Inquilab Logo

تھانے کےشہری ۳؍ اہم احتیاطی تدابیر پرعمل کریں تو کوروناکی دوسری لہرکا خطرہ نہیں رہے گا

Updated: November 25, 2020, 6:20 AM IST | Iqbal Ansari | Thane

تھانے کے میونسپل کمشنر ڈاکٹر ویپن شرما اور میئر نریش مہسکے کوامید ۔دوسری لہر سے نمٹنے کے لئے تمام تیاریاں کرلینے کا یقین بھی دلایا

Thane Municipal Commissioner - Pic : Inquilab
میونسپل کمشنر ڈاکٹر ویپن شرما کورونا سے نمٹنے کے انتظامات سے متعلق بتاتے ہوئے۔ (تصویر: انقلاب

 تھانے میونسپل کارپوریشن ( ٹی ایم سی) کورونا کی دوسری لہر  سے نمٹنے کیلئے پوری طرح تیار ہے لیکن یہ لہر نہ آئے اس کیلئے شہریوں کا بھی تعاون لازمی طور پر درکار ہے۔ اگر شہری  بھیڑ بھاڑ نہیں کریں گے اور ۳؍  احتیاطی تدابیرپر لازمی طور پر عمل کریں گے تو تھانے  میں دوسری لہر کا خطرہ نہیں رہے گا۔‘  منگل کو   میونسپل کمشنر ویپن شرما نے پریس کانفرنس میں اس امید کا اظہار کیا۔ اس موقع پر تھانے کے میئر نریش مہسکے نے بھی عوام سے اپیل کی ہےکہ وہ احتیاط برتیں اور یہ نہ سوچیں کہ کاروبار آہستہ آہستہ کھل رہے ہیں تو کورونا ختم ہو گیا بلکہ ایک مرتبہ کورونا سے متاثر ہونے والے کو بھی دوبارہ کورونا ہو سکتا ہے اس لئے شہریوں کو مزید احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔
 تھانے کے میونسپل کمشنر نے پرزنٹیشن کے ذریعے بتایاکہ تھانے میونسپل کارپوریشن میں کورونا وائرس کے مریضوں کے علاج کیلئے خاطر خواہ انتظامات کئے گئے ہیں۔ یہ انتظامات ایسے ہیں کہ  فی الحال ۸۳؍ فیصد بیڈ خالی ہیں، ایسے حالات میں اگر مریضوں کی تعداد بڑھتی بھی ہیں تو ہمیں گھبرانے کی ضرورت نہیں، ہم  پوری طرح تیار ہیں۔
 نمائندۂ انقلاب کے اس سوال پر کہ کورونا وائرس کی دوسری لہر کے سلسلے میں تھانے میونسپل کارپوریشن کی کیا تیاریاں ہیں؟ تومیونسپل کمشنر نے کہاکہ’’ کورونا وائرس کی دوسری لہرکے تعلق سے ابھی کچھ بھی کہناٹھیک نہیں ہوگا۔تھانے میں کورونا  سے متاثر مریضوں کی شرح (پازیٹیو ریٹ) مسلسل کم ہو رہا ہے۔ آج تک ہمارے یہاں دوسری لہرنہیں ہے لیکن یہ نہیں کہہ سکتے کہ دوسری لہر نہیں آئے گی ۔ اس کی تیاری کے لئے ہم گزشتہ ایک ہفتہ سے کام کر رہے ہیں۔میٹنگ لے کر ضروری انتظامات کئے گئے ہیں۔ ‘‘
’شہریوں کا بھی تعاون لازمی‘
  میونسپل کمشنر نے یہ بھی کہا کہ ’’کورونا کی دوسری لہر سے نمٹنے کیلئے تھانے میونسپل کارپوریشن کی تو پوری تیاری ہے لیکن ا سی کے ساتھ ساتھ یہ بھی ضروری ہے کہ تھانے کے شہریوں کی بھی تیاری ہو۔ شہریوں کو ۳؍ اہم احتیاطی تدابیر (ماسک ، سوشل ڈسٹینسنگ اور بار بار صابن سے ہاتھ دھونا یاسینیٹائزر کا استعمال کرنا ) پر عمل کرنا انتہائی ضروری ہے۔ اگر شہریوں کابھی تعاون ملا تو دونوں ( ٹی ایم سی اور شہری) مل کر بہتر انداز میں کوروناوائرس کا مقابلہ کر سکیں گے۔‘‘انہوں نے مزید بتایاکہ ’’کورونا وائرس کے مریضوں کیلئے ہمارے پاس خاطر خواہ بیڈ دستیاب ہیں اور اب تک کوئی بھی کووڈ سینٹر بند نہیں کیا گیا ہے۔ دوائیں  ، ڈاکٹر اور دیگر کاموں کیلئے خاطرخواہ اسٹاف موجود ہے۔ کوارینٹائن سینٹر س بھی جاری ہیں۔‘‘
 تھانے میں پوسٹ کووڈ سینٹر بھی شروع
 پوسٹ کووڈ سینٹر کے تعلق سے پوچھنے پر میونسپل کمشنر نے کہاکہ’’کورونا سے اب تک تھانے میں تقریباً ۴۸؍ ہزار مریض صحت یاب ہو چکے ہیں لیکن ایسے مریضوں کو صحت یاب ہونے کے مہینے اور ڈیڑھ مہینے تک کئی طرح کی علامتیں پائی جاتی ہیں ایسے مریضوں کیلئے ہمارے پاس کوئی سسٹم نہیں تھا  اسی لئے وزیر اعلیٰ اور تھانے کے نگراں وزیر کی سرپرستی میں ہم نے پوسٹ کووڈ سینٹر بھی شروع کیا ہے۔  اس سینٹر میں ایک ہی چھت کے نیچے  ڈاکٹر ، نفسیاتی امراض کے ماہر ڈاکٹر ، فیزیو تھیراپسٹ، ڈائی ٹیشن، نیوٹریسسٹ اور یوگا ماہر کی سہولت مہیا کرائی ہے۔ اس سے مریض کی جسمانی اور ذہنی پریشانی کا علاج کیا جاتا  ہے۔‘‘
۴؍ ریاستوں کے مسافروںکی بھی اسکریننگ 
 ۴ ؍ریاستوں سے آنے والے شہریوں کی جانچ کرنے کی ہدایت  پر تھانے میں کس طرح کا نظم کیا گیا ہے؟ اس سوال پرمیونسپل کمشنر نے کہا کہ’’ بیرون شہر ، اضلاع اور ریاستوں سے تھانے ریلوے اسٹیشن اترنے اور شہر میں داخل ہونے والے مسافروں کی کورونا جانچ کا سلسلہ ریلوے اسٹیشن کے باہر ۲؍ ماہ پہلے ہی شروع کر دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ریاستی حکومت کی جوبھی ہدایات ہوں گی ،اس پر عمل کیا جائے گا۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK