Inquilab Logo

راجیہ سبھاالیکشن کیلئے ہلچل تیز، آج نامزدگی کا آخری دن

Updated: May 31, 2022, 10:05 AM IST | Agency | New Delhi

کانگریس کو۱۰؍ لیڈروں کی آخری فہرست کے اعلان کے ساتھ ہی باغیانہ تیوروں کا سامنا، بی جےپی نے ۱۸؍ ناموں کی لسٹ جاری کی، مختار عباس نقوی اور جاؤڈیکر کے نام غائب

P Chidambaram filing papers for the Rajya Sabha elections at the Tamil Nadu Secretariat.Picture:PTI
پی چدمبرم تمل ناڈو سیکریٹریٹ میں راجیہ سبھا الیکشن کیلئے پرچہ داخل کرتے ہوئے۔ تصویر: پی ٹی آئی

اتر پردیش، مہاراشٹر، تمل ناڈو، بہار، آندھرا پردیش ،راجستھان اور دیگر ریاستوں سے  خالی ہونے والی راجیہ سبھا کی ۵۷؍ نشستوں کیلئے  ۱۰؍ جون کے الیکشن کیلئے  منگل کو پرچہ نامزدگی داخل کرنے  کے آخری دن سے قبل ہلچل تیزہوگئی ہے۔ ایک طرف جہاں کانگریس نے پیر کو اپنے ۱۰؍ امیدواروں کی آخری فہرست جاری کی تووہیں  بی جےپی  نے ۱۸؍ امیدواروں  کے ناموں کا اعلان  کیا ہے۔ کانگریس  میں پیر کو فہرست جاری ہوتے ہی  ان لیڈروں کی جانب سے ناراضگی کی آوازیں  بلند ہونے لگیں جو انتخابی فہرست میں جگہ نہیں بنا پائے۔دوسری جانب بی جےپی میں بھی کچھ لیڈروں میں مایوسی کی کیفیت ہے۔ 
؍۱۵؍ ریاستوں سے ۵۷؍ ارکین کا انتخاب
  ۱۰؍ جون کو ملک کی ۱۵؍ ریاستوں کے اراکین اسمبلی  راجیہ سبھا کیلئے ۵۷؍ اراکین کا انتخاب کریں گے۔ سب سے زیادہ ارکین یوپی سے (۱۱) منتخب ہوں گے جہاں بی جے پی ۸؍ سیٹوں کو جیت سکتی ہے۔ راجیہ سبھا میں یوپی سے ۳۱؍ اراکین ہیں  جن میں سے   جون اور اگست کے بیچ۱۱؍ سیٹیں خالی ہوں گی۔  دوسرے نمبر پر مہاراشٹر  اور تمل ناڈو ہیں  جہاں  سے ۶۔۶؍ ایم پی منتخب ہوں گے۔ بہار سے ۵، راجستھان ، آندھرا  اورکرناٹک سے۴۔۴، مدھیہ پردیش اور ادیشہ سے ۳۔۳ ، پنجاب، ہریانہ، جھارکھنڈ ،تلنگانہ  اور چھتیس گڑھ سے ۲۔۲ ؍ جبکہ اتراکھنڈ سے  ایوان بالا کے کیلئے ایک رکن  منتخب ہوگا۔
کس کو کتنی سیٹیں ملیں گی
 اتر پردیش کی ۱۱؍ نشستوں میں سے ۷؍ نشستیں بی جےپی آسانی سے جیت لے گی جبکہ آٹھویں کیلئے اسے مقابلہ کرنا پڑے گا جبکہ ۳؍ سیٹیں سماجوادی پارٹی کے حصے میں آئیں گی۔  مہاراشٹر کی ۶؍ نشستوں میں سے ۳؍ سیٹیں  مہاوکاس اگھاڑی کے حصے میں آئیں گی جبکہ ۲؍ سیٹیں بی جےپی کو ملیں گی۔ چھٹی سیٹ کیلئے  مقابلہ آرائی کی کیفیت ہوگی۔  تمل ناڈو میں  ڈی ایم کے اور کانگریس ۴؍ سیٹیں جیتیں گے جبکہ ۲؍ سیٹیں اے آئی اے ڈی ایم کے کے کھاتے میں جائیں گی۔ بہار میں ۲؍ سیٹیں آر جے ڈی کے حصے میں آئی ہیںجبکہ ۳؍ سیٹیں بی جےپی اورجے ڈی یو کو ملیں گی۔ کرناٹک کی ۴؍ سیٹوں میں سے ۲؍ سیٹیں کانگریس کو ملیں گی۔ 
کانگریس کو ناراضگی اورباغیانہ تیوروں کا سامنا 
 کانگریس نے  پیر کو راجیہ سبھا کیلئے ۱۰؍ ناموں کا اعلان کیا ۔ ان میں  پی چدمبرم، جے رام رمیش، وویک تنکھا اور عمران پرتاپ گڑھی کے نام قابل ذکر ہیں جنہوں نے پیر کو ہی  پرچہ نامزدگی بھی داخل کردیا۔  بہرحال امیدواروں  کے ناموں کے اعلان  کے ساتھ ہی پارٹی میں ناراضگی کی آوازیں  بلند ہونے لگی ہیں۔ مہاراشٹر سے عمران پرتاپ گڑھی کو راجیہ سبھا کا امیدوار بنائے جانے پر کانگریس کی لیڈر نغمہ اور پون کھیڑا نے اپنی ناراضگی کااظہار کیا اور طنزیہ انداز میں کہا کہ ’’شاید ہماری تپسیا میں ہی کوئی کمی رہ گئی۔‘‘نغمہ نے بطور خاص عمران پرتاپ گڑھی کو امیدوار بنانے پر حیرت کا اظہار کیا اور صلاحیتوں کو دبانے کا الزام لگایا۔ 
  کانگریس نے راجستھان سے رندیپ سرجے والا ،مکل واسنک  اور پرمود تیواری کو امیدوار بنایا ہے  ۔ چھتیس گڑھ سے اس نے راجیو شکلا اور رنجیت رنجن کو امیدوار بنایا ہے۔ کانگریس  کے لیڈر اپنی قیادت کواس بات کیلئے بھی نشانہ بنارہے ہیں کہ راجستھان کی چار سیٹوں  کیلئے تمام  امیدوار ریاست سے  باہر  کے ہیں۔   وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت  کے مشیر اور سروہی سے آزاد ایم ایل اے سنیام لودھا نے سوال کیا ہے کہ راجستھان کے کسی  لیڈر اور کارکن کو راجیہ سبھا انتخابات میں امیدوار نہ بنانے کی کیا وجہ ہے۔
   بی جےپی کی لسٹ سے وزیر غائب
 بی جےپی نے اپنے ۱۸؍ امیدواروں کی فہرست جاری کردی ہے تاہم زعفرانی پارٹی میں  بھی  بے چینی پھیلی ہوئی ہے۔اس نے مرکزی وزیر نرملا سیتارمن کوکرناٹک سے  اور یپوش گوئل کو مہاراشٹر سے  امیدوار تو بنایا ہے مگر اقلیتی امور کے وزیر مختار عباس کا نام اس فہرست میں شامل نہیں  ہے ۔اسی طرح سابق وزیر پرکاش جاؤڈیکر کا نام بھی غائب ہے۔ مختار عباس نقوی راجیہ سبھا میں  جھارکھنڈ کی نمائندگی کررہے تھے۔ قیاس کی  جارہا ہے کہ لوک سبھا کی سیٹ سے اعظم خان کے استعفیٰ  کے بعد  بی  جےپی مختار عباس نقوی کو وہاں سے اپنا امیدوار بنانے کا ارادہ رکھتی ہے۔ او پی ماتھر، دشینت گوتم اور ونئے سہاشتر بدھے جیسے لیڈروں کو دوبارہ موقع دیاگیاہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK