Inquilab Logo

لوکل ٹرین میں عام افراد کو سفر کی اجازت کا معاملہ معلق

Updated: June 23, 2021, 8:02 AM IST | Mumbai

ریلوے نے صحت عامہ کو ریاست کا مسئلہ قرار دے کر پلہ جھاڑ لیا۔ بی ایم سی نے حالات اور کورونا کی تیسری لہر کے اندیشے کا حوالہ دیا

Only people on essential services are still allowed to travel on local trains. (File photo)
لوکل ٹرینوں میں اب بھی صرف ضروری خدمات پر مامورافراد کو سفر کی اجازت ہے۔(فائل فوٹو)

لوکل ٹرینوں میں عام مسافروں کی سفر کی راہ آسان ہوتی دکھائی نہیں دے رہی ہے ۔ چنانچہ اہل ممبئی کو لوکل ٹرینوں میں سفر کیلئے ابھی مزید انتظار کرنا ہوگا۔ حالانکہ یہ امید کی جارہی تھی کہ شاید جلد ہی کوئی فیصلہ ہوجائے کیونکہ ممبئی میں کووڈ کے  معاملات میں نمایاں کمی آئی ہے اور اس کی بنیاد پر انتظامیہ نے عوام کو کافی راحت دی ہے۔سینٹرل اور ویسٹرن ریلوے  نے صحت عامہ کو ریاست کا‌ معاملہ قرار دے کر اس سلسلے میں کوئی واضح جواب دینے سے پلہ جھاڑ لیا ہے ساتھ ہی یہ بھی دہرایا کہ کووڈ مہاماری کے اس دور میں صحت عامہ کو دیکھتے ہوئے ریاستی حکومت نے محض لازمی خدمات پر مامور عملہ کو ہی ٹرینوں میں سفر کی اجازت دی ہے۔ اس لئے عام مسافروں کو کب اجازت دی جائے گی ریلوے کے پاس اس کا واضح جواب نہیں ہے بلکہ اس کا جواب ریاستی حکومت دے گی۔
  ریلوے نے اپنی تیاری پہلے سے ہی پوری کر لی ہے اور تمام احتیاطی تدابیر کو اپناتے ہوئے۹۵؍ فیصد سے زائد لوکل ٹرین خدمات مہیا کروا رہی ہے۔‌ریلوے انتظامیہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ عام مسافروں کے لئےلوکل ٹرین چلانے کے لئے بھیڑ بھاڑ پر قابو پانا بنیادی مسئلہ ہے۔ اسی وجہ سے عام مسافروں کو فوری طور پر اجازت دینے کی کوئی سبیل نظر نہیں آ رہی ہے اور  حتمی طور پر اس کے لئے کوئی تاریخ مقرر  نہیں کی جاسکتی ہے کہ کب سے عام مسافر‌ لوکل ٹرینوں میں سفر کرسکیں گے۔
  دوسری جانب ریاستی حکومت بالخصوص شہری انتظامیہ کی جانب سے جو رخ اپنایا گیا ہے اور یہ کہا گیا ہے کہ ممبئی خواہ لیول ون میں‌ کیوں نہ آگیا ہو لیکن تیسری لہر آنے کے امکان کی وجہ سے کئی طرح کے اندیشے ہیں لہٰذا ان حالات میں شہری انتظامیہ کوئی خطرہ مول لینا نہیں چاہے گا اور تمام شہریوں کو لوکل ٹرینوں میں سفر کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔
  اس سے یہ صاف ہوجاتا ہے کہ ممبئی واسیوں کی سفر کی مشکلات ابھی کم ہونے والی نہیں ہیں۔ انہیں لوکل ٹرینوں کے بجائے دیگر ذرائع سفر سے ہی کسی صورت اپنی منزل تک پہنچنا ہوگا۔ حالانکہ متعدد مرتبہ یہ بات سامنے آئی ہے اور یہ اعتراف کیا گیا ہے کہ دیگر ذرائع سفر اور متبادل انتظامات ٹرینوں میں سفر کرنے والے۸۰؍ لاکھ مسافروں کے لئے کافی نہیں ہوسکتے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK