Inquilab Logo

بچپن کی شادیوں میں اضافے سے ریاستی خواتین کمیشن کوتشویش

Updated: December 06, 2021, 12:02 PM IST | Ayjaz Abdul Ghani | Kalyan

پریس کانفرنس میں چیئر پرسن نےکہا :جس گرام پنچایت کی حدود میں کم عمری کی شادی ہوگی ، وہاں کے سر پنچ اور جعلی اندراج کر نے والے افسر پر سخت کارروائی کی سفارش کی جائے گی

State Women`s Commission Chairperson Rupali Chakankar addressing a press conference..Picture:INN
ریاستی خواتین کمیشن کی چیئرپرسن روپالی چاکنکر پریس کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این

 مہاراشٹر کے دیہی علاقوں میں بچپن کی شادی کے  تیزی سے بڑ ھتےمعاملات پر سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے ریاستی خواتین کمیشن کی چیئر پرسن روپالی چاکنکر نے کہا کہ’’جس گرام پنچایت کی حدود میں’ بال وِ واہ‘( کم عمری کی شادی) ہوگا ، وہاں کے سر پنچ  اور جعلی اندراج کر نے والے افسر کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے اُنہیں بر خاست کر نے کی سفارش ریاستی حکومت سے کی گئی ہے۔‘‘ راشٹر وادی کانگریس پارٹی کے صدر دفتر میں منعقدہ پر وگرام میں ریاستی خواتین کمیشن کی چیئر پرسن نے سیکڑوں خواتین سے خطاب بھی کیا  لیکن  اس موقع پر بیشتر خواتین نے چہرے پر ماسک نہیں لگایا تھا  اور سماجی فاصلہ کے ضابطے کی بھی  دھجیاں اڑائی گئیں۔ یاستی خواتین کمیشن کی چیئر پرسن روپالی چاکنکر نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ مہاراشٹر میں بچپن کی شادی کے معاملات میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے ۔گزشتہ ایک سال میں محض شولا پور ضلع میں بچپن کی شادی کے ۱۰۵؍ معاملات کو روکا گیا ہے ۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک ضلع میں ۴۰۰؍سے ۵۰۰؍ بال وِواہ ہونے کی خبریں موصول ہورہی ہیں۔ اس سلسلہ میں عوامی نمائندوں کو آگے بڑھ کر اس غیر اخلاقی رسم کو روکنا ہوگا اور جس علاقے میں بال وِ واہ ہوگا، وہاں کے سر پنچ  اور شادی کا جعلی اندراج کر نے والے افسر کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جانی چاہئے۔ انہوں نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ آنے والے ودھان سبھا اجلاس میں ’ شکتی ایکٹ‘ منظور ہو جائے گا۔ انہوں مزید بتایا کہ خواتین کی حفاظت کیلئے صوبے کے محکمہ پولیس کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ خواتین کی حفاظت سے متعلق جاری کئے گئے ہیلپ لائن نمبروں پر آنے والی شکایات کو تر جیحی بنیاد پر حل کرنے کی کوشش کریں۔  اگرخواتین کے ساتھ کسی بھی قسم کی زیادتی ہو تو وہ درج ذیل ہیلپ لائن نمبروں پر رابطہ قائم کرسکتی ہیں۔ ان کی مدد کیلئے پولیس ۱۰؍ سے۱۵؍ منٹ میں جائے وقوع پر پہنچ جائے گی۔شہری علاقوں میں۱۰۹۱؍ ؍ اور دیہی علاقوں میں ۱۱۲؍؍ نمبر پر رابطہ قائم کیا جا سکتا ہے۔ 

mumbai Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK