Inquilab Logo

مسلم محلوں میں جگہ جگہ قربانی کے بکروں کی خریدوفروخت شروع، دیونار مذبح میں کوئی ہلچل نہیں

Updated: July 02, 2021, 9:21 AM IST | kazim shaikh | Mumbai

عارضی باڑوں میں بکروں کی قیمت گزشتہ سال کے مقابلے دگنی، دیونار میں قربانی کےبڑے جانوروں اور بکروں کی خریدو فروخت کے متعلق حکومت اور بی ایم سی کی طرف سے کوئی گائیڈ لائن جاری نہیں کی گئی : مذبح کےجنرل منیجر

A large number of goats have come to the streets.Picture:Inquilab
گلی محلوں میں بڑی تعداد میں بکرے آچکے ہیں تصویر انقلاب

ممبئی شہر اور مضافات میں قربانی کیلئے اب تک ریاستی حکومت اور بی ایم سی کے ذریعہ کوئی گائیڈ لائن اور سرکیولر جاری نہیں کیا گیا ہےاور نہ ہی اس سلسلے میں اب تک کوئی وضاحت کی گئی ہےکہ مسلمان بڑے اور چھوٹے جانوروں کی قربانی کیسے کریں گے۔ البتہ مسلم محلوں میں قربانی کے بکروں کیلئے بنائے گئے باڑوں میں جانوروں کی خرید وفروخت شروع ہوچکی ہے لیکن گزشتہ برس کے مقابلے اس سال ابتدائی دنوں سے ہی بکرے کافی مہنگے فروخت ہورہے ہیں ۔ 
دیونار میں قربانی کی کوئی گہما گہمی نہیں 
  ساکی ناکہ خیرانی روڈ پر لکی ہوٹل کے قریب رہنے والے بقرعیدمیں قربانی کے بکروں کے تاجر فخرالدین نےنمائندۂ انقلاب سےگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ برس کی طر ح اس سال بھی کورونا کی وجہ سے ہونے والے لاک ڈاؤن کے پیش نظرگوونڈی کے دیونار میں قربانی کے جانوروں اور باہر سے آنے والے تاجروں کی کوئی گہما گہمی نہیں ہے ۔ اس سے یہ بات صاف طور سےظاہر ہوچکی ہے کہ اس سال بھی قربانی کےجانور دیونار مارکیٹ میں فروخت ہونے کیلئے نہیں آنے والے ہیں ۔ 
 قربانی کے بکروں کی خرید وفروخت شروع 
  انھوں نےمزیدکہاکہ دیونار میںاب ۲؍ سال سے قربانی کے بکرے وغیرہ مسلم محلوں میںعارضی باڑے بناکر فروخت کئے جاتےہیں۔ گزشتہ سال بکروں کوممبئی لانے میں تاجروں کو جو دقتیں پیش آئی تھیں ۔ اسی کے پیش نظر ممبئی کے بارڈر پر پریشانی سے بچنے کیلئے  اس سال تاجر بکرے جلدی لے کر آگئے ہیں ۔انھوں نےمزید کہا کہ ساکی ناکہ کے خیرانی روڈ پر اب تک تقریباً ۵۰؍ باڑوں میں قربانی کے بکرے فروخت کرنے کیلئے دوسری ریاستوں سے لائے گئے  ہیں ۔اسی طرح ساکی ناکہ کے علاوہ شہر کے دوسرے مسلم علاقوں میں بھی قربانی کے بکروں کی خرید وفروخت شروع ہوگئی ہے ۔
بکروں کی قیمت دگنی 
 ایک سوال کے جواب میں فخرالدین نے مزید کہا کہ گزشتہ برس قربانی کے زندہ بکروں کی قیمت فی کلو گرام ۳۵۰؍ روپے سے شروع ہوئی تھی اور عیدالاضحی کی آٹھویں اور نویں تاریخ تک شہر کے باڑوں میں قربانی کے تمام بکرے فروخت ہوگئے تھے اور آخری ایام تک ان کی قیمتیں ۷۰۰؍ سے ۸۰۰؍ روپے فی کلوگرام تک پہنچ گئی تھی۔
 انہوںنے مزید بتایا کہ اس سال پہلے دن سے ہی  زندہ بکروںکی قیمت ۵۵۰ سے ۶۰۰ روپے تک فی کلوگرام شروع ہوئی ہے اور امسال بکروں کی قیمت کم سے کم دوگنی ہوگی ۔  
بکروں کی گاڑیاں روکی جارہی ہیں 
 ساکی ناکہ خیرانی روڈ حسینیہ مسجد کے قریب قربانی کے بکروں کے تاجر رضوان  راعین نےبتایا کہ وہ راجستھان سے بکرے خرید کر لائے ہیں اور ان میں الگ الگ نسل اور رنگ کے بکرے ہیںاور ان کی قیمتیں بھی لگ الگ ہیں ۔ہر سال کی طرح ممبئی کے باڈرپربکروں کی گاڑیوں کو روکنے کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے ۔یہی وجہ ہے کہ ہم قربانی کے بکرے پہلے ہی لے کر آ گئے ہیں ۔ 
بکروں کی خریدوفروخت کی اجازت  
 ایک سوال کے جواب میں رضوان راعین کا کہنا ہے کہ عارضی طور پر قربانی کے بکروں کو فروخت کرنے کیلئے اجازت لی جاتی ہے لیکن چوں کہ یہ مذہبی معاملہ ہے اس لئے مقامی پولیس اسٹیشنوں کی جانب سے اس سلسلے میں کوئی سختی نہیں کی جاتی ہے ۔ 
 جانوروں کا پالنا بہت مشکل 
 اس ضمن میں ساکی ناکہ کے ایک تاجر نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر کہا کہ راجستھان وغیرہ سے بکروں کی خریداری بھی اب کافی مہنگی ہوتی ہے۔ اب دیہاتوں کے لوگ بھی بکرے وغیرہ کم پالتےہیں۔ کیوں کہ ایک بکرا پالنے پر روزانہ اس کے کھانے میں ۵۰؍ سے ۶۰ روپے خرچ ہوتےہیں۔ اسی طرح ایک بکرے پر سالانہ ۱۸۰۰۰؍ روپے خرچ ہوجاتے ہیں اور اگر اس دوران ایک بکرا بھی مر گیا توبڑا نقصان ہوجاتاہے۔ اس سال جانوروں کے مہنگا ہونے کی ایک وجہ یہ بھی ہے ۔ 
دیونار انتظامیہ پر الزام 
 دیونار میں بکروں کے ایک تاجر نےالزام لگایا کہ دیونار میں سلاٹر ہاؤس میںروزانہ ذبح ہونے والے بکروں کی مارکیٹ میں حالیہ دنوں کچھ قربانی کے بکرے بھی لائے گئے تھے اور دعویٰ کے مطابق کئی  جانوروں فروخت بھی کئے گئے لیکن جب انتظامیہ کو معلوم ہوا تو انھوں نے دیونار مارکیٹ میں معمول کے مطابق دکانوں پر ذبح ہونے والے بکروں کو بھی خرید کرمذبح سے باہر لے جانے پر پابندی عائد کردی۔ 
جنرل منیجر کی وضاحت 
 اس ضمن میں انقلاب نے دیونار مذبح کے جنرل منیجر ڈاکٹر یوگیش شیٹے سے بات چیت کی تو انھوں نے واضح طور پرکہاکہ دیونار میں بڑے جانوروں کی قربانی اور دیونار مارکیٹ قربانی کیلئے آنے والے بکروں کے بارے میںکوئی گائیڈ لائن یا سرکیولر ہم تک نہیںپہنچا ہے۔البتہ دیونار میں روزانہ ذبح ہونے والے بکروں کی خرید وفروخت پر کوئی پابندی نہیں ہے ۔ شہر اور مضافات کی دکانوں پر ذبح کرکے فروخت ہونے والے بکرے اب بھی دیونار سے ممبئی ، نوی ممبئی اور ر تھانے وغیرہ لے جائےجاتے ہیں ۔ ان کی خرید وفروخت پر کسی بھی طرح کی کوئی پابندی نہیں ہے ۔

deonar Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK