Inquilab Logo

ویسٹرن اور سینٹرل ریلوے میں ۳۰؍ستمبر تک خصوصی صفائی مہم

Updated: September 19, 2020, 9:42 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

یہ مہم وزیراعظم کی ایماء پر چلائی جارہی ہے۔ افسران صفائی سے زیادہ نمائش کے تئیں ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کے لئے کوشاں ۔صاف صفائی کیلئے عام مسافروں میں بیداری لانا بھی مقصد۔

For Representation Purpose Only. Photo INN
علامتی تصویر۔ تصویر: آئی این این

ویسٹرن اور سینٹرل ریلوے میں ۳۰؍ ستمبر تک خصوصی مہم جاری رہے گی۔ یہ مہم۱۶؍ستمبر سے شروع کی گئی ہے اور جنرل منیجروں نے اس کے لئے باقاعدہ اپنے ماتحت ملازمین کو حلف بھی دلوایا۔ یہ مہم چونکہ۱۵؍ دن تک جاری رہنے والی تھی اس لئے اسے ’پکھواڑے‘ کا نام دیا گیا ہے۔ دوسری جانب یہ مہم وزیراعظم نریندرمودی کی ایماء پر شروع کی گئی ہے اس لئے صفائی پر توجہ دینے سے زیادہ تمام شعبوں کے افسران خود نمائی میں زیادہ مصروف نظر آرہے ہیں اور اس تعلق سے ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کیلئے بھی کوشاں دکھائی دے رہے ہیں ۔ اسے سینٹرل اور ویسٹرن ریلوے کے ذریعے جاری کردہ تصاویر میں بھی بخوبی دیکھا جاسکتا ہے۔ تصویروں میں صفائی عملہ اور افسران جھاڑو اٹھا کر تصویر کشی کروا رہے ہیں تو بہت سے ملازمین پٹریوں کے درمیان چھوٹے چھوٹے کاغذ کے ٹکڑے اور دیگر ایسے ہی کچرے اٹھاتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں ۔
  ویسٹرن ریلوے کے جنرل منیجر آلوک کنسل اور سینٹرل ریلوے کے جنرل منیجر سنجیو متل کا کہنا ہے کہ اس کے ذریعے پورے ڈویژن میں اسٹیشنوں پلیٹ فارم، ٹوائلٹ، کینٹین، لوکل اور طویل مسافتی ٹرینوں ، یارڈ، ورکشاپ اور دفاتر میں خصوصی طورپر صفائی کی جارہی ہے۔اس اہتمام کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ اب ریلوے میں صفائی کے تعلق سے درجہ بندی کی جارہی ہے اور اسی حساب سے ان کی فہرست تیار کرکے ایوارڈ دینے کے ساتھ ستائش بھی کی جارہی ہے۔ جنرل منیجروں کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس کے ذریعے ریلوے ملازمین کو ہی نہیں بلکہ عام مسافروں کو بھی یہ پیغام دیا جارہا ہے کہ صفائی کوئی وقتی ضرورت یا کسی مخصوص شعبے اور محکمہ کی ذمہ داری نہیں بلکہ ہر شخص کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ صفائی پسند بنے، خود بھی صاف رہے اور اطراف کو بھی صاف رکھے۔ اسی کے ساتھ لوکل اور طویل مسافتی ٹرینوں میں صاف صفائی کا خاص خیال رکھے تاکہ صاف ستھرے ماحول میں سفر کو ممکن بنانے میں مدد مل سکے۔ اس کے علاوہ یہ صفائی مہم ۲؍ اکتوبر کو گاندھی جی کی۱۵۱؍ ویں جینتی پربھی جاری رکھی جائے گی اور اس موقع پر بھی صاف صفائی کا خاص خیال رکھا جائے گا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK