Inquilab Logo

ویب سائٹ کریش ہونے کے سبب طلبہ رزلٹ کیلئے دن بھر پریشان

Updated: July 17, 2021, 12:06 AM IST | Mumbai

حکام کے مطابق ایک ساتھ لاکھوں طلبہ کے ویب سائٹ اوپن کرنے کے سبب یہ مسئلہ پیش آیا۔ وزیرتعلیم کی انکوائری کی یقین دہانی

Many students have not been able to see their results so far. Picture:INN
کئی طلبہ اب تک اپنا رزلٹ نہیں دیکھ سکے ہیں۔تصویر :آئی این این

 مہاراشٹر اسٹیٹ بورڈ آ ف سیکنڈری اینڈ ہائر سیکنڈری ایجوکیشن پونے  نے ۱۶؍جولائی کی دوپہر ایک بجے ایس ایس سی رزلٹ جاری کرنےکا اعلان کیاتھامگر بورڈ کی ویب سائٹ کے ہینگ اور کریش ہونے سے  تقریباً ساڑھے ۱۶؍ لاکھ طلبہ پریشان ہوئے ۔  طلبہ کو اپنا رزلٹ نہ دیکھ پانے کا ملال تھا جس کی وجہ سے متعدد طلبہ نے بورڈ کے خلاف سوشل میڈیاپر اپنی شکایت اور مایوسی درج کروائی ہے ۔  سینی کمار نامی ایس ایس سی کےطالب علم نے ٹویٹر پرشکایت کیکہ ایک بجے سے متواتر ۲؍ گھنٹے تک متعلقہ ویب سائٹ پر رزلٹ دیکھنےکی کوشش کی لیکن ویب سائٹ کے کام نہ کرنے سے رزلٹ نہیں دیکھ سکاہوں۔‘‘ سینی کمار نےمہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ اُدھوٹھاکرے اور وزیر تعلیم ورشاگائیکواڈ سےبھی اس کی شکایت کی ہے۔ آشیش یادونامی طالب علم نے بھی ٹویٹر کےذریعے وزیر اعلیٰ ، نائب وزیر اعلیٰ اور وزیر تعلیم سے اس معاملہ کوجلدازجلد حل کرنے کی اپیل کی  ۔کرلاکی بال مندر ودیالیہ کے ٹیچراور واشی بورڈ کے کائونسلر جیونت کلکرنی نےکہاکہ ’’ بورڈ نے جلد باز ی میں رزلٹ جاری کرنے کا اعلان تو کر دیا لیکن پختہ تیاری نہیں کی جس کی وجہ سے یہ مسئلہ  پیش آیا۔‘‘ انہوں نے کہا’’ اس سے ایس ایس سی کےلاکھوں طلبہ پریشان ہوئے ۔ میرے اسکول کے ایس ایس سی کے ڈیڑھ سو طلبہ وہاٹس ایپ گروپ میں متواترمیسج کرکے رزلٹ کے بارےمیں دریافت کررہےہیں لیکن جب ہمیں ہی کچھ نہیں معلوم ہے تو ہم بچوں کو کیابتائیں ۔‘‘ انہوں نے شکایت کی کہ’’ ایک تو طلبہ ویسے بھی ذہنی دبائو میں مبتلا ہیں دوسرے وقت پر رزلٹ نہ ملنے سے ان کی پریشانی اور بڑھ گئی ہے جس کیلئے بورڈ ذمہ دارہے۔‘‘  واشی بورڈ کے کائونسلر مرلی دھر مورے نے کہاکہ’’مجھے ممبئی کے علاوہ دیگراضلاع سے طلبہ کےمتواتر فون آرہےہیں۔ میں نے پونے بورڈ کے لینڈ لائن اور ہیلپ لائن پر فون لگایاتو تمام نمبربند آرہے ہیں۔ایسےمیں طلبہ کو کیا جواب دیاجائے ۔ حتیٰ کہ متواتر فون سے پریشان ہوکر میں نے بھی فون بند کردیا۔‘‘  اس ضمن میں استفسارکرنےکیلئے ایس ایس سی بورڈ کے چیئرمین دینکر پاٹل سے موبائل پر رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی مگر انہو ںنے فون ریسیو نہیں کیا۔قبل ازیں ۴؍بجکر ۳۸؍منٹ پر انہوںنے سوشل میڈیاپر یہ اطلاع دی تھی کہ’’ طلبہ کی تعداد کے پیش نظر تمام تراحتیاطی تدابیر کے ساتھ رزلٹ جاری کرنے کی تیاری کی گئی تھی  اس کےباوجود نہ معلوم کیسے سرور کریش ہوگیا۔ ہم ٹیکنیکل ٹیم کے ساتھ متو اتر رابطے میں ہیں۔ اُ مید ہےکہ آئندہ ۳۰؍منٹ میں ویب سائٹ کام کرنے لگے گی۔‘‘ ۴؍بجکر ۵۱ ؍منٹ پر مذکورہ سائٹ صرف ایک منٹ کیلئے شروع ہوئی اور ۴؍بجکر ۵۲؍منٹ پر دوبارہ بندہوگئی۔ اس کےبعدبھی کچھ دیر کیلئے سست رفتاری سے ویب سائٹ کے جاری ہونے کی اطلاع ملی ہے۔ مگرپوری طرح ویب سائٹ فعال نہیں ہوئی تھی۔  سوشل میڈیاپر ایس ایس سی بورڈ کی جانب سے جاری بیان کےمطابق ’’ ایک ساتھ لاکھوں طلبہ رزلٹ دیکھنےکی کوشش کررہے تھے جس کی وجہ سے بورڈ کی ویب سائٹ ہینگ اور کریش ہو گئی۔  ویب سائٹ کو درست کرنےکا کام جاری ہے ۔ طلبہ جلد ہی رزلٹ دیکھ سکیں گے۔‘‘دریں اثناء وزیر تعلیم ورشاگائیکواڈ نے ویب سائٹ کو بحال کرنےکی ہدایت جاری کرتے ہوئےطلبہ کو تسلی دی ہےکہ ویب سائٹ جلد ہی ٹھیک ہوجائے گی ۔انہوںنے  کہاکہ ایک وقت میں لاکھوں طلبہ کے ایک ساتھ رزلٹ دیکھنےکی کوشش کی وجہ سے ویب سائٹ کے کریش ہونےکی بات سامنے آئی ہے۔ اس کے باوجود اس معاملہ کی انکوائری کی ہدایت  دی گئی ہے ۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK