Inquilab Logo

شرد پوار اورجیوترادتیہ سندھیا سمیت راجیہ سبھا کے نومنتخب ۴۵؍ اراکین کی حلف برداری

Updated: July 23, 2020, 9:30 AM IST | Agency | New Delhi

نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے سربراہ شرد پوار، کانگریس کے لیڈرملکارجن کھرگے اور کانگریس کے سینئر لیڈر دگ وجے سنگھ،مرکزی وزیر رام داس اٹھاولے اور کانگریسی نظریات سے ناطہ توڑ کر زعفرانی نظریات کوگلے لگانے والے جیوترادتیہ سندھیاسمیت۴۵؍ نو منتخب ممبران نے بدھ کو راجیہ سبھا کی رکنیت اور رازداری کا حلف لیا

Rajya Sabha - Pic : PTI
راجیہ سبھا میں اراکین حلف لیتے ہوئے ۔ تصویر : پی ٹی آئی

نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے سربراہ شرد پوار، کانگریس کے لیڈرملکارجن کھرگے اور کانگریس کے سینئر لیڈر دگ وجے سنگھ،مرکزی وزیر رام داس اٹھاولے اور کانگریسی  نظریات سے ناطہ توڑ کر زعفرانی نظریات کوگلے لگانے والے جیوترادتیہ سندھیاسمیت۴۵؍ نو منتخب ممبران نے بدھ کو راجیہ سبھا کی رکنیت اور رازداری کا حلف لیا۔ راجیہ سبھا کی تاریخ کا یہ پہلا موقع ہے جب ایوان کی کارروائی کے بغیر نومنتخب اراکین کی حلف برداری کروائی گئی۔اس موقع پر سوشل ڈسٹینسنگ کا خاص خیال رکھاگیا تھا۔ خیال رہے کہ حالیہ دنوں میں ہونےوالے راجیہ سبھا کے انتخابات میں کل ۶۱؍ اراکین منتخب ہوئے ہیں جن میں سے بدھ کو ۴۵؍اراکین کی حلف برداری ہوئی ہے۔  ان ۶۱؍ میں سے ۴۳؍ اراکین  پہلی مرتبہ منتخب ہوئے ہیں، جبکہ دیگر نے دوبارہ  یہ سیٹ حاصل کی ہے۔ 
 راجیہ سبھا کے چیئرمین ایم وینکیا نائیڈو نے صبح ایوان میں کورونا وبا سے بچاؤ کیلئے سماجی فاصلہ، ماسک اور سینی ٹائزر سے ہاتھ صاف کرنے کی ہدایت کا سختی سے عمل کراتے ہوئے نئے ممبروں کو رکنیت دلائی۔ اس موقع پر راجیہ سبھا کے لیڈر تھاور چند گہلوت، ایوان میں اپوزیشن لیڈر  غلام نبی آزاد، پارلیمانی امور کے وزیرمملکت پرہلاد جوشی اور ارجن رام میگھ وال موجود تھے۔ نومنتخب ممبران نے ہندی، انگریزی ، کنڑ، تمل اور اپنی  مادری زبان میں حلف لیا۔ اس موقع پر کئی ممبران اپنی روایتی ملبوسات میں تھے۔حلف برداری سے قبل جیوترادتیہ سندھیا  اپوزیشن لیڈروں کی طرف آئے اور کئی ممبران کے ساتھ بات چیت کرتے نظر آئے۔  یہ پہلی مرتبہ ہے کہ راجیہ سبھا  چیمبر میں ایوان کا اجلاس نہ ہونے کے باوجود حلف برداری کی تقریب کا انعقاد کیا گیا ہے۔ 
 سیشن کے نہ چلنے کی وجہ سے حلف برداری کی تقریب چیئرمین کے دفتر میں منعقد کی گئی۔حلف برداری کی تقریب کے دوران ممبران کو کسی سے ہاتھ نہ ملانے  اور سیٹ کے پاس نہ جانے کا مشورہ دیا گیا ۔ عام طور پر حلف برداری کے بعد ممبر چیئرمین کے پاس جاکر انہیں سلام کرتے ہیں اور ایوان کے لیڈر  اور اپنے پارلیمانی پارٹی کے لیڈر سے ملتے ہیں۔اس موقع پر ہر ممبران کو دستخط کرنے کیلئے اپنا پین استعمال کرنے کا مشورہ دیا گیا اور قلم نہ ہونے پر دستخط والی کتاب کے نزدیک رکھے قلم سے دستخط کرنے اور اسے لے جانے کو کہا گیا ۔
 راجیہ سبھا کے انتخابات۲۰؍ ریاستوں میں جون میں کرائے گئے تھے جس میں ۶۱؍ نئے ممبران منتخب ہوئے تھے۔ ان میں  بی جے پی  کے سب سے زیادہ ۱۷؍، کانگریس کے۹؍، جنتا دل یو کے ۳؍، بیجو جنتا دل اور وائی ایس آر کانگریس کے ۴۔۴؍، اے آئی اے ڈی ایم کے اور ڈی ایم کے نے۳۔۳؍، نیشنل کانگریس پارٹی ، راشٹریہ جنتا دل اور تلنگانہ راشٹریہ سمیتی کے ۲؍ ممبر ہیں۔باقی نشستوں پر دیگر پارٹیوں کے اراکین کا قبضہ  ہوا ہے۔ نومنتخب اراکین میںآندھرا پردیش سے ۴؍، بہار سے ۵؍،گجرات سے ۴؍،  مدھیہ پردیش سے ۳؍، مہاراشٹر سے ۷؍ راجستھان سے ۳؍ اور تمل ناڈو سے ۶؍ ارکین منتخب ہوئے ہیں۔  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK