Inquilab Logo

ملک کو نہرو اور اندرا گاندھی کے نظام نے بچا کر رکھا ہے

Updated: May 09, 2021, 9:16 AM IST | Mumbai

مودی حکومت پر شیوسینا کا گہرا طنز، کہا کہ غلط پالیسیوں کی وجہ سےآج ملک کو ہاتھ پھیلانا پڑ رہا ہے

indira gandhi and jawaharlal nehru.Picture:INN
اندرا گاندھی اور جواہر لال نہرو تصویر آئی این این

ملک میں کورونا کے بحران سے نمٹنے میں  مودی حکومت کی ناکامی پر اسے جم کر آڑےہاتھوں لیتےہوئے شیوسینا کے ترجمان اخبار سامنا نے سنیچر کو دوٹوک انداز میں کہا ہے کہ ملک اگر آج بچا ہوا ہے تو  اس نظام کی وجہ سے جو نہر اور اندرا گاندھی نے بنادیاتھا۔ اخبار نے لکھاہے کہ ایسے وقت میں جبکہ ہندوستان پوری طرح سے خود پر منحصر ہونےکی کوشش کررہاہے، مودی حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے اسے نیپال اور سری لنکا جیسےچھوٹےچھوٹےملکوں سے مدد مانگنی پڑ رہی ہے۔ 
 اخبار کے مطابق’’صاف صاف  نظر آرہاہے کہ ملک آج اس نظام کی وجہ سے چل رہاہے جو نہرو  اور اندرا گاندھی نے بنادیاتھا۔ آج بہت سے چھوٹے اور غریب ملک ہندوستان کو مدد کی پیش کش کررہے ہیں پہلے پاکستان، روانڈااور کانگو جیسےملکوں کو دوسرے ممالک سے مدد مانگنی پڑتی تھی۔‘‘ واضح رہے کہ ہندوستان نے   یو پی اے کے دور اقتدار میں کسی سے مدد نہ لینے کی پالیسی اپنائی تھی جسے مودی حکومت میں کورونا کے موجودہ بحران کے دوران بدلنا پڑ گیا ہے۔ شیوسینا کے ترجمان اخبار کے مطابق’’مگر موجودہ حکمرانوں  کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ہندوستان کو آج ایسے حالات کا سامنا ہے۔‘‘  اخبار نے نہرو اور اندرا گاندھی کےدور میں بنائے گئے  اداروں  اور نظام کی تعریف کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’ پنڈت نہرو، شاستری، اندرا گاندھی، راجیو گاندھی ، نرسمہا راؤ اور منموہن سنگھ کی سابقہ حکومتوں نے جو ترقیاتی کام کردیئے اور جو پروجیکٹ بنا دیئے تھے ان کی وجہ سے ملک آج بھی چل رہاہے۔ ‘‘  شیوسینا نے اس بات کی بھی مذمت کی ہےکہ ملک کو درپیش ایسے خراب حالات میں  بھی مودی حکومت سینٹرل وِسٹا  پروجیکٹ پر کام کررہی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK