Inquilab Logo

میرا بھائندر کے مجوزہ ڈیولپمنٹ پلان کا ڈرافٹ تیار،شہریوں کو اعتراضات کیلئے ایک ماہ کا وقت

Updated: November 01, 2022, 10:35 AM IST | siraj shaikh | Mumbai

:۵؍ سال کے انتظار کے بعد میرابھائندر کے نئے ڈیولپمنٹ پلان (ڈی پی )کا ڈرافٹ عوام کیلئے ظاہر کر دیا گیا ہے اور اسے میونسپل کارپوریشن کے صدر دفتر کے دوسرے منزلے پر لگایا گیاہے

While inspecting the proposed development plan of Shahri Mirabhinder.
شہری میرابھائندر کے مجوزہ ڈیولپمنٹ پلان کا معائنہ کرتے ہوئے۔ ( تصویر انقلاب)

۵؍ سال کے انتظار کے بعد میرابھائندر  کے نئے ڈیولپمنٹ پلان (ڈی پی )کا ڈرافٹ عوام کیلئے ظاہر کر دیا گیا ہے اور اسے میونسپل کارپوریشن کے صدر دفتر کے دوسرے منزلے پر لگایا گیاہے۔ شہریوں کو اس مجوزہ پلان پر اپنے اعتراضات پیش کرنے کیلئے ایک ماہ کا وقت دیا گیا ہے۔ تاہم  اس پر کئی اعتراضات سامنے آئے ہیں اور شہریوں نے ڈرافٹ میں کئی خامیوں کی نشاندہی کی ہے ۔ 
 پیر کو بڑی تعداد میںسماجی کارکنان ،عوامی نمائندوں اور دیگر شہریوں نے میونسپل کارپوریشن کے صدر دفتر جا کر اس مجوزہ ڈی پی  کے ڈرافٹ کا معائنہ کیا اور اس  میں کئی غلطیوں کی نشاندہی کی ۔ سماجی کارکن اور سابق میونسپل کارپوریٹر ملن مہاترے نے کہا کہ پلان کا خاکہ غیر مکمل ہے، اس میں مذہبی مقامات ، میونسپل  دفاتر ،ریلوے اسٹیشن نہیں دکھائے گئے ہیں، یہاں تک کہ تالاب اور سڑکیں بھی دکھائی نہیں گئی ہے۔ مستقبل کیلئے فائر بریگیڈ اسٹیشن کیلئے کوئی جگہ متعین نہیں کی گئی ہے۔ انہوں نے شہریوں بالخصوص ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے ذمہ داران سے اس پر فوری طور پر ردعمل ظاہر کرنے اور اعتراض داخل کرنے کو کہا ہے کیونکہ کئی قدیم عمارتوں کی جگہوں پر مختص پلاٹ دکھائے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ شہر کی ترقی کے ساتھ عمارتوں کے ری ڈیولپمنٹ کیلئے کسی سڑک کیلئے جگہ مختص نہیں ہے ۔سماجی کارکن عطاء اللہ نے کہا کہ مجھے مجوزہ ڈیولپمنٹ پلان دیکھ کر مایوسی ہوئی کیونکہ ہم لوگ برسوں سے بھائندر مغرب میں مسلم قبرستان کی جگہ کا مطالبہ کر رہے ہیں مگر مجوزہ ڈی پی میں اس کا ذکر نہیں ہے ۔
  رکن اسمبلی گیتا جین  نے نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’میں نے ابھی پوری طرح سے پلان دیکھا نہیں ہے مگر اس میں غلطیوں کے بارے میں سنا ہے۔ اگر یہاں کے بھومی پتروں کے مفادات متاثر ہوئے تو میں ان کو انصاف دلانے کی کوشش کروں گی ۔ ‘‘انہوں نے مزید کہا کہ ’’میں نے میونسپل کمشنر سے مطالبہ کیا کہ شہریوں کو اپنے اعتراضات کیلئے تھانے جانے کے بجائے میونسپل کارپوریشن کے صدر دفتر میں سہولت فراہم کی جائے تو بہتر ہوگا۔‘‘

mira road Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK