Inquilab Logo

غریب ،کسان ،مزدور اور آئین مخالف پالیسیوں کیخلاف زبردست احتجاج

Updated: November 27, 2020, 9:33 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Dadar

بائیں بازو کی پارٹی کے کارکنان نے دادر اور مالونی میں حکومت مخالف نعرے لگائے ، یوم آئین کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت عوام کیلئے نہیں اڈانی اور امبانی کیلئے چل رہی ہے اور آئین کی دھجیاں بکھیری جارہی ہیں

Protest against Modi Government - Pic : Inquilab
مودی حکومت کیخلاف احتجاج ۔ تصویر : انقلاب

حکومت کی عوام مخالف ، کسان اور‌ مزدور مخالف اور آئین مخالف پالیسیوں کے خلاف اور کسانوں کی حمایت میں لیفٹ پارٹی کے کارکنان اور عہدیداران نے مالونی گیٹ نمبر ایک فائر بریگیڈ کے سامنے اور دادر میں کوتوال گارڈن پلازہ سنیما کے پاس احتجاج کیا اور حکومت کے خلاف نعرے  لگائے۔ مظاہرین ہاتھوں میں تختیاں اور پلے کارڈز اٹھائے ہوئے تھے جن پر نجکاری کی مخالفت ، کسانوں اور مزدوروں کی حمایت والے نعرے لکھے ہوئے تھے۔
 دادر میں‌احتجاج کے دوران سی پی آئی ممبئی کے سیکریٹری پرکاش ریڈی نے کہاکہ ’’مودی حکومت عوام کیلئے نہیں صرف اڈانی اور امبانی کیلئے کام کررہی ہے۔ کسان نئے قوانین کی مخالفت کررہا ہے اور وہ حق پر ہے،  اس کے باوجود یہ حکومت طاقت کے نشے میں چور ہے اور ان کی بات سننے کو تیار نہیں لیکن‌ مودی حکومت کو یہ سمجھ لینا چاہئے کہ اقتدار پر بٹھانے والے عوام  اسے اپنی طاقت سے اکھاڑ پھینکیں گے اور اس کی اوقات بتادیں گے۔‘‘  انہوں نے یہ بھی کہا کہ’’ آج ’سمویدھان دِوس‘ ہے لیکن یہ حکومت آئے دن‌ آئین کی دھجیاں بکھیر رہی ہے اور گمراہ کرتے ہوئے یہ بھی باور کروانے کی کوشش کرتی ہے کہ وہ آئین کے اصولوں کے مطابق کام کرتی ہے لیکن یہ ڈرامہ زیادہ دن نہیں‌ چلے گا اور احتجاج  کا یہ سلسلہ تھمنے کے بجائے مزید شدت اختیار کرے گا۔‘‘
 بھارت بچاؤ آندولن کے رکن فیروز میٹھی بور والا نے کہا کہ ’’غریب اور مزدوروں کی دشمنی میں یہ سرکار رات دن‌ ایک کئے ہوئے ہے اور مزدوروں‌ اور کسانوں کے مسائل حل کرنا‌ تو دور، ان‌ سے مسائل پر بات چیت کے لئے بھی تیار نہیں ہے لیکن‌حکومت کو یاد رکھنا  چاہئے کہ عوام‌کی طاقت کے آگے اسے آج نہیں تو کل جھکنا  ہی ہوگا۔‘‘
 نامن بھسین نے کہا کہ ’’ملک کے حالات دگرگوں ہیں اور معیشت دم‌توڑ چکی ہے لیکن‌حکومت‌ حقیقت بیان کرنے کے بجائے صرف بیان بازی اور عام آدمی کو گمراہ کررہی ہے ۔ اس لئے ہر ہندوستانی کا حالات سے باخبر رہنا اور اپنے حق اور ملک کے مفاد میں آواز بلند کرنا ضروری ہے۔‘‘
 مالونی میں احتجاج کرتے ہوئے رئیس شیخ نے کہا کہ ’’حالات نے اب یہاں تک پہنچا دیا ہےکہ عام آدمی آئین بچانے، ملک بچانے ، کسانوں کو بچانے کیلئے  سڑک پر اترنے پر مجبور ہے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ حکومت اپنی روش بدلے اور کسان مخالف قانون واپس لے ۔‘‘
  ابراہم‌ تھامس نے کہا کہ مودی حکومت غریب ، کسان، سمویدھان اور مزدور مخالف ہے اور صرف جھوٹے پروپیگنڈے کے ذریعے عوام کو گمراہ کیا جارہا ہے۔ جو بھی سچائی بیان کرتا ہے، حکومت پر تنقید کرتا ہے  اسے ای ڈی، سی بی آئی اور دیگر ایجنسیوں کے ذریعے ڈرایا جاتا ہے تاکہ حکومت کے خلاف تمام آوازوں کو دبا دیا جائےلیکن یہ ہتھکنڈے زیادہ دنوں تک نہیں چلتے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK