Inquilab Logo

ایس پی کے’ انّ سنکلپ‘ کا بی جے پی نے مذاق اڑایا

Updated: January 18, 2022, 11:18 AM IST | Agency | Lucknow

وزیر اعلیٰ  یوگی آدتیہ ناتھ نے اکھلیش کا نام لئے بغیر کہا :’’ یہ تو صرف ’ جنا ح پریمی ‘ ہیں۔ ‘‘ نا ئب وزیر اعلیٰ کیشو پرسادموریہ نے انہیں’ جھوٹوں کا شہنشاہ ‘قرار دیابی جے پی کے ریاستی صدر سو تنتر دیوسنگھ کے بقول :’’ہاتھ میں گن لے کرگھومنے والے آج ہاتھ میں’ان‘ لے کرکسانوں سے خیر خواہی کاڈھونگ کررہے ہیں۔‘‘

Deputy Chief Minister Keshu Saad Moriah addressing a press conference at the BJP state office. Picture:INN
نائب وزیر اعلیٰ کیشو پر ساد موریہ بی جے پی کے ریاستی دفتر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتےہوئے۔ تصویر: آئی این این

 سماج وادی پارٹی (ایس پی) سربراہ اکھلیش یادو کے’ان سنکلپ‘ پر بی جے پی نے شدید رد عمل ظاہر کیا ہے ۔ اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ ، نائب وزیر اعلیٰ کیشو پر ساد موریہ اور  بی جے پی کے ریاستی صدر سوتنتر دیو سنگھ نے طنز کیا ہے۔ 
  یادرہے کہ پیر کو ایس پی کے ریاستی دفتر پر منعقدہ  ایک پریس کانفرنس میں ایس پی سربراہ اکھلیش یادو نے کسان لیڈر تجندر سنگھ ورک کے ساتھ گیہوں اور چاول ہاتھ میں لے کربی جے پی کو ہرانے کا عہد کیا تھا۔ اس موقع پر انہوں نے وعدہ بھی کیا تھا کہ حکومت بننے کے ۱۵؍دن کے اندر گنا کسانوں کے بقایہ   ادا کیا جائے گا،سنچائی کے لئے بجلی مفت دی جائے گی اور  فصلوں کے لئے ایم ایس پی کا اعلان کیا جائے گا۔  اکھلیش یادو  کے جواب میں و زیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نےکہا :’’فسادیوں ، مجرموں اور دہشت گردوں کا ہاتھ تھامنے والے لوگ آج ’ان‘ (اناج) کو ہاتھ میں لے کر’ ان داتا‘( کسان) کے خیر خواہ  ہونے کا ڈراما کررہےہیں۔ ریاست کے عوام جانتے ہیں کہ ان کے عہد میں  وقفے وقفے سے ہونےو الے فسادات سے سب سے زیاد ہ نقصان کسانوں ہی کو ہوا ہے۔ یہ تو صرف ’ جنا ح پریمی ‘ ہیں۔ ‘‘
  اکھلیش یادو  کے ’ان سنکلپ‘ کے جواب میں بی جے پی کے ریاستی  صدر سوتنتر دیو سنگھ نے کہاکہ بندوق دکھا کر کسانوں کو ڈرانے والے آج کسانوں کی خیر خواہی کا دم بھررہے ہیں۔ انہوں نے  پیر کو ٹویٹ کیا:’’ہاتھ میں گن لے کرگھومنے والے آج ہاتھ میں’ان‘ لے کرکسانوں سے خیر خواہی کاڈھونگ کررہے ہیں۔ ان کے ایس پی اقتدار میں ہمارے کسان بھائی رات کو اپنے کھیت جانے سے بھی گھبراتے تھے۔ ‘‘   اسی دوران  پیر کو سماجوادی پارٹی(ایس پی)  کے سربراہ اکھلیش یادو کے ذریعہ کسانوں سے کئے گئے وعدوں پرطنز کرتے ہوئے اترپردیش کے نائب وزیر اعلی کیشوپرساد موریہ نے کہا :’’ مافیا اور جرائم پیشہ افراد کا خوف دکھا کر کسانوں کو برباد کرنے والے آج کسانوں کو جھوٹے وعدوں سے ورغلانے کی کوشش کررہے ہیں لیکن کسان اب ان کے جھانسے میں نہیں آئیں گے۔‘‘ موریہ نے پیر کو پارٹی دفتر میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت میں کہا :’’ اکھلیش یادو کو یہ اچھی طرح سمجھ لیناچاہئے کہ جھوٹے وعدوں کی بنیاد پر کسی کا متبادل بننے کی کوشش کامیاب نہیں ہوسکتی ہے ۔ اچھا ہوتا کہ اکھلیش سنکلپ کا مطلب بھی سمجھ پاتے۔اگر انہیں کسانوں کی فکر رہی ہوتی تو جب عوام نے پورے ۵؍ سال کا موقع دیا تھا تب وہ سنچائی، گنا قیمتوں کی ادائیگی اور ایم ایس پی پر خرید جیسے بنیادی کام کرتےلیکن اس وقت انہوں نے اس کے   بجائے  چینی ملیں بند کرنا پسند کیا۔ انہیں گنا کسانوں کا کروڑوں روپے  روکےرکھنے میں مزہ آیا۔ دلالوں کو لگا کر کسانوں کی فصل اونے پونے داموں میں خریدنا پسند کیا۔ایسے کاموں کی شہرت اپنے نام کرنے والے اکھلیش آخر کس منہ سے اس اناج کو ہاتھ میں لے کر سنکلپ لے رہے ہیں جسے کسان اپنے خون پسینے سے پیدا کرتا ہے۔‘‘ انہوں نے سماجوادی پارٹی کے سربراہ کو ’جھوٹوں کا شہنشاہ‘ قرار دیتے ہوئے کہا :’’ آج جھوٹوں کے ’شہنشاہ‘’فارمرس ریوالونگ فنڈ‘بنانے اور کسانوں کو  ۱۵؍دنوں میں گنا بقایہ کی ادائیگی کرنے کا وعدہ کررہے ہیں۔ بہتر ہوتا کہ اس سنکلپ کے ساتھ وہ اپنے اور بی جے پی حکومت کے ذریعہ کسانوں کے مفاد میں کئے گئے کاموں کی تفصیل بھی کسانوں کو بتا دیتے۔ ہمت ہوتی تو یہ بھی ظاہر کردیتے کہ کسانوں کو اناج اور گنا قیمتوں کی کتنی ادائیگی انہوں نے کی تھی اور کتنی اکھلیش یادو نے کی ہے؟‘‘ نائب وزیر اعلی نے کہا :’’ ایس پی ،بی ایس پی اورکانگریس ایک ہی تھالی کے چٹے بٹے ہیں۔ ان کی ایک ہی سیاست ہے کہ جو بھی اسکیم بنے اس کا۱۵؍فیصد ہی اصل مستحقین تک پہنچے، بقیہ یہ غبن کرجائیں۔ بی جے پی حکومت نے اسے روکا ۔ ریاست ہی نہیں بلکہ ملک کے کسانوں کی حمایت کسانوں کے ساتھ تھی اور رہے گی۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK