Inquilab Logo

عمران خان کی تقریربراہ راست نشر کرنے پر پابندی ختم

Updated: August 30, 2022, 11:47 AM IST | Agency | Islamabad

عدالت نے دلائل سننے کے بعد آئندہ ۵؍ ستمبر تک سماعت ملتوی کردی اور پیمر ا کی ہدایات کومعطل کردیا

Imran Khan.Picture:INN
عمران خان ۔ تصویر:آئی این این

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی تقاریر  براہ راست نشر کرنے پر  پابندی ختم کردی ہے۔ پیر کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے عمران خان کی تقاریر برارہ راست نشر کرنے پر پابندی کیخلاف درخواست کی سماعت کرتے ہوئے پیمرا کے احکامات معطل کرتے ہوئے  تبصرہ کیا کہ بظاہر پیمرا کے  یہ احکامات اختیارات سے تجاوز کے زمرے میں آتے ہیں۔چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ موجودہ حالات میں عمران خان کی تقریر پر پابندی کا کوئی مناسب جواز سمجھ میں نہیں آتا ہے۔ ۲۰؍ اگست کو ایف نائن پارک اسلام آباد میں عوامی اجتماع سے خطاب میں عمران خان نے اسلام آباد پولیس کے سینئر افسران اور ایڈیشنل سیشن جج زیبا چودھری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ اسلام آباد کے آئی جی اور ڈی آئی جی ہم نے آپ کو نہیں چھوڑنا( ہم آپ کو نہیں چھوڑیں گے)، ہم آپ کے خلاف کیس کریں گے۔سابق وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا تھا  کہ مجسٹریٹ صاحبہ زیبا، آپ بھی تیار ہوجائیں آپ کے اوپر بھی ہم ایکشن لیں گے۔اس تقریر کے بعد سنیچر کی رات گئے پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھاریٹی (پیمرا) نے جاری اعلامیے میں تمام ٹی وی چینلز کو عمران خان کی براہ راست تقریر اور خطاب نشر کرنے سے منع کیا تھا لیکن عمران خان کی ریکارڈ شدہ تقریر نشر کی جاسکتی ہے۔ عدالت میں عمران خان کی جانب سے بیرسٹر علی ظفر، فیصل چودھری اور دیگر وکلاء پیش ہوئے۔بیرسٹر علی ظفر نے عدالت کو بتایا کہ سیلاب متاثرین کیلئے عمران خان ٹیلی تھون کرنا چاہتے ہیں جس سے بڑی رقم اکٹھی ہوگی۔ دوران سماعت چیف جسٹس نے عمران خان کی جانب سے عدلیہ سے متعلق بیان کا بھی ذکر کیا۔عدالت کی ہدایت پر وکلاء نے عمران خان کی تقریر کا متن پڑھ کر سنایا۔  اس دوران وکیل استغاثہ نے بھی اپنے دلائل  پیش کئے۔ سماعت کےدوران عدالت نے فریقین کے دلائل سننے  کے بعد  پیمرا کی ہدایات کو آئندہ سماعت تک معطل قرار دیتے ہوئے کیس کی سماعت ۵؍ ستمبر تک ملتوی کر دی ۔ عدالت نے فریقین کو نوٹس بھی جاری کر دیئے ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK