Inquilab Logo

سونیاگاندھی کا پیغام،خوف اور جرائم کے دم پرحکومتیں نہیں قائم کی جاسکتیں

Updated: October 28, 2020, 11:46 AM IST | Mumtaz Alam Rizvi | New Delhi

بہار میں اسمبلی الیکشن سے ایک دن قبل کانگریس سربراہ نے عوام کے نام ایک ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں تبدیلی کیلئے عظیم اتحاد کا کامیاب ہونا ضروری ہے۔ سونیا گاندھی نے کہا کہ دہلی اور بہار کی سرکاریں ’بندی سرکار‘ہیں ، انہیں کچھ کرنے میں نہیں بلکہ نوٹ بندی ، تجارت بندی ، کھیت بندی اور روزگار بندی پر یقین ہے، دونوں حکومتوں نے مزدوروں کو مجبور بنا دیا ہے

Sonia Gandhi - PIC : PTI
سونیا گاندھی ۔ تصویر : پی ٹی آئی

بہار اسمبلی انتخابات میں پہلے مرحلے کی پولنگ سے عین ایک دن قبل کانگریس صدر سونیا گاندھی نے بہار کے رائے دہندگان کو اپنا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ریاست میں تبدیلی کیلئے عظیم اتحاد کا جیتنا ضروری ہے۔  اس پیغام میںانہوں نے جہاں ایک طرف بہار کے عوام کی دانشمندی کا ذکر کیا ہے وہیں مرکز کی مودی حکومت اور ریاست کی نتیش حکومت کے کارناموں کو بھی اجاگر کیا ہے ۔ انھوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ دہشت ، ڈر ، خوف اور جرم کی بنیاد پر پالیسیاں نہیں بنائی جاسکتیں اور حکومتیں نہیں قائم کی جاسکتیں۔ انھوں نے کہا کہ بہار کے ہاتھوں میں ہنر ہے ، خوبیاں ہیں ، طاقت ہے ، تعمیر ی اہلیت  ہے لیکن یہاں کی حکومت نے ان کی قدر کے بجائے انہیں بے روزگاری ، نقل مکانی ، مہنگائی  اور بھکمری کا تحفہ دیا ہے اور ان کی آنکھوں میں آنسو اور پیروں میں چھالے دیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو لفظ کہے نہیں جاسکتے ، اسے آنسوؤں سے کہنا پڑتا ہے ۔ بہار کو تاریخی سرزمین قرار دیتے ہوئے سب سے پہلے سونیا گاندھی نے اسے سلام کیا۔
  گفتگو کا آغاز کرتے ہوئے کانگریس سربراہ نے کہا کہ آج بہار میں اقتدار اور اس کی آمریت میں ڈوبی حکومت اپنے راستے سے بہکگئی ہے ۔ نہ اس کا عمل اچھا ہے اور نہ ہی اس کا قول ۔انھوں نے کہا کہ مزدور آج مجبور ہے ۔ کسان آج پریشان ہے ۔ نوجوان آج ناامید ہے ۔معیشت کی نازک صورت حال لوگوں کی زندگی پر بھاری پڑ رہی ہے ۔ کانگریس صدر نے کہا کہ دھرتی کے بیٹوں پر آج شدید خطرہ لاحق ہے ۔ دلتوں اور مہادلتوں کو بد حالی کے دہانے پر لاکر چھوڑ دیا گیا ہے ۔ بہار کا پسماندہ طبقہ بھی اس بدحالی کا شکار ہے ۔ 
 مودی اور نتیش حکومت پر حملہ کرتے ہوئے  انہوں نے کہا کہ دہلی اور بہار کی سرکاریں ، بندی سرکار ہیں ۔ نوٹ بندی ، تالا بندی ، تجارت بندی ، معاش بندی ، کھیت کھلیان بندی ، روٹی روزگار بندی ۔ اسی لئے بندی حکومت کے خلاف ، اگلی نسل اور اگلی فصل کیلئے ایک نئے بہار کی تعمیرکیلئے ، بہار کے عوام تیار ہیں ۔ اب بدلائو کی لہر ہے کیونکہ بدلائو جوش ہے ، توانائی ہے ، نئی سوچ ہے اور طاقت ہے۔ اب نئی عبارت لکھنے کا وقت آ گیا ہے۔ سونیا گاندھی نے کہا کہ بہار ہندوستان کا آئینہ ہے ، ایک امید ہے ۔ ہندوستان کا اعتماد ہے ، جوش ہے ، جنون ہے۔ بہار ہندوستان کی شان بھی ہے اور ابھیمان بھی۔ بہار کے کسان ، نوجوان ، مزدور ، بھائی اور بہنیں صرف بہار میں نہیں بلکہ پورے ہندوستان اور دنیا کے کونے کونے میں ہیں ۔ آج وہی بہار اپنے گائوں ، قصبہ ، شہروں ، کھیتوں اور کھلیانوں میں اپنی شان اور مستقبل کیلئے نئی تبدیلی کیلئے پوری طرح سے تیار ہے ۔ اسلئے میں نے اسے بدلائو کی لہر کہا ہے ۔
  کانگریس صدر نے کہا کہ ووٹ کی سیاہی والی انگلی اب سوال لے کر کھڑی ہے ۔ سوال بے روزگاری کا ہے ۔ سوال کھیتی بچانے کا ہے۔ سوال روٹی اور روزگار کا ہے ۔ سوال تعلیم اور صحت کا ہے ۔ سوال صنعت اور تجارت کا ہے ۔ سوال بے لگام جرائم پر روک لگانے کا ہے ۔ سوال تاناشاہی حکومت پر ہے ۔ اسلئے آج وقت ہے ، اندھیرے سے اجالے کی جانب ، جھوٹ سے سچ کی جانب ، حال سےمستقبل کی جانب بڑھنے کا ۔ انھوں نے کہا کہ علم کی سرزمین کہے جانے والے بہار کے عوام سے میری اپیل ہے کہ وہ عظیم اتحاد کے امیدوار کو ووٹ کریں اور نئے بہار کی تعمیر کریں ۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز سونیا گاندھی نے ایک مضمون میں مودی حکومت کو سخت تنقید کانشانہ بنایا گیا تھا ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK