Inquilab Logo

تیسری لہر کے پیش نظر عوامی مقامات پر ہونے والی بھیڑ سے ہائی کورٹ کو تشویش

Updated: September 02, 2021, 8:16 AM IST | Nadeem asran | Mumbai

وکلاء اور کووڈ ٹاسک فورس کی فراہم کردہ اطلاع کا جائزہ لیا گیا، چیف جسٹس نے کہا :تیسری لہر نے دستک دے دی ہے ، عوام اور انتظامیہ دونوں احتیاطی تدابیر پر عمل کریں

Crowds at a weekly market in kandivali. (PTI)
کا ندیولی کی ایک ہفت روزہ مارکیٹ میں بھیڑ۔  ( پی ٹی آئی )

 کورونا وائرس کے مریضوں کے کیسوں میں کمی کے بعد حکومت کی جانب سے تفریح گاہوں اور اور بازاروں کو کھولنےکی اجازت دیئے جانے کے سبب  ہونےوالی بھیڑ سے ایک بار پھر کووڈ کی تیسری لہر کا خطرہ بڑھتا جارہا ہے ۔ اس سلسلے میں بامبے ہائی کورٹ ، وکلاء اور کووڈ ٹاسک فورس کی فراہم کردہ اطلاع کا جائزہ لینے کے بعد بامبے ہائی کورٹ کی فل بنچ نے شدید فکر مندی اور تشویش کا اظہار کیا ہے ۔
 بامبے ہائی کورٹ کی فل بنچ جس میں چیف جسٹس دیپانکر دتا ، جسٹس اے اے سید، جسٹس کے کے ٹائیڈے اور جسٹس پی بی ورالے شامل ہیں ، نے عوام نیزن شہر ی  اور ریاستی حکومت کے متعلقہ محکموں اور ذمہ داروں کومخاطب کرتے ہوئے کہا کہ’’ کووڈ۔۱۹؍ سے متعلق جاری کردہ گائیڈلائن پر عمل کیا جائے، ورنہ ایک بار پھر سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا ۔ ہمیں کورونا وائرس کی سابقہ دونوں لہروں سے سبق لینا چاہئے کیونکہ ابھی ہم نے احتیاط نہیں کیا تو تیسری لہر سے سنگین مسائل کا سامنا کرنا پڑے گاجو ہمارے دروازے پر دستک دے چکی ہے ۔‘‘
 چیف جسٹس نے کہا کہ ’’ہائی کورٹ کی ایڈ منسٹریٹیو کمیٹی کی  تیسری لہر سے متعلق   میٹنگ  ہوئی  جس میں سینئر وکلاء، مختلف متعلقہ محکمہ کے ماہرین اور اسپیشل ٹاسک فورس کے سر براہ ڈاکٹر راہل پنڈت   شامل تھےجنہیں سپریم کورٹ نے منتخب کیا ہے۔‘‘  
 انہوں نے مزیدکہا کہ’’ اس میٹنگ میں اسپیشل ٹاسک فورس کے سربراہ نےتیسری لہر کے دروازہ پر دستک دینے کی اطلاع دی ہے ، اگر ہم نے اب بھی اس پر سنجیدگی سے عمل نہیں کیا اور تمام احتیاطی تدابیر کو نہیں اپنایا تو ہم سبھی کیلئے خطرہ ہوسکتا ہے۔‘‘
  چیف جسٹس کے بقول: ’’ اخبارات میں شائع ہونے والی تصاویر سے اندازہ ہوتا ہے کہ شہریو ں نےکورونا سے محفوظ رہنے کیلئے جاری کردہ ہدایتوں پر عمل کرنا ترک کر دیا ہے ۔شہرکے گیرگام چوپاٹی ، جوہو ، مرین ڈرائیو اور دیگر تفریح گاہوں کے علاوہ بازاروں میں ہونے والی بھیڑ سے متعلق شائع ہونے والی تصاویر اس بات کا واضح اشارہ دے رہی ہیں کہ عوام انتہائی خطرناک وباء سے لاپروا ہوگئے ہیں ۔‘‘ کورٹ نے حکومت ، شہری انتظامیہ اور متعلقہ محکموں کے افسران کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ’’ ہمیں سابقہ تجربات کی روشنی میں لائحہ عمل تیار کرنا چاہئے ۔ تفریح گاہوں اور بازاروں میں ہونے والی بھیڑ پر قابو پانے اور شہریوں کو تیسری لہر سے محفوظ رکھنے کے لئے فوری اقدام کرنا چاہئے ۔‘‘
  فل بنچ نے یہ بھی کہا کہ ’’اگر حکومت اور متعلقہ محکموں کے افسران نے اس پر قابو پانے کے لئے کوئی قدم نہیں اٹھایا تو ہمیں دوبارہ کورونا کے سبب پیدا ہونے والی سابقہ صورتحال کا سامنا کرنا پڑے گا ۔‘‘کورٹ نے ایک بار پھر کورونا وائرس کے سبب شہریوں کے حق میں دیئے گئے احکامات میں توسیع کرتے ہوئےاسے ۳۰؍ ستمبر تک برقرار رکھنے کاحکم دیا ہے ۔کورٹ کے بقول:’’ اس دوران  مذہبی تہواروں کا سلسلہ بھی شروع ہے جس میں بھیڑ بھاڑ کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے اس لئے حکومت ، پولیس اور شہری انتظامیہ اس ضمن میں ٹھوس لائحہ عمل تیار کریں اور تیسری لہر کے خطرے سے بچنے کی بھر پور کوشش کریں ۔‘‘

covid-19 Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK