Inquilab Logo

اسٹارٹ اپس ملک کا مستقبل ہیں ، انہیں تجارتی سرگرمیوں کو سنبھالا دینا ہو گا

Updated: April 04, 2020, 7:10 AM IST | New Delhi

وزیر صنعت و تجارت پیوش گوئل نے ملک بھر کے اسٹارٹ اپس سے گفتگو کی

Piyush Goyal Photo: INN
پیوش گوئل۔ تصویر : آئی این این

تجارت و صنعت کے مرکزی وزیر پیوش گوئل نے اسٹارٹ اپس کو ملک کا مستقبل قرار دیتے ہوئے کہا کہ کورونا کی وباء سے پیدا اس بحران کی گھڑی میں تیزی سے اور مثبت نظریے کے ساتھ آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔ گوئل نے ملک بھرکے اسٹارٹ اپس کے ساتھ ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسٹارٹ اپ سے ملک کو بہت امیدیں ہیں اور انہیں اس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے سرگرمی سے آگے بڑھنا چاہئے۔فی الحال ملک غیر معمولی بحران کے دورسے گزر رہاہے اور اس کےلئے تیزی سے کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے صنعت، خصوصاً اسٹارٹ اپ کے سامنے آنے والی مشکلات پر قابو پانے کےلئے سبھی متعلقہ فریقوں کا تعاون مانگا۔اس مکالمے کےدوران کورونا کی وباء اور لاک ڈاؤن کے اثر کا جائزہ لینےکےلئے ڈیول پرس ،اہم اسٹارٹ اپ،اینجل سرمایہ کاروں اور دیگر سمیت اسٹارٹ اپ انتظام کے دیگر فریقوں نے حصہ لیا۔ اس میں صنعت اور اندرونی تجارت کو فروغ دینے والا محکمہ،کارپوریٹ امور کی وزارت، سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج بورڈ آف انڈیا کے ذمہ داران ، نیتی آیوگ ور ایس آئی ڈی بی آئی کے عہدیداروں نے بھی شرکت کی۔
 مرکزی وزیرپیوش گوئل نے کہاکہ یہ اسٹارٹ اپ سرمایہ کاروں کا مثبت جذبہ ہے جو وہ اس موقع پر آگے بڑھ رہےہیں اور کورونا سے جڑی مختلف مشکلات کا حل تلاش کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ انہوں نے ایکشن کووڈٹیم (اے سی ٹی)کی شروعات کا خیرمقدم کیا،جو۱۰۰؍ کروڑ روپے کا پروگرام شروع کررہی ہے۔اس کا مقصد ملک میں کوروناکے اقتصادی اثرات کا مقابلہ کرنےکےلئے گرانٹ کے ذریعہ ۵۰؍ سے زیادہ پہل کرنا ہے۔اسٹارٹ اپ کی مختلف پریشانیوں اور تجاویز کو سننے کے بعد گوئل نے تعاون کی کوشش کئے جانے کی اپیل کی۔
 میٹنگ میں کہا گیا کہ متعدد اسٹارٹ اپس کورونا مسائل کے مختلف حل تلاش کرنے، اس وبا کی روک تھام ، معاونت اور علاج و معالجے پر توجہ مرکوز کرنے کی سمت میں کام کررہے ہیں ۔ متعدد منصوبے مصنوعات کے آخری مراحل میں ہیں اور دیگرکو کچھ اور وقت لگے گا۔ ان منصوبوں تک رسائی ، فنڈنگ ، توثیق ، فروغ اور مدد کی ضرورت ہوگی۔مختلف سرکاری محکموں اور صنعتی یونینوں کی ایک مشترکہ کمیٹی ان کوششوں کا جائزہ لے رہی ہے۔شرکاء نے اجلاس میں موجود عہدیداروں کے سامنے اپنی مخصوص مشکلات پیش کیں ۔ اجلاس میں متعدد حل کی نشاندہی کی گئی اور فیصلہ کیا گیا کہ اسٹارٹ اپ برادری کی طرف سے کچھ مشوروں پر تفصیل سے غور کرنے کی ضرورت ہے۔ اسٹارٹ اپ کے نمائندوں نے اپنے وجود ، نقد کی کمی ، نقد کی بازار میں رسائی اور محصول سے متعلق مسائل ، مزدوری سے متعلق امور اور لاک ڈاؤن کی وجہ سے وینچر چلانے میں دیگر مشکلات وغیرہ کے بارے میں تشویش کا اظہار کیا۔
 اس میٹنگ کے بعد وزیر صنعت پیوش گوئل نے واضح کیا کہ ملک میں اسٹارٹ اپس کو فروغ دینے کے لئے حکومت نے اب تک جتنی بھی کوششیں کی ہیں وہ کامیاب نظر آرہی ہیں ۔ اسٹارٹ اپس کے ذریعے کورونا کی پریشانی دور کرنے کے لئے تیاریاں کرنا اور اس کا حل تلاش کرنے کی کوشش کرنا یہ ظاہر کرتا ہے کہ اسٹارٹ اپس کامیاب ہیں ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK