Inquilab Logo

قومی راجدھانی کی فضا انتہائی خراب ،باغپت آلودہ ترین شہر

Updated: October 18, 2021, 1:29 PM IST | Agency | New Delhi

دہلی میں اے کیو آئی کم سے کم۲۸۴؍ اورزیادہ سےزیادہ ۳۵۱؍ ناپا گیا ،وزیر ماحولیات نے پرالی جلانے کے واقعات کوخراب فضا کاسبب بتایا

The weather remained pleasant with rain on Sunday amid reports of air pollution in Delhi.Picture:INN
دہلی میںفضائی آلودگی کی خبروںکے درمیان اتوار کو بارش سے موسم خوشگوار رہا ۔ تصویر: پی ٹی آئی

ملک کے کئی شہروں میں فضائی آلودگی کے سبب صورت حال لگاتار بگڑ رہی ہے۔ ایک مرتبہ پھر دہلی کے علاوہ ہریانہ اور اتر پردیش کے کئی شہروں میں بھی آلودگی خطرناک سطح تک پہنچ گئی ہے۔ملک کے آلودہ ترین شہروں میں اتر پردیش کا شہر باغپت سر فہرست ہے۔ملک کے آلودہ ترین شہروں میں اتر پردیش کے تین شہر شامل ہیں۔ عالم یہ ہے کہ باغپت میں  ہوا کا معیار ایئر کوالٹی انڈیکس۴۰۰؍ سے تجاوز کر چکی ہے۔ آلودگی کے لحاظ سے یہ صورت حال انتہائی خطرناک مانی جاتی ہے۔ وہیں دہلی کی ہوا بھی خراب ہو چکی ہے۔ وہاںہوا کامعیار کم سے کم۲۸۴؍ اورزیادہ سے زیادہ ۳۵۱؍ ناپا گیا ہے۔ اس میںکمی بیشی ہورہی  ہے۔ اس فہرست میں غازی آباد، نوئیڈا اور این سی آر کے علاقے بھی شامل ہیں۔ آلودہ ترین۱۰؍ شہروں میں  سے دیگر۹؍کی حالت بھی اچھی نہیں ہے۔ تمام شہروں میں اے کیو آئی۳۰۰؍  سے۴۰۰؍ کے بیچ ہے۔
 ایئر کوالیٹی انڈیکس کے مطابق غازی آباد کا اے کیو آئی ۳۹۳؍ہے جو ملک کے آلودہ ترین شہروں میں دوسرے نمبر پر ہے۔ اسی وقت پانی پت(۳۹۳) تیسرے مقام پر ، نوئیڈا(۳۶۴) چوتھے مقام پر، گڑگاؤں(۳۵۱)پانچویں مقام پر اور دہلی(۳۵۱) چھٹے نمبر پر ہے۔ اس کے بعد بالترتیب بھیواڑی(۳۴۷)،فریدآباد(۳۳۸)،مانیسر(۳۳۴) اور بلبھ گڑھ(۳۲۰) موجود ہیں۔
  ایئر کوالٹی انڈیکس میں آلودگی کی سطح ۰-۵۰؍ کو بہترین سمجھا جاتا ہے۔ دوسری طرف،۵۱-۱۰۰؍، اطمینان بخش، ۱۰۱- ۲۰۰؍درمیانہ،۲۰۱-۳۰۰؍خراب،۳۰۱-۴۰۰؍ انتہائی خرا ب   اور۴۰۰-۵۰۰؍کےزمرے کو شدید سمجھا جاتا ہے۔
ہمسایہ ریاستوں میں پرالی جلانے سے دہلی  میں ہوا کا معیار ۲۸۴؍تک پہنچا  : وزیر ماحولیات
 دہلی کے وزیر ماحولیات گوپال رائے نے کہا ہے کہ گزشتہ تین دنوں میں پنجاب ، اتر پردیش اور ہریانہ میں پرالی جلانے کے  واقعات میں اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ سے دہلی کی اے کیو آئی سطح۲۸۴؍ تک  پہنچ گئی ہے ۔ ناسا  کے مطابق۱۳؍ اکتوبر کو پرالی جلانے کی تعداد کم تھی۔ جس کی وجہ سے اس دن  اے کیو آئی کی سطح۱۷۱؍ تھی۔ پنجاب ، ہریانہ ، اتر پردیش میں پرالی جلانے  کے واقعات بڑھتے ہیں ، تو دہلی کی آلودگی کی سطح بھی اسی تناسب سے بڑھنے لگتی ہے ۔ شمالی ہندوستان میں بارش کی وجہ سے فصل دیر سے کٹی ہے۔ اب تیزی  کے ساتھ پرالی جلانے کا کام شروع ہوا ہے ۔ 
’’دہلی سرکار نے تمام تیاریاں کررکھی ہیں‘‘
 انہوں نے کہا کہ  دہلی میں کیجریوال حکومت تمام تیاریاں کرکے کسانوں کے کھیتوں میں بائیو ڈی کمپوزر کا چھڑکاؤ کرتی ہے۔ دوسری ریاستوں نے ایسی تیاری نہیں کی ہے۔مرکزی  حکومت نے پنجاب کو تقریباً۲۵۰؍کروڑ روپے پرالی کو ٹھکانے لگانے کے لئے دئیے  ہیں۔ اس سے۵۰؍ لاکھ ایکڑ اراضی میں بائیو ڈی کمپوزر کا مفت چھڑکاؤ کیا جا سکتا ہے ۔ دہلی میں انٹی ڈسٹ مہم کے تحت تقریباً۷۰؍ فیصد لوگ قواعد پر عمل کر رہے ہیں اور بقیہ۳۰؍ فیصد کے خلاف سخت کارروائی کی جا رہی ہے ۔  دہلی  میں پیر سے ریڈ لائن آن گاڑی آف مہم کی شروعات ہو گی ۔ کیجریوال حکومت  فضائی آلودگی کو کم کرنے کے لیے ایک طویل مدتی اور فوری ایکشن پلان کے ساتھ کام کر رہی ہے۔
دہلی میں ہلکی بارش 
  قومی راجدھانی دہلی میں اتوار کی صبح آسمان ابر آلود رہے اور ہلکی سے درمیانی درجہ کی بارش ہوئی جس سے ہوا کے معیار میں بہتری کی توقع ہے۔ ہوا کے معیار اور موسم کی پیش گوئی اور ریسرچ سسٹم کے مطابق مغربی دباؤ کے اثر سے ہوا اتوار تک مشرق کی طرف بڑھے گی۔ ہوا کے معیار میں بہتری کی توقع ہے لیکن آج ہوا کا ناقص معیار کے زمرے میں رہے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK