Inquilab Logo

دھولیہ میں ’بھارت بند ‘ کو کامیاب بنانے کیلئے مختلف تنظیموں کی حمایت

Updated: January 29, 2020, 11:24 AM IST | Correspondent | Dhulia

سی اے اے،این آر سی اوراین پی آر جیسے متعصب قانون کو مسلط کرنے والی مودی حکومت کے اڑیل رویے کے خلاف مولاناخلیل الرحمان سجاد نعمانی، وامن مشرام اور دیگر سرکردہ افراد کی تشکیل کردہ بہوجن کرانتی مورچہ کی جانب سے ۲۹؍ جنوری۲۰۲۰ء کو ’بھارت بند‘ کا اعلان کیا گیا ہے۔

آج بھارت بند ۔ تصویر : آئی این این
آج بھارت بند ۔ تصویر : آئی این این

 دھولیہ : سی اے اے،این آر سی اوراین پی آر جیسے متعصب قانون کو مسلط کرنے والی مودی حکومت کے اڑیل رویے کے خلاف مولاناخلیل الرحمان سجاد نعمانی ،وامن مشرام اور دیگر سرکردہ افراد کی تشکیل کردہ بہوجن کرانتی مورچہ کی جانب سے ۲۹؍ جنوری۲۰۲۰ء کو ’بھارت بند‘ کا اعلان کیا گیا ہے۔  اس بند کو مکمل طور پر کامیاب بنانے کیلئے مختلف مسالک کے علمائے کرام  اور مکاتب فکرکے ذمہ داران کی تشکیل کردہ شہر کی سنویدھان بچائو سمیتی کے علاوہ دیگر ملی،سماجی،تعلیمی تنظیموں نے تائید و حمایت دینے کا نہ صرف اعلان کیا ہے بلکہ بند کو سو فیصد کامیاب بنانے کیلئے اہالیان شہر سے بالخصوص مسلمانوں سے اپیل کی ہے۔
 اس ضمن میں سنویدھان بچائو سمیتی کے ذمہ داران نے متحدہ طورپر اعلان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ظلم کے خلاف آواز بلند کرنا اور اس مقصد کیلئے جو آواز اٹھے، اس کو قوت پہنچانا ہمارے لئے ضروری ہے۔فی الحال موجودہ حکومت سی اے اے ،این آر سی  اوراین پی آر کے ذریعے ظلم ڈھانے کی سازش رچ رہی ہے ۔اس ظالم حکومت کی ناپاک سازشوں کو ناکام کرنے اور ظلم کے خلاف آواز اٹھانے کیلئے بہوجن کرانتی مورچہ کی جانب سے ’بھارت بند‘ کا اعلان کیا گیا ہے۔اس میں شریک ہوکر اس کو سوفیصد کامیاب بنائیں۔سمیتی کے ذمہ داران نے شہریوں سے اپیل میں کہا کہ اپنی دکانیں بند رکھیں، دیگر ملازمین اور مزدور طبقہ بھی کام پر نہ جا کر اس ظلم کے خلاف آواز اٹھانے میں بھر پور تعاون کریں کیونکہ ہمارا یہ متحدہ اقدام ہماری دینی  اورملی بیداری اور ملک سے قوم و ملت سے اور مظلوموں سے محبت  کیلئے ضروری ہے۔ معلوم ہوکہ بہوجن کرانتی مورچہ کےاعلان میں شامل ہونے کیلئے سنویدھان بچائو سمیتی، پاورلوم اسو سی ایشن،ساروجنک بازار،بدھ بازار،آٹو رکشا،چھوٹے بڑے کرانہ دکان ،بیف مارکیٹ،لوہا بازار اورمیڈیکل اسٹورس کے علاوہ دیگر کاکاروبار کو بند رکھ کر ،اس احتجاجی بند کی حمایت کا اعلان کیاہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK