Inquilab Logo

اُترپردیش میں اسمبلی انتخابات کے پیش نظرڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکرکی برسی پر خصوصی تقریبات

Updated: December 07, 2021, 8:26 AM IST | Lucknow

آئین سازڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کی برسی کے موقع پر پورے ملک میں انہیں خراج عقیدت پیش کیاگیا ، اس معاملے میں اترپردیش پیش پیش رہا جہاں اسمبلی انتخابات کے مد نظرتقریباً تمام سیاسی جماعتوں نے انہیں یاد کیا اور ان کی تعلیمات پرعمل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

BSP chief Mayawati pays homage to Dr. Ambedkar (Photo: PTI)
ڈاکٹر امبیڈکر کو خراج عقیدت پیش کرتی ہوئیں بی ایس پی کی سربراہ مایاوتی (تصویر: پی ٹی آئی)

آئین سازڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کی برسی کے موقع پر پورے ملک میں انہیں خراج عقیدت پیش کیاگیا ،  اس معاملے میں اترپردیش پیش پیش رہا جہاں اسمبلی انتخابات کے مد نظرتقریباً تمام سیاسی جماعتوں نے انہیں یاد کیا اور ان کی تعلیمات پرعمل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اس موقع پر تمام پارٹیوں کے بیانات پر اسمبلی انتخابات کے واضح اثرا ت نظر آئے۔ ڈاکٹرامبیڈکر کا نام لیتے ہوئے تمام سیاسی جماعتوں نے ایک دوسرے کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ 
 بی ایس پی سربراہ مایاوتی نے انہیں خراج عقیدت  پیش کرتے ہوئے کہا کہ آئین کی حفاظت اب تبدیلی اقتدار  ہی سے ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس بات کو دھیان میں رکھتے ہوئے  دلت سماج کو اقتدار کی کنجی اپنے ہاتھوں میں لینا وقت کی  اہم ضرورت ہے۔ڈاکٹر امبیڈکر  کے ’مہاپری نروان دیوس‘ پر  پریس کانفرنس میں مایاوتی نے کہا کہ برابری کے اصولوں پر مبنی آئین آج بحران کی حالت میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکز اور اترپردیش میں اب تبدیلی اقتدار ہی  سے آئین کو موجودہ دور میں بحران سے دو چار ہونے سے بچایا جا سکتا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے سماجوادی پارٹی پر بھی تنقید کی۔
  سماجوادی پارٹی کے قومی صدر اور اترپردیش کے سابق وزیراعلیٰ اکھلیش یادو نے بھی انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں  نے مذہبی ہم آہنگی کو برقرار رکھنے کے بارے میں ڈاکٹر امبیڈکر کی تعلیمات کا ذکر کرتے ہوئے اپنے ایک ٹویٹ میں کہاکہ مجھے وہ مذہب  پسند ہے جو آزادی، مساوات اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے یوگی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس کے جانے کا دن قریب آگیا ہے۔
 اتر پردیش کانگریس کی انچارج پرینکا گاندھی نے ڈاکٹر امبیڈکرکو اُن کی برسی پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے محروم طبقوں کے حقوق پر ہونےوالے حملوں کے خلاف آواز بلند کرنے کی اپیل کی۔ پرینکا گاندھی نے اس حوالے سے ایک ٹویٹ کیا کہ’ ’آئین پیغام ہے مساوات کا، آئین پیغام ہے انصاف کا۔ آئیے منظم ہوکر کسانوں، مزدوروں، نوجوانوں، محنت کشوں، خواتین اور محروم طبقوں کے آئینی حقوق پر ہونے والے حملوں کے خلاف آواز بلندکریں اور باباصاحب ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈ کر جی کے ’آئین زندہ باد ‘ کے پیغام کو مضبوط کریں۔
 اس موقع پر اُتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے اپنی پوری توجہ سماجوادی پارٹی کے خلاف مرکوز کررکھی تھی۔ ڈاکٹر امبیڈکر کوخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سماج وادی پارٹی کی حکومت میں دلتوں کا خوب استحصال ہوا تھا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ریاست میںبی جے پی کی حکومت بننے کے بعد ہی کمزور طبقات کے خلاف مظالم کا سلسلہ بند ہوا ہے۔ اکھلیش یادو کے پارلیمانی حلقہ اعظم گڑھ کی ساگڑی تحصیل میں مختلف ترقیاتی پروجیکٹوں کا افتتاح کرتے ہوئے یوگی نے سماجوادی پارٹی کے سربراہ پر شدید حملہ کیا۔ یہاں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے  انہوں نے کہا کہ کچھ لوگوں نے بابا صاحب کے نام پر سیاست کی لیکن جب بھی غریبوں اور دلتوں پر مظالم ہوتے تھے تو وہ خاموشی اختیار کرلیتے تھے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK