Inquilab Logo

لاتور میں ایس ٹی بس پل سے نیچے گرگئی ، ۳۵؍ زخمی

Updated: January 18, 2023, 10:23 AM IST | latur

اچانک بس کے اسٹیئرنگ کا راڈ ٹوٹ گیا اور ڈرائیور نے گاڑی پر سے اپنا کنٹرول کھو دیا ۔ ڈرائیور بری طرح زخمی،۱۴؍ لوگوں کی حالت نازک،کوئی جانی نقصان نہیں

By looking at the condition of the bus, one can guess how terrible the accident was, fortunately no one died in it; (Agency)
بس کی حالت دیکھ کر اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ حادثہ کتنا بھیانک تھا، خیر سے اس میں کسی کی موت نہیں ہوئی ;( ایجنسی)

 لاتور (زیڈ اے خان؍ ایجنسی) مہاراشٹر میں ایک اور اندوہناک سڑک حادثہ پیش آیا ہے۔ حالانکہ  اس  میں کسی کی جان جانے کی خبر نہیں ہے لیکن ۳۵؍ افراد زخمی ہیں  اور بس پوری طرح چکنا چور ہو چکی ہے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل ناسک میں ایک بھیانک حادثہ پیش آیا تھا جس میں ۱۰؍ افراد کی موت ہو گئی تھی اور ۲۶؍ افراد زخمی تھے۔ 
  اطلاع کے مطابق   لاتور سے پونے کے  ولبھ نگر جانے والی  ایک  ایس ٹی بس منگل کی صبح تقریباً ساڑھے ۸؍ بجے لاتور کے  کا بورگاؤں کالے کے قریب ایک پل سے نیچے گر گئی  بس میں سوار ۳۵؍ افراد بری طرح زخمی ہوئے ہیں جن میں سے ۱۴؍ کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔     اسٹیٹ ٹرانسپورٹ ( ایس ٹی) کی بس نمبر    ایم ایچ ۲۰؍  بی ایل ۲۳۷۲؍   لاتور ڈپو سے منگل کی صبح پونے کے  ولبھ نگر جانے کیلئے روانہ ہوئی۔  یہ بس ابھی لاتور ہی  میں تھی اور  بورگائوں  کالے علاقے میں پہنچی تھی۔ یہ علاقہ اونچائی پر تھا۔ تبھی بس کےاسٹیئرنگ میں لگاراڈ جس سے اسپیڈ کم زیادہ کی جاتی ہے)ٹوٹ گیا۔اس کی وجہ سے ڈرائیور کا بس پر کنٹرول نہیں رہا اوربس سیدھے پل سے نیچے گرگئی۔ بس کے پھسلنے سے اس کا اگلاحصہ نیچے مٹی کے ڈھیر سے ٹکرا گیا جو بس میں سوار مسافروں کی چوٹ کا سبب بنا۔ بس کے ٹکرانےکے سبب سب سے زیادہ چوٹ ڈرائیور کو آئی جس کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔      بس کے پرخچے اڑ گئے تھے ۔ اس کی حالت دیکھنے کے بعد اس بات کو ایک کرشمہ ہی کہا جا سکتا ہے کہ حادثے میں کسی کی موت نہیں ہوئی۔ کئی مسافر وہاں خون میں لت پت پڑے تھے جبکہ بعض جن کی حالت کچھ بہتر تھی وہ خود ہی بس سے نکل کر باہر آگئے۔ لبتہ ۳۵؍ افراد کو چوٹیں آئی ہیں جن میں ۱۴؍ کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ زخمیوں میں چھوٹے بچے اور معمر شہریوں کی بھی بڑی تعداد ہے۔  بس کے اگلے حصے کی کانچ  پوری طرح پھوٹ گئی ہے ساتھ ہی سیٹوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ بلکہ اگلا حصہ پوری طرح  چکنا چور ہو گیا ہے۔ 
  حادثے کی آواز سن کر آس پاس کے گائوں والے موقع پر پہنچے اور انہوں نے فوری طور پر متاثرین کی مدد شروع کی۔  زخمیوں کو  ابتدائی علاج کیلئے  قریب ہی واقع مروڈ نامی گائوں کے اسپتال میں داخل کروایا گیا ۔ گائوں والوں نے فوری طور پر ایمبولنس نمبر ۱۰۸؍  پر رابطہ کیا اور زخمیوں کو علاج کیلئے مروڈ رورل اسپتال میں داخل کروایا۔زخمیوں میں کچھ مسافروں کی حالت بے حد خراب ہے ۔ وہاں ابتدائی علاج کے بعد ۱۶؍ مسافروں کو مزید علاج کیلئے  لاتور کے ضلع سرکاری اسپتال بھیج دیا گیا۔اس حادثے کی وجہ سے ہائی وے پر کافی دیر تک ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیاتھا۔لاتور ٹریفک پولیس نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر ٹریفک کوبحال کیا۔اسٹیئرنگ کیسے ٹوٹا اس بارے میں بھی تفتیش کی جارہی ہے ۔
  ممکن ہے کہ گاڑی کے اسٹیئرنگ میں کوئی نقص ہو جس کی وجہ سے اس کا راڈ ٹوٹ گیا اور حادثہ پیش آیا ہو لیکن مقامی لوگوں نے بتایا کہ اس سڑک پر اس  سے پہلے بھی کئی حادثات ہو چکے ہیں۔  ’ لوک مت‘  کی ایک رپورٹ کے مطابق  لاتور ۔ مروڈ روڈ پر    کئی گڑے ہیں جس کی وجہ سے یہاں بس ڈرائیوروں کو گاڑی چلاتے وقت کافی کسرت کرنی پڑتی ہے۔ ان گڑوں کو بھرنے کا کئی بار مطالبہ کیا جا چکا ہے لیکن انتظامیہ نے اس پر کبھی توجہ نہیں دی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK