Inquilab Logo

تھانے ضلع کی ترمیم شدہ ووٹر لسٹ جاری،صدفیصد تصاویرکےساتھ

Updated: November 26, 2022, 10:25 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

الیکشن کمیشن آف انڈیا اور مہاراشٹر کے چیف الیکٹورل آفیسر کی ہدایات کے مطابق تھانے ضلع میں مجوزہ ووٹر لسٹ جاری کر دی گئی ہے۔

District Collector Ashok Shingare talking about the revised voter list.
ضلع کلکٹر اشوک شنگارے ترمیم شدہ ووٹرلسٹ سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے۔

:الیکشن کمیشن آف انڈیا اور مہاراشٹر کے چیف الیکٹورل آفیسر کی ہدایات کے مطابق تھانے ضلع میں  مجوزہ ووٹر لسٹ جاری کر دی گئی ہے۔ تھانے ضلع کلکٹر اور ضلع الیکشن آفیسر اشوک شنگارے اور چیف ایگزیکٹیو آفیسر منوج جندال کا دعویٰ ہے کہ ضلع کی ووٹر لسٹ میں صد فیصد نام ووٹروں کی تصویر کے ساتھ   ہیں۔  افسران کے مطابق ضلع میں کل ووٹروں کی تعداد ۶۱؍ لاکھ ۳۴؍ہزار ۹۵۵؍ ہے اور سبھی کے نام مع تصویر ووٹر لسٹ میں شامل ہیں۔انہوں نے  اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ ووٹر لسٹ میں شہریوں کے نام درج کرنے کی خصوصی مہم جو ۸؍ دسمبر تک جاری رہے گی ، میں جن بالغ شہری کا نام ووٹر لسٹ میں نہیں ہے،  وہ اپنا نام درج کروالیں ساتھ ہی جن کی غلط تفصیل  مثلاً نام ، جنس ، پتہ ، تصویر ، تاریخ پیدائش،  عمر،اسمبلی حلقہ  اور موبائل نمبر وغیرہ ووٹر لسٹ میں غلط درج ہیں ، ان تفصیل کو بھی اس مہم کے دوران درست کیا جاسکتا ہے۔
 تھانے ضلع کی رائے دہندگان کی فہرست میں مرد ووٹرس کی تعداد۳۳؍ لاکھ ۲۸؍ ہزار ۹؍ اور خواتین ووٹرس کی تعداد ۲۸؍ لاکھ ۶؍ ہزار  ۹۳؍ ہے جبکہ۸۵۳؍ تیسری جنس کا اندراج کیا گیا ہے۔ ضلع میں معذور ووٹرس کے اندراج میں اضافہ ہوا ہے اور اس فہرست میں۳۱؍ ہزار ۷۸؍  معذوروں کا نام درج کیا گیا ہے۔
  تھانے ضلع کلکٹر نے یہ بھی یقین دلایا کہ نئی ووٹر لسٹ سبھی ۱۸؍ اسمبلی حلقوں کے  دفتر، میونسپل کارپوریشن اور سرکاری دفتر وغیرہ میں مہیا کرائی گئی ہے جہاں لوگ انہیں دیکھ سکتے ہیں ۔ ان کے بقول ضلع میں پولنگ اسٹیشن کو منظم کر دیا گیا ہے  جس کے مطابق ضلع میں کل۶؍ ہزار ۳۹۱؍ پولنگ اسٹیشن ہیں۔ یہ بھی کہا گیا کہ ان پولنگ اسٹیشنوں کو معذور ووٹروں کیلئے ہموار  اور آسان بنایا گیا ہے۔ شنگارے نے کہا کہ تھانے ضلع کے ۱۸؍ اسمبلی حلقوں میں ووٹرس پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے کہ وہ ووٹر لسٹ کے خصوصی مختصر نظر ثانی پروگرام کے دوران آدھار نمبر کو لنک کرنے کیلئے ’۶؍ بی ‘ فارم بھریں۔ ضلع کے ووٹروں کو انتخابی فہرست میں تفصیلات کے ساتھ آدھار نمبر کو جوڑنا چاہئے لہٰذا ووٹروں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ آدھار نمبر لنک کروائیں۔ضلع الیکشن افسر اشوک شنگارے نے اپیل کی ہے کہ ضلع کے نوجوان ووٹروں کے ساتھ ساتھ جن شہریوں نے ابھی تک ووٹر لسٹ میں اپنا نام درج نہیں کرایا ہے،   ۸؍ دسمبر تک جاری رہنے والی خصوصی مہم کے  دوران اپنا نام درج کرائیں۔ اشوک شنگارے کا کہنا ہے کہ ’’ووٹر لسٹ میں موجود تفصیلات کو چیک کرنا ضروری ہے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ وہ درست ہیں یا نہیں۔ بہت سے ووٹرس شکایت کرتے ہیں کہ پولنگ کے دن ان کا نام ووٹر لسٹ میں نہیں ہے۔ اس لئے ووٹروں کیلئے یہ ضروری ہے کہ وہ ابھی ڈرافٹ ووٹر لسٹ میں اپنی تفصیلات چیک کریں۔ ‘‘ووٹر لسٹ میں خصوصی نظرثانی پروگرام ۹؍  نومبر سے شروع ہوچکا  ہے اور ۸؍ دسمبر جاری رہے گا۔  اس دوران ووٹر رجسٹریشن کے ساتھ ساتھ کسی کے نام پر اعتراض اٹھایا جا سکتا ہے۔ اگر کسی حلقے کا ووٹر فہرست میں دیئے گئے پتے پر مقیم نہیں ہے تو اسی حلقے کا کوئی دوسرا ووٹر ایسے نام پر اعتراض کر سکتا ہے۔ اگر اس میں کوئی حقیقت پائی جاتی ہے تو تصدیق کے بعد متعلقہ ووٹر کا نام حذف کر دیا جاتا ہے۔
خصوصی مہم جاری
 اس سال کے خصوصی نظرثانی پروگرام کے موقع پر ریاست بھر میں۱۹؍ اور ۲۰؍ نومبرکوخصوصی کیمپ لگائے  گئے اور ۳؍  اور ۴؍ دسمبر کوبھی کیمپ لگائے  جائیں گے ساتھ ہی تھانے ضلع میں بھی ایک خصوصی کیمپ کا انعقاد کیا جائے گا۔
ویب سائٹ اور ایپ پر بھی سہولت دستیاب
 ضلع الیکشن آفیسر نے مزید بتایا کہ ناموں کے اندراج، انہیں حذف کرنے اور فہرست میں تفصیلات کی درستگی کی سہولیات’ این وی ایس پی ‘  ووٹر پورٹل کی ویب سائٹ ، ایپ اور ’ووٹر ہیلپ لائن‘ موبائل ایپ پر بھی دستیاب ہیں۔

voter list Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK