Inquilab Logo

کورونا کی نئی قسم اومائیکرون امریکہ، سعودی عرب اور متحدہ امارات تک بھی پہنچ گئی

Updated: December 03, 2021, 10:42 AM IST | Washington

کورونا وائرس کی نئی قسم ’اومائیکرون‘ نے اپنے پیر پھیلانے شروع کر دیئے ہیں اور یہ امریکہ، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات تک پہنچ گیا ہے جہاں ویکسی نیشن کی شرح پہلے ہی بہت زیادہ ہے۔

Corona testing has been extended again around the world. (Photo: Agency)
دنیا بھر میں دوبارہ کورونا ٹیسٹنگ بڑھا دی گئی ہے ۔(تصویر : ایجنسی)

کورونا وائرس کی نئی قسم ’اومائیکرون‘ نے اپنے پیر پھیلانے شروع کر دیئے  ہیں اور یہ امریکہ، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات تک پہنچ گیا ہے جہاں ویکسی نیشن کی شرح پہلے ہی بہت زیادہ ہے۔ ان تینوں ہی ممالک میں اومائیکرون کے ایک ایک مریض کی تشخیص ہوئی ہے۔ 
 امریکہ میں کورونا کی نئی قسم اومائیکرون  وائرس کا پہلا کیس لاس اینجلس میں سامنے آیا ہے جو ایسے شخص میں تشخیص کیا گیا ہے جس نے کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین لگوا رکھی تھی۔ وہائٹ ہاوس کی جانب سے اس بات کا اعلان بدھ کے روز کیا گیا جبکہ سائنسدان ابھی وائرس سے لاحق نئے خطرات پر تحقیق کر رہے ہیں۔متعدی امراض اور الرجی کے قومی انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر انتھونی فاؤچی نے کہا ہے کہ وائرس کی نئی قسم سے متاثر ہونے والاشخص ۲۲؍نومبر کو جنوبی افریقہ سے امریکہ واپس آیا تھا اور اس میں اومائیکرون کی تشخیص ۲۹؍نومبر کو ہوئی۔ڈاکٹر فائوچی نے کہا کہ متاثرہ شخص نے ویکسین لگوا رکھی تھی لیکن اس نے ابھی بوسٹر شاٹ نہیں لگوایا تھا اور اس نے کووڈ کی ہلکی علامات کی شکایت کی تھی۔
   ادھر سعودی وزارت صحت نے بھی ملک میں پہلے اومائیکرون کیس کی تصدیق کی  ہے۔ وزارت صحت نے بدھ کے روز شمالی افریقہ سے آنے والے ایک شہری میں اومائیکرون  کی تصدیق کی ہے۔ وزارت صحت کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ  مذکورہ شخص شمالی افریقہ سے آیا ہے  اور اومائیکرون کی تصدیق ہونے کے بعد اسے قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔ ساتھ ہی  اسے ہر طرح کی طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ بیان میں یہ واضح نہیں کیا گیا ہے کہ مذکورہ شخص سعودی کے کس شہر میں مقیم ہے۔ 
   دوسری طرف ایک اور خلیجی ملکمتحدہ عرب امارات میں بھی اومائیکرون کے ایک مریض کی تشخیص ہوئی ہے۔  صحت اور کمیونٹی پروٹیکشن کی وزارت نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ  افریقی ملک سے آنے والی ایک افریقی خاتون کے کورونا کی تبدیل شدہ نئی قسم ’اومائیکرون سے متاثر ہے۔ واضح رہے کہ  یو اے ای میں کورونا کی اس نئی شکل کا یہ پہلا کیس ہے۔ یہ خاتون افریقی ممالک سےآئی اور ایک عرب ملک سے بھی اس کا گزر ہوا ہے۔ اس نے کورونا ویکسین کی دونوں خوراکیں لے رکھی ہیں۔ ’ایمریٹس نیوز‘ کے مطابق وزارت صحت نے بدھ کے روز بتایا کہ متاثرہ خاتون کو قرنطینہ میں رکھا گیا ہے اور اس کی صحت کی حالت پر نظر رکھی جا رہی ہے۔ جن لوگوں کا اس سے رابطہ تھا انہیں الگ تھلگ کردیا گیا ہے، نیز تمام ضروری صحت کے اقدامات کئے گئے ہیں۔

covid-19 Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK