Inquilab Logo

خلافت ہاؤس، گھاٹ کوپراورممبرا سےعلامتی جلوسِ عید میلاد برآمد

Updated: October 31, 2020, 12:39 PM IST | Saeed Ahmed Khan And Iqbal Ansari | Mumbai/ Mumbra

ممبرا میں مولانا معین میاں کی قیادت میں ۲؍ افراد کے ساتھ عید میلاد النبیؐ کا جلوس پولیس کے سخت بندوبست میں نکالا گیا، اس موقع پر جگہ جگہ جھانکیاں بھی بنائی گئیں، خلافت ہاؤس سے جلوس نکلنے سےقبلعلماء اور قائدین نے امام الانبیاءکی تشریف آوری ا ور انسانیت پر آپؐ کے احسانات پرمختصراً روشنی ڈالی

View of the procession from Khilafat House. Picture :INN
خلافت ہاؤس سے برآمد ہونے والے جلوس کامنظر۔ تصویر:آئی این این

بارہ ؍ربیع الاول کو محسن انسانیت کی دنیا میں تشریف آوری کی مناسبت سے خلافت ہاؤس سے امسال۱۰۲؍ ویں روایتی جلوہس کا  اہتمام کیا گیالیکن کورونا کے سبب پیدا شدہ حالات میں حکومت کی جانب سے جاری کردہ گائیڈ لائن کے مطابق اس دفعہ محدود جلوس نکالا گیا۔ حسب روایت سابقہ جلوس برآمد ہونے سے قبل خلافت ہاؤس میں علماء اور قائدین جلوس نے مختصر خطاب کیا اور امام الانبیاءکی تشریف آوری، انسانیت پر آپؐ کے احسانات، سسکتی بلکتی کراہتی اور مختلف خود تراشیدہ رسوم ورواج میں جکڑی انسانیت کے نجات دہندہ کے حوالے سے روشنی ڈالی۔اس کےساتھ ہی یہ بھی واضح کیا کہ پریشان حال انسانیت کے غموں کامداوا اور اس کے مسائل کا علاج تعلیمات مصطفیٰ پر عمل آوری سے ہی ممکن ہے ۔ کورونا کے سبب حکومت کی جانب سے محدود اجازت کے سبب اس دفعہ پہلے جیسی سجاوٹ ، جھانکیاں ، خوبصورت گیٹ وغیرہ برائے نام بنائے گئے ۔اس کی ایک وجہ وقت کی کمی کے سبب مقامی انتظامیہ اور پولیس سے اجازت حاصل کرنے کا مسئلہ تھا۔گائیڈ لائن کی مناسبت سے پولیس کا پہرہ بھی سخت تھا اور علماء کی جانب سے بھی اپیل کی گئی تھی کہ اس مبارک موقع پر زیادہ سے زیادہ پریشان حال لوگوں کی خبر گیری کی جائے اور ان کی راحت رسانی پر توجہ دی جائے ۔یہ آج کے دن کا پیغام اور سرور انبیاء کی تعلیمات کا لازمی اور بنیادی جز ہے ۔ مولانا سید اطہر علی نے اپنے خطاب میں کہا کہ آقائے کریم نے صلہ رحمی کا جو نمونہ فتح مکہ کے موقع پر پیش فرمایا تھا،آج اسی طرح ہمیں بھی عملاً اسے اپنا کر دنیا کو یہ بتانا ہوگا کہ ہم اسی نبی رحمت کے امتی ہیں۔مولانا خلیل الرحمٰن نوری نے کہا کہ جس نبیؐ نے جینے کا سلیقہ سکھایا آج اسی کی شان میں گستاخی کی جرات کی جارہی ہے ،یہ سوچنے اور غور کرنے کا مقام ہے ۔ مولانا عبدالجبار ماہرالقادری نے تعلیمات نبوی پر عمل کرنے کی تلقین کرنے کے ساتھ حکومت اور پولیس کے طریقہ کار اور تعاون کی بطور خاص ستائش کی ۔قاری رضوان احمد خان نے سرکار دوعالم کی شخصیت کے تعلق سے مائیکل ہارٹ کی کتاب اور اس کے تاثرات بیان کئے۔مولانا عباس رضوی نے سرکار کے اخلاق کریمانہ ، عورتوں کے ساتھ برتاؤ اور عشق رسول کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
 سرفراز آرزو نے جلوس کے تاریخی پس منظر کو واضح کیا۔محمد تا ج قریشی نے بارگاہ رسالت مآب میں نعت پیش کی۔اس کے علاوہ آل انڈیا خلافت ہاؤس سے جس ایک ٹرک میں جلوس نکالنے کی اجازت دی گئی تھی اس میں مذکورہ بالا علماء مقررین اور قائدین کے ہمراہ اراکین اسمبلی امین پٹیل، رئیس شیخ ، وارث پٹھان اور شارق خان وغیرہ بھی سوار تھے ۔
ممبرا میں سخت پولیس بندوبست کے ساتھ جلوس
 کورونا سے تحفظ کیلئے حکومت کی گائیڈ لائن کے مطابق ممبرا میں مولانا معین میاں کی قیادت میں محض ایک جیپ اور ۲؍ افراد پر مشتمل وفد کی شکل میں عید میلاد النبیؐ کا علامتی جلوس پولیس کے سخت بندوبست میں نکالا گیا۔جیپ میں مولانا معین میاں کے ساتھ جلوس عید میلادالنبیؐ مرکزی کمیٹی(ممبرا) کے صدر اسماعیل اشرفی  سوار تھے۔ ان کے پیچھے پولیس افسران موٹر سائیکل پر سوار تھے۔ مولانا معین میاں اور اسماعیل اشرفی کی فاتحہ خوانی کے ساتھ ہی جلوس کا اختتام ہوا۔ اس موقع پر کورونا کےخاتمہ اور اس سے تمام شہریوں کی حفاظت کیلئے دعا بھی کی گئی۔ عید میلاد  کےموقع پر ممبرا کوسہ میں جگہ جگہ مقامات مقدسہ کی علامتی جھانکیاں بھی بنائی گئی تھیں البتہ ان جھانکیوں کی تعداد گزشتہ برس کے مقابلے بہت کم  رہی۔ عید میلادالنبی کا جلوس شام تقریباً ۴؍ بجے غریب نواز مسجد سے شروع ہو کر جیون باغ  ، دت واڑی  پیٹرول پمپ سے ہوکر امرت نگر میں واقع حضرت فخر الدین شاہ بابا ؒ کے آستانہ پر فاتحہ خوانی کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔ عید میلادکے موقع پر چند مساجد کو بھی سجایا گیا تھا۔چند آٹو رکشا کو بھی پھولوں سے سجایاگیا تھا اور بچے بچیاں نئے لباس میں عید میلاد کی خوشیاں مناتے ہوئے نظر آئے۔ اس موقع پرشیلیش نگر میں مفت وڑا پاؤ بھی تقسیم کیاگیا ۔اس سلسلے میں جلوس عید میلادالنبی مرکزی کمیٹی کے کنوینر خالد ہارون اشرفی نے بتایاکہ ’’امسال کورونا کے سبب اختتامی اجلاس منعقد نہیں کیا گیا تھا جو سنیچر کی شام ہارون اشرفی ہال میں منعقد کیاجائے گا۔‘‘ گھاٹ کوپر کے  چراغ نگر علاقہ میں عید میلاد النبیؐ کا علامتی جلوس و جلسہ منعقد کیا گیا۔ جلوس  مرکزی عید میلاد النبی کمیٹی کے زیر صدارت منعقدہوا جس میں محمد عارف نسیم خان، قائد جلوس مولانا شاکر علی نوری، مہمان خصوصی مولانا عبیداللہ خان  اعظمی نے شرکت کی ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK