Inquilab Logo

دس لاکھ نوجوانوں کو روزگار دینا اولین ترجیح

Updated: September 28, 2020, 8:58 AM IST | Agency | Patna

مہاگٹھ بندھن سے وزیراعلیٰ کے دعویدار تیجسوی یادو کا اعلان ، پریس کانفرنس میں بے روزی گاری ، نقل مکانی ، تعلیم اور صحت پر اعدادوشمار کی روشنی میں گفتگو کی ، مر کزی اور ریاستی حکومت کو نشانہ بنایا ، ریاست میں  خالی عہد وں کو پر کرنے کا بھی وعدہ کیا

Tejashwi Yadav - Pic : INN
تیجسوی یادو ۔ تصویر : آئی این این

 بہار کی اپوزیشن آرجے ڈی  کی جانب سے وزیراعلیٰ عہدہ کے دعویدار تیجسوی یادو  کے بقول :’’۱۰؍ لاکھ نوجوانوں کو روزگار  دینا  ہماری اولین ترجیح ترجیح ہے۔ ‘‘ اپوزیشن لیڈر نے بے روزگاری ، نقل مکانی ، صحت اور تعلیم پر خصوصی گفتگو کی ۔ ایسا لگ  رہا ہے کہ آئندہ انتخابات میں ان کیلئے بے روزگاری ، نقل مکانی ، صحت اور تعلیم  ہی اہم موضوع  ہیں۔ انہوں نے   اتوار کو اعلان کیاکہ ریاست میں ان کی حکومت بننے کے بعد کابینہ کی پہلی ہی میٹنگ میں ۱۰؍ لاکھ نوجوانوں کو روزگار دینے کے فیصلہ کیا جائے گا ۔
  یادو نے پارٹی کے ریاستی دفتر میں اتوار کو منعقدہ پریس کانفرنس میں کہاکہ ان کا وعدہ نہیں بلکہ مضبوط ارادہ ہے کہ ریاست کے ۱۰؍ لاکھ نوجوانوں کو روزگار دینے کے فیصلے کو کابینہ کی پہلی ہی میٹنگ میں منظوری دے جائے گی ۔ انہوں نے مرکزاور ریاست کی این ڈی اے  حکومت پرتنقید کرتے ہوئے کہاکہ جس نے ۲؍ کروڑ افراد کو روزگار دینے کا وعدہ کیا تھا اور جو۱۵؍ سال  اقتدار میں رہے، وہ نوجوانوں کو روزگار دینا بھول گئے ۔ آج ہر بہار ی پر۳۵؍ لاکھ روپے کا قرض ہے ۔
 آرجے ڈی لیڈ ر نے کہاکہ بہار نوجوانوں کی ریاست ہے اور یہاں۶۰؍ فیصد نوجوان ہیں لیکن روزگار نہیں ملنے کی وجہ سے نوجوانوں کی سب سے زیادہ نقل مکانی یہیں سے ہوتی ہے ۔ ریاست میں بے روزگار ی۴۶ء۴؍ فیصد ہے ۔
 انہوںنے مثال دیتےہوئے کہاکہ گزشتہ دنوں آرجے ڈی کے بے روزگاری پورٹل پر ۹؍ لاکھ۴۷؍ ہزار۹۲۴؍ نوجوانوں نے رجسٹریشن کرایا جبکہ۱۳؍ لاکھ۱۱؍ ہزار۲۲۶؍  مسڈ کال آئے ۔ یہ اعدادو شمار بتاتے ہیں کہ ریاست میں نوجوانوں کا کیا حال ہے ؟
  تیجسوی یادو نے یہ بھی کہاکہ حکومت کی ناکامیوں کی وجہ سے بہار کے لگ بھگ ہر محکمہ میں بڑی تعداد میں عہدے خالی ہیں ۔ ریاست کے اسکولوں میں اساتذہ کے ڈھائی لاکھ ، کالج میں ۵۰؍ ہزار ، جونیئر انجینئر کے۷۶؍ ہزار اور پولیس اہلکاروں کے۵۰؍ ہزار عہدے خالی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مقررہ پیمانے کے مطابق  ایک ہزار کی آبادی پر ایک ڈاکٹرہونا چاہئے اور اس حساب سے فی الحال ریاست میں ایک لاکھ۲۵؍ ہزار ڈاکٹروں کے تقرر کی ضرورت ہوگی ۔
 آرجے ڈی لیڈر نے کہاکہ اسی طرح مقررہ پیمانے کے مطابق  ایک لاکھ کی آبادی پر۲۲۲؍ پولیس اہلکار ہونے چاہئیں لیکن ریاست میں ابھی صرف ۷۷؍ہزار پو لیس اہلکار کام کررہے ہیں۔ اس حساب سے ابھی ریاست میں مزید ایک لاکھ ۷۲؍  ہزار پولیس اہلکاروںکی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ انجینئروں کے خالی عہدوں کو پرکرنے کے بعد ان کیلئے ۲؍لاکھ معاون ملازمین کی بھی ضرورت ہوگی ۔ تیجسوی یادو نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ جب وہ حکومت میں تھے تب ہی انہوں نے مقامی افراد کو نوکری میں ترجیح دینے کا مطالبہ کیاتھا لیکن وزیر اعلیٰ  نتیش کمار اس کیلئے تیار نہیں ہوئے ۔ جب ان کی حکومت بنے گی تب وہ اسے نافذ کریںگے ۔ انہوں نے کہاکہ ان کی حکومت بنی تو سرمایہ کاری کو فروغ دینے کی کوشش کی جائے گی ، اس کے لئے وہ جلد ہی اپنالائحہ عمل پیش کریںگے ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK