Inquilab Logo

سپریم کورٹ سے باغیوں کو راحت، مہاراشٹر سرکار اور نائب اسپیکر کو نوٹس

Updated: June 28, 2022, 12:30 AM IST | Mumbai

جلد بازی سے گریز کا مشورہ، ۱۶؍ اراکین کو نااہل قرار دینے کی کارروائی پر ۱۲؍ جولائی تک روک، باغی خیمے میں خوشی کی لہر، ایکناتھ شندے نے اسے ’’بال ٹھاکرے کے ہندوتوا ‘‘کی جیت قرار دیا

Rebel assembly members with their leader Eknath Shinde at a hotel in Guwahati. (Photo: PTI)
گوہاٹی کے ہوٹل میں  باغی اراکین اسمبلی اپنے لیڈر ایکناتھ شندے کے ساتھ ۔ (تصویر: پی ٹی آئی)

 گوہاٹی میں خیمہ زن شیوسینا کے باغی اراکین اسمبلی کو پیرکو سپریم کورٹ سے بڑی راحت مل گئی۔ کورٹ  نے  ایکناتھ شندے سمیت ۱۶؍ اراکین کو ان کی نااہلی کے نوٹس پر جواب دینے کیلئے ۱۲؍ جولائی تک کا وقت دے دیا ہے۔اس کے ساتھ ہی عدالت نے   ایکناتھ شندے کی پٹیشن پر مہاراشٹر حکومت، نائب اسپیکرنرہری زروال، سینا کے چیف وہپ سنیل پربھو اورقانون ساز پارٹی کے  لیڈر اجے چودھری کو نوٹس جاری کردیاہے۔ 
 عدالت نے اس معاملے کی سماعت کیلئے ۱۱؍ جولائی کی تاریخ طے کرتے ہوئے  اسپیکر کو ۱۶؍ اراکین کو نااہل قراردینے کی شیوسینا کی سفارش پر  ۱۲؍ جولائی تک کوئی فیصلے نہ کرنے کی ہدایت دی ہے۔ کورٹ کے مطابق’’جلد بازی ناپسندیدہ فیصلوں کی وجہ بن سکتی ہے۔‘‘ تمام فریقین کو ۵؍ دنوں  کے اندر اندر جوابی حلف نامے داخل کرنے کیلئے کہاگیاہے۔ شندے خیمہ نے اسے اپنی بڑی  فتح قراردیاہے۔اس کی وجہ سے نااہلی کے نوٹس پر جواب دینے کیلئے اس خیمے کے اراکین  کو مزید ۳؍دنوں کا وقت مل گیا ہے ورنہ  پیر کو شام ساڑھے ۵؍ بجے تک جواب نہ دینے پر ان کے خلاف کارروائی ہوسکتی تھی۔ 
 اس کے ساتھ ہی کورٹ نے نائب اسپیکر کے خلاف عدم اعتماد کا نوٹس خارج کئے جانے پر بھی سوال اٹھایا ہے۔ کورٹ نے پوچھا ہے کہ نائب اسپیکر اپنے خلاف کسی معاملے پر خود ہی جج کیسے ہوسکتے ہیں۔ کورٹ کا اعتراض تھا کہ انہوں  نےاپنے خلاف دیئے گئے عدم اعتماد کے نوٹس کو خود ہی مسترد کردیا۔ اس کے ساتھ ہی کورٹ نے تمام باغی اراکین کو ضروری سیکوریٹی فراہم کرنے کی ہدایت دی۔  ایکناتھ شندے نے عدالت کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے ’’بالاصاحب کے ہندتوا کی فتح‘‘ قرار دیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK