Inquilab Logo

تھانے :۵۰۰؍ مربع فٹ کے مکانات کا ۳۵؍ فیصد ٹیکس معاف

Updated: May 14, 2022, 11:54 AM IST | Iqbal Ansari

مکان مالکان کا۵۰؍ کروڑ روپے پراپرٹی ٹیکس بچے گا، گزشتہ میونسپل الیکشن سے قبل شیوسینا نے اپنے منشور میں جو وعدہ کیا تھا ، اسے اس نے جزوی طورپر پوراکیا ، بی جے پی کی تنقید

The citizens of the police station will get relief from the property tax concession. Se.Picture:INN
پراپرٹی ٹیکس میں رعایت سےتھانے کے شہریوں کو راحت ملے گی۔۔ تصویر: آئی این این

 گزشتہ میونسپل انتخابات سے قبل شیو سینا نے اپنے منشور میں یہ اعلان کیا تھا کہ ان کا اقتدار آنے پر تھانے کے ۵۰۰؍ مربع فٹ تک کے مکانات کا پراپرٹی ٹیکس معاف کر دیا جائے گا۔ اگلے میونسپل انتخابات سے قبل اس وعدے کو جزوی طور پر منظوری مل گئی ہے اور ۵۰۰؍ اسکوائر فٹ تک کے مکانات کا ۳۵؍ فیصد ٹیکس معاف کرنے کی منظوری شہری ترقیات وزارت کی جانب سے دی گئی ہے ۔ اس فیصلے نے جہاں  اس بڑھتی مہنگائی میں مکان مالکان کو  بڑی راحت دی ہے وہیں بی جےپی کا کہنا ہے کہ اس طرح شہریوں کو بے وقوف بنایا جارہا ہے۔  اسی دوران تھانے کے سابق میئر نریش مہسکے نے حکومت کے اس فیصلہ پر تھانے کے شہریوں کی جانب سے شکریہ ادا کیا ہے۔اس سلسلے میں نریش مہسکے ( جو تھانے ضلع شیو سیناکے صدر بھی ہیں) نے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں آسمان چھونے لگی ہیں اسی کے ساتھ رسوئی گیس سلنڈر کی قیمتوں میں بھی بے تحاشا اضافہ ہوتا جارہا ہےاور اب   رسوئی گیس کی قیمت ایک ہزار روپے تک پہنچ گئی ہے جو غریب اور متوسط طبقے کے شہریوں کیلئے انتہائی پریشانی کا باعث ہے۔ بڑھتی  مہنگائی نے غریبوںکا جینا دوبھرکر رکھا ہے اور عام آدمی کی زندگی اجیرن ہو چکی ہے۔ ایسے حالات میں شیو سینا کے  اقتدار  والی تھانے میونسپل کارپوریشن ( ٹی ایم سی ) نے ۵۰۰؍ مربع  فٹ تک کے مکانات کیلئے تقریباً۳۵؍ فیصد پراپرٹی ٹیکس معاف کرکے اپنے شہریوں کو بڑی راحت دی ہے۔ شہری انتظامیہ کے اس فیصلہ سے مکان مالکان کی ۵۰؍ کروڑ روپے کی بچت ہو گی  جو انہیں پراپرٹی ٹیکس کے طور پر ادا کرنے پڑ سکتے تھے۔  شہری ترقیات کے وزیر ایکناتھ شندے نے ٹی ایم سی کے اجلاس (جنرل باڈی کی میٹنگ )کے ذریعہ کئے گئے اس فیصلے پر اپنی مہر ثبت کردی ہے جس سے ٹیکس میں چھوٹ کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔ 
 سابق میئر  نریش مہسکے کے مطابق ہیرانندانی اسٹیٹ میں تقریباً۵۰۰؍مربع فٹ کی جائیدادوں کو ۱۸؍ ہزار روپے کا پراپرٹی ٹیکس ادا کرنا پڑتا تھا جو  اب ۱۲؍ ہزار روپے تک اد اکرنا پڑے گا۔وہاں کے مکینوں کیلئے ۶؍ ہزار روپے کی رعایت بہت زیادہ ہے۔ اس کے علاوہ بعض چالیوں میں ڈیڑھ ہزار روپے کا پراپرٹی ٹیکس اب ایک ہزار روپے سے بھی کم ہو گیا ہے۔ پراپرٹی ٹیکس میں  اوسطاً ۳۵؍ فیصد  رعایت سے لاکھوں شہریوں کو فائدہ ہوگا۔ یہی وجہ ہے کہ تھانے کے عام شہریوںکی طرف سے اس فیصلے کا خیر مقدم کیا جا رہا ہے۔ واضح رہے کہ ٹی ایم سی میں برسر اقتدارشیو سینا نے  این سی پی اور کانگریس کی حمایت سے جنرل باڈی میٹنگ میں۵۰۰؍ مربع فٹ تک کے مکانات کو پراپرٹی ٹیکس میں راحت دینے کی قرارداد منظور کی تھی۔ اس کے بعد قرارداد کو حتمی منظوری کیلئے ریاستی حکومت کو بھیج دیا گیا تھا۔ شیوسینا کے عہدیداروں نے اس قرارداد کو منظور کرانے کیلئے شہری ترقیات کے وزیر ایکناتھ شندے سے رابطہ کیا تھا۔  بعدازیں تمام کارروائیاں  مکمل کی گئیں اور وزارت شہری ترقیات نے اس  فیصلہ پر مہر ثبت کردی۔ اسی لئے اپریل ۲۰۲۲ء  سے مارچ۲۰۲۳ء تک کیلئے تھانے کے شہریوں کو پراپرٹی ٹیکس کا بل ادا کرتے ہوئے عام ٹیکس معاف کر دیا گیا ہے۔ معاف کی گئی رقم کل پراپرٹی ٹیکس کے بل کا تقریباً۳۵؍ فیصد ہے۔ اس کے نتیجے میں میونسپل کارپوریشن کو پراپرٹی ٹیکس سے ہونےو الی  آمدنی میں۵۰؍ کروڑ کی کمی ہوگی۔ اس کا مطلب ہے کہ اس رعایت کی وجہ سے عام تھانیکروں کے ۵۰؍ کروڑ روپے اب انہیں کی جیب میں رہیں گے جو مہنگائی میں بڑی راحت ثابت ہوں گے ۔ 
  اس فیصلے پر بی جے پی  لیڈروں کی جانب سے تنقید کی جارہی ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ شیو سینا نے ۵۰۰؍ اسکوائر فٹ تک کے گھرو ںکا ٹیکس فری کرنے کا  اعلان کیا تھا لیکن محض ۳۵؍فیصد ٹیکس معاف کر کے شہریو ںکو بے وقوف بنایا جارہا ہے۔ اس پر نریش مہسکے نے کہا  ہے کہ تھانے کے شہریو ں کے پراپرٹی ٹیکس میں ۳۵؍فیصد کی رعایت بھی مخالفین کی آنکھوں  میں کھٹک رہی ہے۔  انہیں خود اپنا احتساب کرنا چاہئے کہ ان کی پارٹی نے انتخابات سے قبل کتنے اور کون کون سے وعدے کئے تھے جو اب تک وفا نہیں کئے گئے۔  ایندھن کی قیمتیں ہر روز نیا ریکارڈ قائم کر رہی ہیں۔ ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر تیزی سے گر رہی ہے۔ ۱۵؍  لاکھ روپے کسی بھی ہندوستانی کے بینک اکاؤنٹ میں جمع نہیں ہوئے ہیں۔ مرکزی حکومت کی من مانی پالیسیوں کی وجہ سے ملک میں معاشی بدحالی کا شکار ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK