Inquilab Logo

بنگال کی تصویردِکھا کر یوپی میں ترقی کا دعویٰ، یوگی تنقید اورمذاق کاموضوع بن گئے

Updated: September 13, 2021, 12:15 PM IST | Inquilab News Network | New Delhi

ٹی ایم سی لیڈروں  نےاتر پردیش کے وزیراعلیٰ کو جم کر نشانہ بنایا، اشتہار جاری کرنے والی یوپی سرکار خاموش، اخبار نے غلط تصویر پرمعذرت کا اظہار کیا

Picture.Picture:INN
علامتی تصویر۔ تصویر: آئی این این

  اتر پردیش میں یوگی آدتیہ ناتھ سرکار کے  ترقیاتی کاموں کے حوالے سے  اتوار کو انڈین ایکسپریس میں  شائع   ہونے والا ایک اشتہار ریاستی حکومت کیلئے مذاق کا موضوع بن گیا ہے۔   یوگی آدتیہ ناتھ کی قیادت میں  اتر پردیش   میںغیر معمولی تبدیلیوں کا حوالہ دیتے ہوئے  ترقی کو ظاہر کرنے کیلئے جو تصویر استعمال کی گئی ہے وہ مغربی بنگال  کے ’ما ں بریج‘ کی ہے جو ممتا بنرجی سرکار نے بنوایا ہے۔ اس کے علاوہ اشتہار میں استعمال  ہونے والی ایک فیکٹری کی تصویر کے بارے میںبھی کہاجارہاہے کہ یہ یوپی کی نہیں بلکہ کسی میگزین سے لی گئی ہے۔  اہم بات یہ ہے کہ مغربی بنگال میں ممتا بنرجی سے شکست کھانے والی بی جےپی  نے الیکشن جیت کر ’’سونار بنگلہ‘‘ بنانے کا وعدہ کیاتھا مگر خود اس کی حکومت کے اشتہار میں ممتا بنرجی کے ذریعہ بنوائے گئے پل کا استعمال کیا جارہاہے۔ ٹی ایم سی لیڈر ابھیشیک بنرجی نے ٹویٹ کیا ہے کہ ’’یوگی آدتیہ ناتھ کیلئے یوپی کو بدلنے کا مطلب ممتا بنرجی کی قیادت میں بنگال  میں بنائے گئے بنیادی ڈھانچہ کی تصاویر کو چوری کرنا اور انہیں اپنے اشتہار میں استعمال کرنا ہے۔ ایسا لگتا ہے کہ ڈبل انجن ماڈل بی جے پی کے سب سے مضبوط صوبہ میں بری طرح ناکام ہو گیا ہے۔‘‘  بی جےپی چھوڑ کر  ٹی ایم سی میں واپس آنے والے سینئر لیڈر مکل رائے نے  اس کیلئے براہ راست وزیراعظم مودی کو نشانہ بنایا اور اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ ’’مودی اپنی پارٹی کو بچانے میں اس قدر  بے بس ہیں کہ وزیراعلیٰ  کی تبدیلی  کے علاوہ  انہیں ممتا بنرجی کے دور میں ہونے والے ترقیاتی کاموں کی تصویریں استعمال کرنی پڑ رہی ہیں۔‘‘ سماج وادی پارٹی نے بھی اس معاملہ پر یوگی حکومت کو نشانہ بنایا۔ اس نے ٹویٹ کیاہے کہ ’’وزیر اعلیٰ یوگی کے جھوٹ کی  پول پھر کھل گئی۔ اشتہارات میں عوام کا پیسہ پانی کی طرح بہانے والوں کے پاس دکھانے کے لئے اپنا کیا ہوا کوئی کام نہیں، تو کولکاتا میں تعمیر شدہ فلائی اوور کی تصویر چھاپ کر عوام کو گمراہ کر رہے ہیں۔ یہ شرمناک ہے اور بی جے پی حکومت جھوٹ بولنے میں نمبر ایک ہے۔‘‘عام آدمی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ سنجے سنگھ نے  یوگی حکومت پر طنز کرتے ہوئے ٹویٹ کیا ہے کہ ’’ایسا وکاس نہ سنا ہوگا نہ دیکھا ہوگا۔ کولکاتا کا فلائی اوور کھینچ کر لکھنؤ لے آئے ہمارے وزیر اعلیٰ آدتیہ ناتھ جی۔ بھلے ہی اشتہار میں لے آئے لیکن لائے تو۔‘‘ریٹائرڈ آئی اے ایس افسر سوریہ پرتاپ سنگھ جو اپنے تیوروں  اور حکومت کی تنقید کی وجہ سے یوگی حکومت کے نشانے پر رہتے ہیں، نے ٹیوٹ کیا ہے کہ ’’کسی ٹویٹ میں علامتی تصویر لگانے پر سنگین دفعات کے تحت مقدمے درج کرنے والی یو پی پولیس بتائے کہ اگر وزیراعلیٰ دوسری ریاستوں سے تصویر چرا کر باقاعدہ اشتہار دیتے ہیں تو کیا ان پر کارروائی ہوگی؟‘‘ واضح  رہے کہ سوریہ پرتاپ سنگھ  پر یوگی سرکار نے ان کے ٹویٹس کی بنیاد پر کئی مقدمات درج کررکھے ہیں۔  اس معاملےمیں یوپی سرکار نے خبر لکھے جانے تک چپی سادھ رکھی ہے تاہم ریاستی محکمہ معلومات عامہ کے ایڈیشنل چیف سیکریٹری نونیت سہگل نے  انڈین ایکسپریس کے اس ٹویٹ کو شیئر کیا ہے جس میں  اخبار نے اعتذار پیش کیا ہے کہ غلطی  سے مذکورہ تصویر کا انتخاب ہوگیا ہے۔ اس کی وجہ سے اخبار  پر بھی سوال اٹھ رہے ہیں کیوں کہ عام طور پر اشتہار کے مشمولات کیلئے اخبار نہیں  بلکہ اشتہار دینے والا ذمہ دار ہوتاہے۔  اخبار نے لکھا ہے کہ ’’اخبار کے مارکیٹنگ ڈپارٹمنٹ کے ذریعہ تیار کردہ اتر پردیش کے اشتہار کے کور کولاج میں نادانستہ طور پر ایک غلط تصویر شامل ہوگئی  تھی۔ اس غلطی پر ہم معذرت خواہ ہیں۔ تصویر کو اخبار کے تمام ڈیجیٹل ایڈیشنوں  سے ہٹا دیا گیا ہے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK