Inquilab Logo

وزیر اعظم وارانسی پہنچے، بی جے پی کے مشن۲۰۲۲ءکا آغاز

Updated: July 16, 2021, 8:37 AM IST | Lucknow

لمبے عرصہ بعداپنے انتخابی حلقےکادورہ، اپوزیشن پر بالواسطہ حملہ، یوگی کی جم کر تعریف کی،یوپی میں بدعنوانی،ا قرباء پروری، مافیا اور غنڈہ گردی سے پاک حکومت ہونے کا دعویٰ ، اتر پردیش کو کاروبارکیلئے پسندیدہ ریاست قراردیا ،کئی پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد اورکئی کا افتتاح

Prime Minister Modi during a meeting at the Rudraksh Convention Center in Varanasi. (PTI)
وارانسی کے ’رودراکش‘ کنونشن سینٹر میں وزیر اعظم مودی جلسے کے دوران ۔(پی ٹی آئی )

زیرا عظم نریندر مودی نےجمعرات کو اپنے پارلیمانی حلقہ وارانسی سے بی جے پی کے مشن ۲۰۲۲ءکا بالواسطہ آغاز کردیا ۔تقریباً۸ ماہ بعد اپنے انتخابی حلقے کے دورہ پر پہنچےوزیر اعظم نے کاشی میںکئی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا اور مکمل ہوچکے پروجیکٹوں کا افتتاح بھی کیا ۔تقریباً ۵؍ گھنٹہ کے دورے  پر انہوں نےدو میٹنگوں  سے بھی خطاب کیا اوراپوزیشن جماعتوں کا نام لئے بغیر انہیں ہدف تنقید بنایا ۔ان کی تقریر میں بی جے پی حکومتوں کے’ گن گان‘ اورغیر بی جے پی حکومتوں کی سرزنش تھی۔ پہلی عوامی میٹنگ بی ایچ یو میں آئی آئی ٹی میدان میں ہوئی جس میں تقریباً ۵ ؍ہزار سامعین تھے۔انہوں نے بی جے پی کے خاص ووٹ بینک کو پیغام دیتے ہوئےمذہبی نعرہ’ ہر ہر مہادیو‘ سے تقریر کی شروعات کی اور پوروانچل کی زبان بھوجپوری میں بھی باتیں کیں۔
 تقریباً ۴۵ ؍منٹ کی تقریر میں وزیر اعظم نے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی۶؍ بار تعریف کی اور دعویٰ کیا کہ یوگی اتر پردیش کو سنوارنے کےلئےجی توڑ محنت کررہے ہیںاور کاشی پر ان کی خاص توجہ رہتی ہے۔ مودی نےکہاکہ اتر پردیش کی آبادی دنیا کے کئی بڑے ملکوں سے بھی زیادہ ہے،باوجود اس کے یوپی نے کورونا کی دوسری لہر کو بہت عمدہ طریقہ سے سنبھالا ہے ۔کورونا مخالف جنگ پر انہوں نے کہا کہ کورونا دور میں بھی یوپی اور کاشی نے بےمثال کام کیا اور یہ دکھا دیا کہ یہ شہر رُکتا ہے نہ تھکتا ہے۔وزیرا عظم نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ موجودہ وقت میں’ میک اِن انڈیا‘کیلئے یوپی پسندیدہ جگہ بن گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب یہاں والدین کو اپنی بیٹیوں کی سیکوریٹی کی فکر نہیں، کیونکہ یوگی حکومت نے غنڈہ گردی کی کمر توڑ دی ہے۔
  کسی پارٹی کا نام لئے بغیر انہوں نے طنز کرتے ہوئے کہاکہ کچھ سال پہلے تک یوپی میں کاروبار کرنا مشکل تھا اور ۲۰۱۷ء سے پہلے مرکز سے جواسکیمیں آتی تھیں ، جو پیسے آتے تھےوہ لکھنؤ سے آگے بڑھ ہی نہیں پاتے تھے۔طرح طرح  کی رکاوٹیں لگائی جاتی تھیں۔مودی نےکہاکہ لوگوں نے وہ دور بھی دیکھا ہے جب دماغی بخار کا سامنا کرنا مشکل تھا،چھوٹی بیماریاں بھی بڑی لگتی تھیں، لیکن آج عالم یہ ہے کہ یو پی میںسب سے زیادہ ٹیسٹنگ ہورہی ہے، ٹیکہ کاری ہورہی ہے۔ میڈیکل کالج چار گنا ہوچکے ہیں۔ بنارس میں ہی ۱۴ ؍آکسیجن پلانٹ کا افتتاح ہوچکا ہے جبکہ ریاست بھر میں تقریباً ۵۵۰؍ ایسے پلانٹ لگائے جارہے ہیں۔
 وزیر اعظم مودی نے اپنی تقاریر میںمرکزی و ریاستی بی جے پی حکومت کی حصولیابیاں گنوائیں اور کہا کہ کاشی کے ترقیاتی پروجیکٹوں نے اس کی شکل و صورت بدل دی ہے، اس میں نئی چمک بکھیر رہا ہے۔انہوں نے گنگا کی صفائی ، گھاٹوں پر ہونے والے آرتی پروگرام کے لئے کئے جارہے انتظامات کا بطور خاص ذکر کیا۔فلائی اوورپانچ کوسی پروجیکٹ کی بھی بات کی۔قبل ازیں، وزیر اعظم مودی نے مکمل ہوچکے ۲۸؍ پروجیکٹوں کابٹن دبا کر افتتاح کیا اور۲۰؍پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھا۔
 اس موقع پر اتر پردیش کی گورنر آنندی بین پٹیل ، وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ ڈائس پر موجود تھے ۔ صبح ۳۰:۱۰ ؍بجے وزیر اعظم بابت پور بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پہنچے جہاں سے بذریعہ ہیلی کاپٹر بی ایچ یو ہیلی پیڈ پہنچے۔یہاں ہیلی پیڈپرگورنر آنندی بین پٹیل اور وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے گرمجوشی سے ان کا خیر مقدم کیا۔عوامی میٹنگ کے بعد وزیر اعظم کا ہیلی کاپٹر تلیا باغ واقع سنسکرت یونیورسٹی گرائونڈپہنچا ۔ وہاں سے کاروں کے قافلہ کے ساتھ کچھ ۲؍ کلو میٹرکے فاصلہ پر سگرا واقع بین الاقوامی ’رودراکش ‘کنونشن سینٹر پہنچے اور تقریباً۵۰۰؍ شرکاء سے خطاب کیا۔مودی نے کہاکہ جاپان کے تعاون سے یہ بین الاقوامی رودراکش کنونشن سینٹر عمل میں آیاہے، جس سے دونوں ملکوں کے رشتوں میں مزید مضبوطی آئے گی ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK