Inquilab Logo

آسام میں طوفان اورسیلاب ،۲۵؍ ہزار سے زائد متاثر

Updated: May 16, 2022, 11:52 AM IST | Agency | Guwahati

ضلع دیما ہساؤ میںسب سےزیادہ تباہی،فوج کے جوانوں نے سنیچر کی رات کچھار ضلع کے بالیچرا اور برکھولا کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں بچاؤ آپریشن انجام دیا، متعددپہاڑی مقامات پر چٹانیں کھسکنے کے واقعات،۳؍ کی موت ،کئی ٹرینیں منسوخ ،ادھر کیرالا میںشدید بارش کے پیش نظر چیف سیکریٹری نےہدایات جاری کیں

Mibang Tunnel in Dima Hasao District.Picture:INN
ضلع دیما ہساؤ کی میبانگ سرنگ ۔ تصویر: آئی این این

آسام میں مسلسل بارش کے بعد ضلع  دیما ہساؤ کے کئی علاقے زیر آب آگئے ہیں۔یہاں سیلاب سے معمولات  زندگی شدید متاثر ہوئے ہیںجبکہ ۲۵؍ ہزار سے زائد افراد کے متاثر ہونے کی اطلاع ہے۔ سیلاب کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ فوج کے جوانوں نے سنیچر کی رات کچھار ضلع کے بالیچرا اور برکھولا کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بچاؤ آپریشن  انجام دیا۔ اس دوران سیلاب میں پھنسے کئی لوگوں کو بحفاظت نکال لیا گیا۔آسام میں طوفان ’اسانی‘ کے آغاز کے بعد سے مسلسل بارش  جاری ہے۔ یہاں کے کئی  اضلاع میں پانی جمع ہوگیا ہے۔ بارش اور پانی جمع ہونے سے ہزاروں لوگ بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ کئی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔دیما ہساؤ میںچٹانیں کھسکنے کے واقعات میںتین افراد کی موت ہوئی ہے۔
ٹرینیں منسوخ
  ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھاریٹی نے اس حوالے سے رپورٹ جاری کر دی ہے۔ اس کے مطابق دیما ہساؤ میں گزشتہ چند دنوں سے بارش کی وجہ سے نظام زندگی بری طرح متاثر ہے۔ لوگوں کو طرح طرح کے مسائل کا سامنا ہے۔کئی ٹرینوں کو منسوخ کیا گیا ہے۔ بارش اور چٹانیں کھسکنے کی وجہ سے شمال مشرقی سرحدی ریلوےکے لمڈنگ-بدر پور سیکشن میں کئی ٹرینیں منسوخ کردی گئی ہیں۔ ریلوے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ لمڈنگ ڈویژن کے لمڈنگ-بدر پورکے پہاڑی علاقوں میں شدید بارش کی وجہ سے  چٹانیں کھسکنے کی وجہ سے پانی جمع ہوگیا۔ اس کے پیش نظر کئی ٹرینوں کوکلی یا جزوی طور پر منسوخ کر دیا گیا ہے۔
رہائشی عمارتوں کو بھاری نقصان 
 ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھاریٹی کی رپورٹ کے مطابق دیما ہساؤ میں گزشتہ چند دنوں سے ہونے والی بارش کے باعث  کئی رہائشی اور تجارتی عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے۔ ڈپٹی کمشنر ناظرین احمد نے ایک ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے لوگوں سے کہا ہے کہ وہ سفر سے گریز کریں کیونکہ شدید بارش کے باعث چٹانیں کھسکنے کے واقعات ہوئے ہیں  اور کئی مقامات پر  ہونے کا اندیشہ  ہےجس سے سڑکوں کی حالت مزید خراب ہو گئی ہے۔
کیرالا میں شدید بارش کے پیش نظر ریڈ،آرینج ،یلو الرٹ
  اس دوران کیرالا کے چیف سیکریٹری ڈاکٹر وی پی جوئے  نے ریاست میں اگلے تین دن شدید بارش کی پیش گوئی کے بعد یہاں کے مختلف ضلعوں میں ریڈ،آرینج اور یلو الرٹ جاری کیا ہے اور سبھی ڈسٹرکٹ مجسٹریٹس کو اپنے اپنے اضلاع میں احتیاطی اقدام کرنے کی ہدایت دی ہے۔چیف سیکریٹری  نےسنیچر کی شام  بلائی گئی ایک ہنگامی میٹنگ میں کہا کہ تودے گرنے اور سیلاب کے خدشے  والے علاقوں سے لوگوں کو نکالا جانا چاہئے۔ضرورت پڑے تو کیمپ بھی شروع کئے جاسکتے ہیں۔ان علاقوں میں کھانا اور پینے کے پانی سمیت بنیادی سہولیات یقینی بنائی جانی چاہئے۔‘‘ذرائع نے بتایا کہ تودے گرنے اور سیلاب کے خدشے والے علاقوں میں خصوصی الرٹ سسٹم قائم کیا گیا ہے۔ریاست میں کنٹرول روم۲۴؍ گھنٹے  کام کررہے ہیں۔

assam Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK