اسٹاک ایکسچینج میں نئی کمپنی ’’ٹاٹا موٹرس کمرشیل وہیکل لمیٹڈ‘‘ کے نام سے رجسٹرڈ ہوگی، مسافر گاڑیوں کا کاروبار’ٹاٹا موٹرس پسنجر وہیکل‘ کے پاس رہیگا
ٹاٹا موٹرس کی کمرشیل گاڑیوں کا کاروبار آج سے اسٹاک ایکسچینج میں علاحدہ لسٹ ہوگا۔ تصویر: آئی این این
ٹاٹا موٹرس کی کاروباری گاڑیوں ’’کمرشیل وہیکل ‘‘کاروبار، جو مسافر گاڑیوں کے کاروبار سے الگ کر دیا گیا ہے، کی بدھ ۱۲؍ نومبر کو علاحدہ کمپنی کے طور پر اسٹاک ایکسچینج میں درجہ بندی ہو جائے گی۔ واضح ٹاٹا موٹرس کا ڈی مرجر یکم اکتوبر کو ہو گیاتھا۔اسی کے تحت ٹاٹا موٹرس کا کمرشل وہیکل شعبہ اس ہفتے اسٹاک ایکسچینج میں علاحدہ لسٹ ہونے جا رہا ہے۔ٹاٹا موٹرس کا کمرشل وہیکل ڈویژن اب ’ٹاٹا موٹرس کمرشل وہیکل ‘ کہلاتا ہے۔ اسٹاک مارکیٹ میں اس کی لسٹنگ سے متعلق پیش رفت پیر کو مارکیٹ بند ہونے کے بعد ایکسچینج کی منظوریوں کے بعد ہوئی ہے۔
اسٹاک مارکیٹ میں الگ الگ کاروبار
لسٹنگ کے بعد کمرشل وہیکل یونٹ ایک الگ اکائی کے طور پر تجارت کرے گی ، جو ٹاٹا موٹرس کی کارپوریٹ تقسیم کی تکمیل کو ظاہر کرتا ہے۔ٹاٹا موٹرس کے ڈی مرجر کے تحت مسافر گاڑیوں کا یونٹ پہلے ہی الگ طور پر تجارت کر رہا ہے۔مسافر گاڑیوں کا کاروبار، جو اب ٹاٹا موٹرس پیسنجر وہیکل لمیٹڈ کے تحت ہے،۱۴؍اکتوبر سے آزادانہ طور پر کاروبار کر رہا ہے۔یہ لسٹنگ ایک خصوصی پری اوپن پرائس ڈسکوری سیشن کے بعد ہوئی ۔ ٹاٹا موٹرس پیسنجر وہیکل لمیٹڈ نے۴۰۰؍روپے فی شیئر کی قیمت پر آغاز کیا جبکہ ڈی مرجرسے قبل ٹاٹا موٹرس کے حصص کا بند ہونے والا دام۶۶۰ء۷۵؍روپے تھا۔
ڈی مرجر سے شیئر ہولڈرس کو کیا ملے گا؟
منظور شدہ ڈی مرجر منصوبے کے تحت، ٹاٹا موٹرس کے شیئر ہولڈرس کو۱۴؍ اکتوبر۲۰۲۵ءکی درج شدہ تاریخ کے مطابق، ٹاٹا موٹرس کے ہر ایک شیئرکے بدلے میں ٹاٹا موٹرس کمرشل وہیکل کا ایک شیئرملے گا۔یہ۱:۱؍کا تناسب ملکیت میں کسی تبدیلی کے بغیر صرف ۲؍ الگ فہرست شدہ کمپنیوں میں تقسیم کو ظاہر کرتا ہے۔ نئی کمرشل وہیکل کمپنی کے حصص۱۶؍اکتوبر کو سرمایہ کاروں کے ڈی میٹ اکاؤنٹس میں منتقل کر دیئے گئے تھے، لیکن لسٹنگ کی منظوری تک انہیں منجمد رکھا گیا تھا۔
نئی کمپنی نئے لوگو کے ساتھ کام کریگی
لسٹنگ کے بعد، ٹاٹا موٹرس کی نئی کمرشل وہیکل کمپنی نئے لوگو کے تحت آزادانہ طور پر کاروبار کرے گی۔یہ اسٹاک مسافر گاڑیوں کی کمپنی سے الگ ہوگا۔اس ڈی مرجس میں کسی نقد ادائیگی یا حصص کی واپسی کی ضرورت نہیں۔ سرمایہ کاروں کی ملکیت میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی، بلکہ ان کے حصص صرف ۲؍ نئی فہرست شدہ کمپنیوں کے درمیان تقسیم ہو جائیں گے۔ یہی وجہ ہے کہ ڈی مرجر سے شیئر ملنے پر شیئر ہولڈرس کو کیپٹل گین ٹیکس نہیں دینا ہوگا۔ ٹیکس صرف اسی وقت لگے گا جب شیئر ہولڈر کمرشل وہیکل یا پیسنجر وہیکل کے حصص بیچیں گے۔
دونوں کاروبار کو علاحدہ یعنی ڈی مرجر کیوں کیاگیا؟
کمپنی کے مطابق دونوں کاروبار مختلف ترقیاتی مراحل میں ہیں۔ کمرشل وہیکل کے کاروبار کا مارکیٹ شیئر۳۷؍ فیصد سے زیادہ ہے، جبکہ پیسنجر وہیکل شعبہ الیکٹرک وہیکلس اور جیگوار لینڈ رووَر پر توجہ دے رہا ہے۔ علیحدگی سے دونوں شعبوں کو آزادانہ انتظامیہ، سرمایہ مختص کرنے اور ترقی کے بہتر مواقع ملیں گے۔ ٹاٹا کے چیئرمین این چندر شیکھرن نے کہا تھا کہ اس سے الیکٹرک وہیکلس، خودکار گاڑیوں اور سافٹ ویئر کے میدان میں ہم آہنگی میں اضافہ ہوگا۔