں  نے خط  میں کورونا سے لڑنے کیلئے کئی اور مشورے دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے صدر جمہوریہ ان مشوروں پر عمل درآمد کیلئے  ملک  کے آئینی سربراہ کی حیثیت سے حکومت کوحکم  دیں۔سی پی ایم لیڈر نے کہا کہ مودی حکومت نے لاک  ڈاؤن کا فیصلہ اچانک کیا ہےجس کیلئےریاستی حکومتوں تک کواعتماد میں نہیں لیاجس سے لوگوں خصوصی  طور  غیرمقیم مزدوروں کو کافی  پریشانیوں  کا سامنا کرنا پڑا۔انہوں  نے حیرت کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ سرکار نے جنتا کرفیو کیلئے تو۲؍ دن کا وقت  دیا تھا جبکہ لاک  ڈاؤن جیسے اہم فیصلے پر عمل درآمد کیلئے صرف ۴؍ گھنٹوں کی مہلت دی تھی۔ انہوں نے کہا کہ اس کی وجہ سے افراتفری  اور انتشار کا ماحول پیدا ہوا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK