Inquilab Logo

سری لنکا میں سیاحت کو بحال کرنے کی خاطر اقدامات، ۵؍ ارب ڈالر کی آمدنی کا ہدف

Updated: December 07, 2022, 10:54 AM IST | Colombo

وزارت سیاحت کا دعویٰ ہے کہ اس سال ملک میں آنے والے سیاحوں کی تعداد ۱۵؍ لاکھ ہو جائے گی، جس سے بڑے پیمانے پر زرمبادلہ حاصل ہو گا جس کی اس وقت سخت ضرورت ہے

Tourist arrivals down due to riots in Sri Lanka: File Photo
سری لنکا میں ہنگاموں کے سبب سیاحوں کا آنا کم ہو گیا تھا:فائل فوٹو

  جزیرہ نما ملک ، سری لنکا گزشتہ ۷؍ دہائیوںکے اب تک کے اپنے بدترین مالی بحران   سے دوچار ہے اور اس سے نمٹنے کے طریقے تلاش کر رہا ہے۔ اسی دوران  ملک کے وزیر سیاحت ہرین فر نانڈو نے گزشتہ دنوںکو کہا کہ امید ہے کہ اگلے سال سری لنکا میں سیاحوں کی آمد میں دو گنا اضافہ ہو گا اور ان کی تعداد ۱۵؍ لاکھ تک پہنچ جائے گی جس سے ملک کو ۵؍ ارب ڈالر کا اہم غیر ملکی زرمبادلہ حاصل ہو گا جس کی ملک کو اس وقت اشد ضرورت ہے۔
  یاد رہے کہ ۲؍ کروڑ ۲۰؍لاکھ آبادی والا ملک، جو اپنے ساحلوں، قدیم مندروں اور خوشبودار چائے کیلئے شہرت رکھتا ہے، زرمبادلہ کی کمی کی وجہ سے ایندھن، خوراک اور ادویات کی ضروری درآمدات کی ادائیگی کیلئے مہینوں سے جدوجہد کر رہا ہے۔کولمبو میں صحافیوں سے باتیں کرتے ہوئے ، وزیر سیاحت فرنانڈو نے کہا کہ سیاحت سری لنکا کی معاشی بحالی میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے اور اگلے سال کیلئے ہمارا مقصد یہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اس سال کے اختتام تک سیاحوں کی آمد ساڑھے ۷؍ لاکھ تک پہنچ جائے گی جس سے تقریباً۲؍ ارب ڈالر کی آمدنی ہو گی۔ ان کی وزارت کا ہدف بڑی تعداد میں سیاحوں کو اپنے ملک کی جانب راغب کرنا اور ۲۰۲۳ء میں نئی مصنوعات متعارف کروانا ہے۔  یاد رہے کہ سری لنکا کے پوری طرح دیوالیہ ہو جانے کےبعد یہاں عوامی احتجاج شروع ہو گئے تھے جس کی وجہ سے سیاحت میں کمی آئی تھی بلکہ جو غیر ملکی افراد یہاں موجود تھے وہ بھی ملک سے رخصت ہو گئے۔ اب حکومت کی کوشش ہے کہ وہ کسی طرح ان سیاحوں کی دوبارہ یہاں آمد کے اقدامات کرے۔  
 بجلی کی بحالی 
  اس دوران سری لنکا کی وزیر توانانی کنچنا وجےشیکھرانے   کہا ہے کہ سیاحتی علاقوں میں رات کے وقت بجلی کی کٹوتی کو ختم کیا جارہا ہے کیونکہ سال کے شروع میں ۱۳؍ گھنٹوں تک بجلی کی کٹوتی جاری رکھنے سے بجلی کی فراہمی کی مجموعی صورتحال بہتر ہوئی ہے۔ ۲۰۲۲ء کے وسط میں عین اس وقت جب کورونا وائرس  سے ملک نجات حاصل کر رہا تھا اور کاروباری سرگرمیاں بحال ہو رہی تھیں ، ملک میں احتجاج شروع ہو گئے جو مہینوں تک جاری رہے۔ مظاہروں، سیاسی ہنگاموں کے ساتھ بجلی کی کٹوتی اور ایندھن کی قلت کے سبب لگنے والی قطاروں نے سری لنکا میں سیاحت کو برباد کر دیا۔سابق وزرا کے مطابق، گزشتہ دو سال میں سیاحت کی آمدنی میں اندازاً چار ارب ڈالر کے نقصان نے بھی سری لنکا کو مالی بحران میں دھکیلنے میں اہم کردار ادا کیا۔سری لنکا نے ستمبر کے اوائل میں بین الاقوامی مالیاتی فنڈ آئی ایم ایف کے ساتھ ،دو ارب ڈالر سے زیادہ کے بیل آؤٹ پیکیج کیلئے ایک ابتدائی معاہدے پر دستخط کیلئےتھے، لیکن ادائیگی شروع ہونے سے پہلے اسے نجی اور باہمی قرض دہندگان، بشمول بھارت، چین اور جاپان سے پیشگی مالیاتی یقین دہانی حاصل کرنی ہوگی۔

sri lanka Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK