Inquilab Logo

میرابھائندر کے میونسپل وارڈوں کی حد بندی کو حتمی شکل دے دی گئی

Updated: July 30, 2022, 9:39 AM IST | sajid Shaikh | Mumbai

۵؍اگست کو ریاستی ا لیکشن کمیشن وارڈوں کے ریزرویشن کا قرعہ اندازی کے ذریعے فیصلہ کرے گا

Map of new delimitation of Mirabhinder Municipal Corporation.
میرابھائندر میونسپل کارپوریشن کی نئی حدبندی کا نقشہ ۔

میرابھائندر میونسپل کارپوریشن  (ایم بی ایم سی ) الیکشن  کے پیشِ نظر وارڈوں کی حد بندی کو حتمی شکل دے دی گئی  اور عنقریب  منعقد ہونے والے میونسپل کارپوریشن کے انتخابات کی تیاریاں شروع ہو گئی ہیں۔ ۵ ؍اگست کو مہاراشٹر اسٹیٹ الیکشن کمیشن وارڈوں کے ریزرویشن سے متعلق لاٹری کے ذریعے فیصلہ کرے گا  ۔
               میرابھائندر میونسپل کارپوریشن کے الیکشن ڈپارٹمنٹ میں موجود ایک اہلکار نے اس بارے میں نمائندۂ انقلاب کو بتایا کہ الیکشن کے پیشِ نظر نئے وارڈوں کی حد بندی کا کام ۸ جون کو شروع ہوا تھا اور ڈرافٹ کا مسودہ تیار کیا گیا تھا پھر اس پر شہریوں سے اعتراضات و تجاویز طلب کئے گئے تھے۔ ۲۰۳؍ اعتراضات موصول ہوئے تھے۔   وارڈ ۲ ؍ اور ۵؍ کیلئے ۴۷ ،وارڈ ۱۳ ؍اور ۱۹ ؍کیلئے ۳۶، ۲۲ ؍ اور وارڈ ۳۱ کیلئے  ۲۷ ؍ اعتراضات درج ہوئے تھے جن پر ۳۰ ؍ جون کو سماعت ہوئی تھی جس کی بنیاد پر ۳۵ ؍ میں سے ۱۴ ؍ وارڈوں میں تبدیلی کی گئی تھی ۔  وارڈ نمبر ۵، ۴، ۱۳، ۱۹ ؍اور ۱۰ ؍ میں زیادہ تبدیلی کی گئی  ۔ اس کے بعد ریاستی الیکشن کمیشن نے  ۱۸ ؍ جولائی کو حدبندی کوحتمی شکل دے دی تھی  اور اسے میونسپل کارپوریشن کی ویب سائٹ   www.mbmc.gov.in پر دیکھا جا سکتا ہے جہاں نئے وارڈوں کی حد بندی کی تفصیل کے ساتھ وارڈ کا نقشہ بھی موجود ہے۔ اس کے علاوہ میونسپل کارپوریشن کے صدر دفتر اور سبھی وارڈ دفاتر میں یہ نقشے لگائے گئے ہیں۔ کل ۳۵ ؍وارڈ تشکیل دئیے گئے ہیں جن میں سے ۳۴ ؍وارڈوں میں کارپوریٹروں کی تین تین سیٹیں ہوں گی جبکہ ایک وارڈ نمبر ۱۰ جہاں کی آبادی سب سے زیادہ ہے ، وہاں ۴ ؍ کارپوریٹرس ہوں گے۔  ۲۰۱۱ء کی مردم شماری کے اعداد و شمار کی بنیاد پر یہ وارڈ تشکیل دئیے گئے ہیں۔ کل آبادی ۸۰۹۳۷۸ ہے جن میں سے درج فہرست ذاتوں کی آبادی ۳۰۲۴۳ ؍ اور درج فہرست قبائل کی آبادی ۱۲۵۹۶  ہے۔واضح رہے کہ۲۷ ؍اگست کو میرابھائندر میونسپل کارپوریشن کی میعاد ختم ہو رہی ہے اور بہت جلد ریاستی الیکشن کمیشن نئے انتخابات کا انعقاد کرے گا ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK