Inquilab Logo

تھانے : دکانوں اور بازاروں کو رات ساڑھے۹؍بجے تک کھلا رکھنے کی اجازت

Updated: October 14, 2020, 8:59 AM IST | Iqbal Ansari | Thane

دکانداروں، ہاکرس اور شہریوں کے متعدد مطالبات ، میونسپل دستے اور پھیری والوں میں ہونے والے تنازع اور کشیدگی کے معاملات کےبعد آخر کار تھانے میونسپل کارپوریشن (ٹی ایم سی)نے دکانوں ، بازار اور دیگر کاروبارکرنے کیلئے رات ساڑھے ۹؍ بجے تک کی اجازت دے دی ہے

Mumbra Bazaar - Pic : Inquilab
ممبرا بازار ۔ تصویر : انقلاب

دکانداروں، ہاکرس اور شہریوں کے متعدد مطالبات  ، میونسپل دستے اور پھیری والوں میں ہونے والے تنازع اور کشیدگی  کے معاملات کےبعد آخر کار تھانے میونسپل کارپوریشن  (ٹی ایم سی)نے  دکانوں ، بازار  اور دیگر کاروبارکرنے کیلئے رات ساڑھے ۹؍ بجے تک کی  اجازت دے دی ہے۔ اس ضمن میں ٹی ایم سی کی جانب سے منگل کو سرکیولر بھی جاری کر دیا گیاہے۔
 ٹی ایم سی کے ۲؍ صفحات پر مشتمل سرکیولر کے تعلق سے ڈپٹی میونسپل کمشنر سندیپ مالوی سے رابطہ کرنے پر انہو ںنے نمائندۂ انقلاب کو بتایا کہ تھانے کے ہاٹ اسپاٹ علاقوں کے علاوہ دیگر علاقوں میں دکانیں، بازار اور دیگرکاروبار صبح ۷؍بجے سے رات ساڑھے ۹؍بجے تک کئے جاسکیں گے۔  یہ فیصلہ متعدد مطالبات پر غور کرنے کے بعد کیاگیا ہے ۔  سرکیولر میں مزید کہا گیا ہےکہ  ۵؍ اکتوبر سے ریسٹورنٹ ، ہوٹل ،فوڈکورٹ اور بیئر باروں کو صبح ۷؍  بجے سے رات ساڑھے ۱۱؍بجے تک کھلا رکھنے کی اجازت دی گئی ہے جس کے بعد دیگر کاروباریوں کی  جانب سے بھی مطالبہ کیاجارہا تھا کہ ان کےکاروبار کے  اوقات میں بھی توسیع کی جائے جس کے بعد اب  انہیں بھی صبح ۷؍ بجے تا رات ساڑھے ۹؍ بجے کاروبار کرنے کی اجازت دی جارہی ہے۔
 یہ سہولت کورونا کے ’ہاٹ اسپاٹ‘قرار دیئے گئے علاقوںکیلئے نہیں ہوگی اور سابقہ اصولوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔
 شہری انتظامیہ نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کورونا سے تحفظ کیلئے ضروری احتیاط برتیں جیسے گھر سے باہر نکلنے پر ماسک لگائیں، ہاتھوں کو بار بار دھوتے رہے، بھیڑ بھاڑنہ کریں اور ایک دوسرے سے محفوظ فاصلہ رکھیں۔
کیا شام ۷؍ بجے کے بعد ہی کورونا آتا ہے ؟
 ٹی ایم سی کی جانب سے گزشتہ روز تک دکانیں اور بازار شام ۷؍ بجے بند کروائے جارہے تھے اور  مذکورہ وقت پر  دکانیں بند نہ کرنے والوں کے خلاف  میونسپل دستہ انہدامی کارروائی کر رہا تھا۔ اسی تعلق سے  ایک ویڈیو سوشل میڈیا پروائرل ہو رہا ہے جس میں  تنور نگر (ممبرا) میں سورمے کی ایک دکان پر انہدامی کارروائی کے دوران ایک خاتون برہمی کا اظہار کررہی تھی۔ خاتون انہدامی دستہ کے تئیں اپنی ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے سوال کرتی ہے کہ ’’ کیا شام ۷؍ بجے کے بعد ہی کورونا آتا ہے؟ اس سے پہلے وہ کہاں چلا جاتا ہے؟ اس کا جواب دیجئے اور اس کے بعد غریبوں کا نقصان کیجئے۔‘‘
 پولیس بندوبست  میں انہدامی کارروائی کرنے والا میونسپل دستہ اس خاتون کے سوال کا کوئی جواب نہیںدے پاتا  ہے اور خاموشی سے آگے بڑھ جاتاہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK