Inquilab Logo

غزہ میں موجود ’پیپسی ‘کی فیکٹری اسرائیلی پابندیوں کے سبب بند ہو گئی

Updated: June 24, 2021, 8:23 AM IST | gaza

صہیونی ریاست نے اپنے یہاں سے اشیا کی بر آمد بند کر رکھی ہے جس کی وجہ سے کمپنی کو خام مال دستیاب نہیں ہورہا ہے اور پروڈکشن رک گیا ہے

Pepsi factory in Gaza (file photo)
غزہ میں واقع پیپسی کی فیکٹری (فائل فوٹو)

گزشتہ ماہ فلسطینیوں اور اسرائیل کے درمیان ۱۱؍ روز تک جاری رہنے والی جھڑپوں کے بعد اسرائیل کی درآمدات پر عائد پابندی سے غزہ میں مشروبات بنانے والی معروف کمپنی ’پیپسی‘ کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔اسرائیل اور  فلسطینی مزاحمتی گروہ حماس کے درمیان جنگ بندی کے بعد پیر کو اسرائیل نے غزہ کیلئے محدود پیمانے پر برآمدات کھول دی ہیں۔
 غزہ کے حمام الیزیجی کا کہنا ہے کہ ان پابندیوں میں نرمی کے باوجود خام مال کی درآمدات پر عائد بندشیں برقرار ہیں جس کی وجہ سے کمپنی کو خام مال جیسے کاربن ڈائی آکسائیڈ گیس اور پیپسی، سیون اپ اور مرنڈا سوڈا کی بوتلیں تیار کرنے کیلئے درکار سیرپ دستیاب نہیں ہے۔انہو ں نے بتایا کہ گزشتہ روز خام مال ختم ہونے کی وجہ سے انہیں فیکٹری بند کرنی پڑی او ۲۵۰؍ ملازمین کو گھر بھیج دیا گیا ہے۔
حمام الیزیجی کا کہنا ہے کہ گزشتہ ماہ ہونے والی لڑائی سے قبل اسرائیل نے مشروبات کی تیاری کیلئے درکار خام مال درآمد کرنے کی اجازت دے رکھی تھی۔
 اسرائیل کی وزارتِ دفاع کے شعبے ’کوآرڈی نیٹر آف گورنمنٹ ایکٹیویٹیز ان دی ٹیریٹریز‘ (کوگیٹ) نے بتایا ہے کہ سیکوریٹی  کے پیشِ نظر اسرائیل سے غزہ کیلئے صنعتی خام مال کی برآمد ممکن نہیں ہے۔کوگیٹ کے مطابق اسرائیل نے غزہ میں ایندھن، خوراک، ادویہ اور طبی آلات درآمد کرنے کی اجازت دے دی ہے۔کہا جا رہا ہے کہ ان پابندیوں کے سبب غزہ میں دیگر فیکٹریاں بھی بند ہو سکتی ہیں۔اقوامِ متحدہ کے اعداد و شمار کے مطابق غزہ میں پیداواری شعبے کا معیشت میں حصہ صرف ۱۰؍ فی صد ہے جبکہ زیادہ تر معیشت کا انحصار خدمات یا سروس کے شعبے پر ہے۔
غزہ میں پیپسی فیکٹری کب بنی؟
 غزہ میں پیپسی کی فیکٹری ۱۹۶۱ءسے قائم  ہے جس کی مالیت ڈیڑھ کروڑ ڈالر بتائی جاتی ہے اور اس کی پیداوار مقامی سطح ہی پر فروخت کی جاتی ہے۔ اس کی دوسری شاخ مغربی کنارے میں ہے جس کی مالیت تین کروڑ ڈالر ہے۔ یہ شاخ اس علاقے کےعلاوہ مشرقی یروشلم کو بھی اپنے مشروبات فراہم کرتی ہے۔کمپنی اتوار کو بند ہونے سے قبل اسکے ۶۰؍ برس مکمل ہونے کا جشن منانے کی تیاری کر رہی تھی۔یزیجی کا کہنا کہ یہ سال غیر معمولی ہونا چاہئے تھا مگر ہمیں سالگرہ منانے سے محروم کردیا گیا۔

gaza Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK