Inquilab Logo

تھانے:میونسپل افسر پرحملہ، ۴؍ افراد گرفتار،جتیندراوہاڑ کا پی اے بھی شامل

Updated: February 17, 2023, 7:33 AM IST | Shahab Ansari | Mumbai

کلوا ممبرا کے رکن اسمبلی اوہاڑ نے ریاست کے ڈی جی پی اور پولیس کمشنر کو خط لکھ کراپنے اہل خانہ کی جان کوخطرہ ہونے کا اندیشہ ظاہر کیا ۔ ان کی اہلیہ اور بیٹی نے میونسپل افسرکیخلاف بھی کیس درج کرایا

Assistant Municipal Commissioner Mahesh Ahir was injured in the attack.
حملے میں زخمی ہونے والے اسسٹنٹ میونسپل کمشنر مہیش اہیر۔

 تھانے کے اسسٹنٹ میونسپل کمشنر مہیش اہیر پر  بدھ کی شام چند  افراد نے حملہ کیا تھا ۔ اس معاملے میں پولیس نے رکن اسمبلی جتیندر اوہاڑ سمیت ۷؍ افراد کے خلاف کیس درج کیا ہے اور   ان کے  ۴؍ حامیوں کو گرفتار کرلیا ہے جن میں ان کا پی اے بھی شامل ہے۔ اس واقعہ کے بعد جتیندر اوہاڑ کی بیوی اور بیٹی نے بھی اسسٹنٹ میونسپل کمشنراہیر کے خلاف انہیں نقصان پہنچانے کی سازش کرنے کا کیس درج کروایا ہے۔ اس دوران جتیندر اوہاڑ نے ریاست کے ڈی جی پی اور   تھانے کے پولیس کمشنر سمیت تمام سینئر افسران کو خط لکھ کر ٹی ایم سی افسر اہیر کے خلاف بدعنوانی اور دیگر مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث ہونے کا الزام عائد کرکے کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
 یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ نوپاڑہ پولیس نے جتیندر اوہاڑ اور دیگر افراد کے خلاف مجرمانہ سازش، اقدام قتل اورسرکاری افسر کو اپنے فرائض کی انجام دہی سے روکنے کے تحت تعزیرات ہند اور آرمس ایکٹ کی کُل ۱۱؍ دفعات کے تحت کیس درج کیا ہے جس کی وجہ سے جتیندر اوہاڑ کو گرفتاری سے بچنے کیلئے عدالت سے رجوع ہونا ناگزیر ہوگیا ہے۔ ایف آئی آر میں جتیندر اوہاڑ کے علاوہ ان کے پی اے ابھجیت پوار، ہیمنت وانی اور وکرم کھامکر کے نام درج کئے گئے ہیں  جبکہ  دیگر ۳؍ افراد کو نامعلوم   بتایا گیا ہے۔پولیس نے بدھ کی شب ۸؍ بجکر ۵۷؍ منٹ پر مہیش اہیر کی شکایت پر تھانے کے سول اسپتال میں ہی تحریری شکایت لے کر کیس درج کیا تھا۔ 
اسسٹنٹ میونسپل کمشنر کا الزام
 اپنی شکایت میں اسسٹنٹ میونسپل کمشنر مہیش اہیر نے الزام عائد کیا ہے کہ ۱۵؍ فروری کی شام انہیں ایک اہم فون کال موصول ہوا جس کی وجہ سے وہ فون پر گفتگوکرتے ہوئے تھانے میونسپل کارپوریشن (ٹی ایم سی) کے دفتر کے گیٹ نمبر ۴؍ سے باہر نکلے۔ چونکہ وہ فٹ پاتھ وغیرہ پر سے غیرقانونی قبضہ ہٹانے کے فرائض انجام دیتے ہیں اس لئے   انہیں ایک پولیس کانسٹبل ’باڈی گارڈ‘ کے طور پر دیا گیا ہے لیکن واقعہ کے وقت وہ ان سے کافی پیچھے چل رہا تھا۔
 ایف آئی آر کے مطابق جس وقت وہ گیٹ سے باہر نکلے تب چند افراد ۳؍ موٹر سائیکلوں پر سوار ہوکر ان کے قریب پہنچے جن میں ابھجیت، ہیمنت اور وکرم بھی شامل ہیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ابھجیت نے انہیں دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں جتیندر اوہاڑ صاحب نے بھیجا ہے اور آج تجھے گولی مار کر تیرا قتل کردیں گے۔ یہ کہہ کر اس نے اپنی کمر سے ریوارلور نکالا اور اس کے بعد ہیمنت اور وکرم نے بھی دھمکی دی اوراپنے پاس سے چاپڑ نکال لیا  پھر ۶؍ افراد نے ان پر حملہ کردیا۔‘‘البتہ اسی وقت چند افراد نے بیچ بچائو کرکے انہیں بچالیا لیکن وہاں سے فرار ہوتے وقت حملہ آوروں نے دھمکی دی کہ اوہاڑ صاحب تجھے نہیں چھوڑیں گے۔ اس حملے میں مہیش اہیر کے ماتھے اور ہاتھ میں چوٹ آئی جس کی وجہ سے انہیں سول اسپتال لے جایا گیا۔اہیر کا الزام ہے کہ انہوں نے جتیندر اوہاڑ کے ووٹروں کے علاقوں میں غیرقانونی قبضوں کے خلاف کارروائی کی ہے جس کی وجہ سے   ان پر یہ حملہ کروایا گیا۔
حملے کے الزام میں۴؍ افراد کی گرفتاری
 اس ایف آئی آر کی بنیاد پر نوپاڑہ پولیس نے ابھیجیت، ہیمنت، وکرم اور وشونت گائیکواڑ کو گرفتار کرکے تھانے کی مجسٹریٹ عدالت میں حاضر کیا تھا جہاں جج نے انہیں ایک دن کی پولیس تحویل میں بھیج دیا۔
وائرل آڈیو 
 یاد رہے کہ مہیش اہیر پر حملے سے قبل سوشل میڈیا پر ایک ’آڈیو‘ وائرل ہوا تھا جس میں ۲؍ افراد کو جتیندر اوہاڑ اور ان کی بیٹی اور داماد کو جانی نقصان پہنچانے کی بات کی گئی تھی۔ اس آڈیو سے متعلق یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ ان میں ایک آواز مہیش اہیر کی ہے جس کے بعد ان پر حملہ ہوا۔
رکن اسمبلی کی اہلیہ رُتا اوہاڑ کی شکایت
 اگرچہ ابتداء میں جتیندر اوہاڑ نے ویڈیو کے بارے میں یہ کہہ کر پولیس میں شکایت درج نہیں کروائی تھی کہ ان کی شکایت پر کوئی کارروائی نہیں ہوگی۔ البتہ مہیش اہیر پر حملے اور پولیس کارروائی کے بعد ان کی اہلیہ رُتا اوہاڑ اور بیٹی نتاشا نے ورتک نگر پولیس اسٹیشن  پہنچ کر مہیش اہیر کے خلاف ان کے اہل خانہ کو نقصان پہنچانے کی سازش کرنے کی شکایت درج کروائی۔ انہوں نے کہا ہے کہ ایسا پہلی مرتبہ نہیں ہے جب اہیر نے انہیں دھمکی دی ہو۔ انہوں نے اہیر پر مجرمانہ کارروائیوں میں ملوث ہونے اور اپنے خلاف سازش کا الزام عائد کرتے ہوئے اس معاملے کی پولیس کے ذریعہ تفتیش مکمل ہونے تک انہیں ملازمت سے معطل کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔
جتیندر اوہاڑ کا خط
 معاملے کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے جتیندر اوہاڑ نے بدھ کو ہی ڈائریکٹر جنرل آف پولیس اور پولیس کمشنر سمیت تمام سینئر پولیس افسران کو شکایتی خط لکھ کر مہیش اہیر کے خلاف مجرمانہ سازش، قتل اور بدعنوانی کی دفعات کے تحت کارروائی کا مطالبہ کیا۔انہوں نے خط میں لکھاہے کہ اپنے حلقہ انتخاب کا عوامی نمائندہ ہونے کے سبب انہیں اسسٹنٹ میونسپل کمشنر مہیش اہیر کیخلاف بدعنوانی کی بہت سی شکایتیں موصول ہوتی رہتی ہیں جس کی وجہ سے ان کے خلاف کارروائی کیلئے انہوں نے متعلقہ افسر سے رابطہ قائم کیا تھا۔ اس وجہ سے مہیش اہیر نے انہیں، ان کی بیٹی اور داماد کے قتل کی سازش رچی ہے۔ خط میں مزید الزام عائد کیا گیا ہے کہ مہیش کے جرائم پیشہ افراد اور اندرون ملک کے  علاوہ بیرون ملک بھی انڈر ورلڈ سے گہرے تعلقات ہیں۔ اس شکایت کے ساتھ دھمکی آمیز آڈیو کلپ بھی بھیجی گئی ہے جس میں اوہاڑ خاندان کو جان سے مارنے کی بات کی گئی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK