Inquilab Logo

ممبئی سے عازمین حج کا پہلا قافلہ ۱۸؍جون کوروانہ ہوگا

Updated: June 08, 2022, 12:44 AM IST | saeed Ahmed | Mumbai

اب تک مہاراشٹر کے عازمین کی ۱۳۷۷؍ویٹنگ لسٹ کنفرم ہوچکی ہے جبکہ۲۵۰۰؍ نمبر تک کے ویٹنگ لسٹ والے عازمین کے پاسپورٹ منگوائے گئے ہیں، امبارکیشن پوائنٹ کم کئے جانے سے مدھیہ پردیش ،چھتیس گڑھ ،گوا اور دیگرریاستوںکے عازمین ممبئی سے روانہ ہوںگے ۔ ان کی مجموعی تعداد۸؍ہزارہے

After the draw by the State Hajj Committee a few days ago, the pilgrims and their families find out their numbers and other details in the office of the Hajj Committee.
ریاستی حج کمیٹی کی جانب سے کچھ دن قبل قرعہ اندازی کرنے کے بعد عازمین اور ان کے اہل خانہ اپنے نمبر اور دیگر تفصیلات حج کمیٹی کے دفتر میں معلوم کرتے ہوئے۔

 حج بیت اللہ کیلئے ممبئی سے عازمین حج کا پہلا قافلہ ۱۸؍جون کوروانہ ہوگااورآخری فاقلہ ۳؍ جولائی کو ممبئی سے حجازمقدس کیلئے روانہ ہوگا۔چونکہ اس دفعہ سعودی حکومت کی جانب سے عالمی سطح پرکوٹہ کم کئے جانے سے ہندوستان کوبھی کوٹہ کم ملا ہےبلکہ حج کمیٹی کو ملنے والا کوٹہ تو ۲۰۱۹ءکے سوالاکھ کے کوٹے کے مقابلے نصف سے بھی کم ہے اورکووڈ کے سبب کچھ تبدیلیاں بھی کی گئی ہیں اس کے باوجود ترتیب سے ویٹنگ لسٹ کنفرم کی جارہی ہے۔اب تک مہاراشٹر کے عازمین کی ۱۳۷۷؍ ویٹنگ لسٹ کنفرم ہوچکی ہے جبکہ۲۵۰۰؍ نمبر تک کے ویٹنگ لسٹ والے عازمین کے پاسپورٹ منگوائے گئے ہیںتاکہ مزیدسیٹیں ملنے یا منتخب عازمین کے کسی معقول وجہ سے حج پرجانے کا ارادہ ملتوی کرنے پران کوموقع مل سکے ۔
 دوسری جانب اس  بار امبارکیشن پوائنٹ کم کئے جانے سے ممبئی سے مہاراشٹر ،مدھیہ پردیش ، چھتیس گڑھ ، گوا اور دیگرریاستوںکے عازمین بھی روانہ ہوں گے   اوران کی مجموعی تعداد۸؍ہزارہے۔
مہاراشٹر کو۵۴۹۲؍کوٹہ 
 حج کمیٹی آف انڈیا کے سی ای او یعقوب شیخا سے استفسار کرنےپرانہوںنے نمائندۂ انقلاب کوبتایاکہ ’’چو نکہ کوٹہ کم ملا تھا اس لئےاسی ترتیب سے پورے ملک میںتقسیم کیا گیا اورترتیب سے ہی ویٹنگ لسٹ بھی کنفرم کی جارہی ہے۔‘‘ ان کے مطابق ’’ مہاراشٹر کو ۵۴۹۲؍کوٹہ دیا گیا ہے،اسی طرح دیگر ریاستوں میں مسلم آبادی کے لحاظ سے کوٹہ تقسیم کیا گیا ہے۔‘‘ حج کمیٹی آف انڈیا کے سی ای اونےیہ بھی بتایاکہ’’یو ں توملکی سطح پر عازمین کی روانگی شروع ہوچکی ہے لیکن مہاراشٹرسے عازمین کا پہلا قافلہ ۱۸؍جون کو روانہ ہوگا اورآخری جہاز ۳؍ جولائی کوممبئی سے روانہ ہوگا۔‘‘ 
ممبئی سے دیگرریاستوںکے عازمین کی روانگی 
 حج کمیٹی آف انڈیا کے سی ای اوکے مطابق ’’ اس دفعہ حالات کے سبب ۲۱؍روانگی کے مراکزکو کم کرکے محض ۱۰؍رکھا گیا ہے ۔ اس لئے ممبئی سے صرف ممبئی کے ہی نہیںبلکہ مہاراشٹرکے عازمین کے ساتھ گوا ،ایم پی ، چھتیس گڑھ ، دادرا نگرحویلی وغیرہ کے عازمین بھی ممبئی سے ہی روانہ ہوںگے۔ چنانچہ ممبئی ،مہاراشٹر اورمذکورہ دیگر ریاستوںکے عازمین کی مجموعی تعداد ۸؍ہزار ہوگی۔اس سلسلے میں تیاریاں جاری ہیں تاکہ عازمین کی روانگی میںکوئی رکاوٹ یا دقت پیش نہ آئے۔‘‘
عازمین کی ٹریننگ اورحالات کی آگاہی 
 ریاستی حج کمیٹی کے ایگزیکیٹوآفیسرامتیازمشتاق قاضی کےمطابق ’’ ریاست کے عازمین کو ٹرینر کے ذریعے ضلعی سطح پرٹریننگ دی جارہی ہے اوران کوسعودی حکومت کی گائیڈ لائن کے مطابق حالات کی آگاہی دی جارہی ہے تاکہ وہ تیاری کرسکیں۔اس کے ساتھ ہی عازمین کویہ بھی بتایا جارہا ہے کہ آرٹی پی سی آر رپورٹ ۴۸؍ گھنٹے قبل لازمی ہوگی اس لئے جب وہ اپنی روانگی کےلئے ۴۸؍گھنٹے قبل اطلاع دینے آئیںگے تو امبارکیشن پوائنٹ پرہی ان کا آرٹی پی سی آر کروایا جائے گا ، اس کےلئے عازمین کوکوئی خرچ نہیںدینا ہوگا۔اس کےعلاوہ عازمین کو ٹیکہ کاری کا سرٹیفکیٹ وغیرہ بھی ساتھ رکھنا ضروری ہوگا۔‘‘
 ایگزیکیٹو آفیسر امتیازمشتاق قاضی نے یہ بھی بتایا کہ’’ کوشش کی جارہی ہے کہ ویٹنگ لسٹ کے عازمین کو بلاتاخیر مطلع کیاجائے تاکہ ایک سیٹ بھی خالی نہ جائے چنانچہ اب تک ۱۳۷۷؍ نمبرتک ویٹنگ لسٹ کنفرم ہو چکی ہے اور۲۵۰۰؍ تک نمبروالے ویٹنگ لسٹ کے عازمین کے پاسپورٹ منگوائے گئے ہیںتاکہ موقع ملنے پران کو روانہ کیاجاسکے۔اس کےساتھ ہی ان سے یہ بھی کہا جارہا ہے کہ وہ سفرِ حج کے تئیںاپنے طور پر تیاری کریں تاکہ عین وقت پران کےلئے کوئی مسئلہ نہ ہونے پائے۔‘‘ واضح ہوکہ اس دفعہ حج کمیٹی کومحض ۵۶۶۰۰؍ہی کوٹہ دیا گیا ہے جس کے سبب حج کے لئے درخواست دینےوالے ہزاروں عازمین امسال حج پرجانے سے رہ جائیںگے۔

hajj Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK