Inquilab Logo

طلبہ نے کورونا وائر س کی وجہ سے اپنا ایک تعلیمی سال کھو دیا مگر بہت کچھ سیکھ بھی لیا‘

Updated: April 08, 2021, 10:29 AM IST | New Delhi

پریکشا پر چرچا‘ میں وزیراعظم نے طلبہ کو امتحان سے ڈرنے کے بجائے انہیں سیکھنے کا ایک موقع سمجھنے کی تلقین کی ، اساتذہ اور والدین کو دباؤ نہ ڈالنے کی نصیحت

Prime Minister Narendra Modi. photo midday
وزیراعظم نریندر مودی۔ تصویر:مڈڈے
بورڈ امتحان سے قبل طلبہ سے ’’پریکشا پر چرچا‘‘ کرتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی نےا نہیں امتحان  سے ڈرنے کے بجائے انہیں اپنے لئے کچھ سیکھنے کا موقع سمجھنے کی تلقین کی۔ اس کے ساتھ ہی کورونا کے سبب طلبہ کا پورا ایک سال ضائع ہونے کا بھی وزیراعظم  نے حوالہ دیا۔ البتہ اسے مثبت انداز میں پیش کرتے ہوئے انہوں نےکہا  ہے کہ ’’جہاں ہم یہ کہہ سکتے ہیں کہ طلبہ نے اپنی زندگی کا ایک سال کووڈ -۱۹؍ کی وجہ سے گنوادیا ہے وہیں یہ بھی حقیقت ہے کہ اس وبا کی وجہ سےانہوں نے کئی اہم سبق سیکھے بھی ہیں۔‘‘ انہوں  نے کہا کہ اس دوران دیگر لوگوں کی طرح طلبہ نے بہت سی ضروری چیزوں کی اہمیت کو سمجھا ہے۔ 
وزیراعظم نےکہا  ہے کہ ’’اس وبا نے ہمیں سکھایا ہے کہ غیر متوقع پریشانی  سے کیسے مقابلہ کیا جائے۔لوگوں کو یہ احسا س ہوگیا ہے کہ جو چیزیں انہیں حاصل ہیں انہیں کمتر نہ جانیں بلکہ ان کی اہمیت کو سمجھیں۔ مثال کے طور پر معمول کے مطابق اسکول جانے اور دفتر میں حاضر ہونے کی اہمیت بھی اس وبا نے ہمیں سمجھا دی ہے۔‘‘ 
وزیراعظم کے مطابق’’حالانکہ کورونا کی اس وبا نےہمیں ایک دوسرے سے دور رہنے پر مجبور کیامگر اس کی وجہ سے خاندانی رشتے اور بھی زیادہ مضبوط ہوئے ہیں۔‘‘ نریندر مودی نے قبول کیا کہ ’’ہم نے اس وبا میں بہت کچھ کھودیا ہے ۔‘‘ مگر احساس دلایا کہ ’’ہم نے بہت کچھ پایا بھی ہے۔ کورونا نےہمیں جو سب سے بڑا سبق سکھایا ہے وہ یہ ہے کہ اس وبا کے دوران آپ جن چیزوں اور لوگوں سے محروم  رہے یا دور رہے،ان کی آپ کی زندگی میں اہمیت کا آپ کو احساس ہوگیا۔‘‘ اس کے ساتھ ہی وزیراعظم نے بورڈ امتحان کیلئے بچوں کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور اساتذہ نیزوالدین کو نصیحت کی کہ وہ طلبہ پر امتحان کا غیر ضروری دباؤ نہ ڈالیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK