Inquilab Logo

ملک میں ویکسین کی کمی مرکزی حکومت کی غلط پالیسیوں کا نتیجہ

Updated: June 19, 2021, 8:35 AM IST | Mumbai

ممبئی کے نگراں وزیر اسلم شیخ نے ویکسین کی قلت پر مرکز کی مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا

minister Aslam Sheikh, caretaker of Mumbai.Picture:inquilab
ممبئی شہر کے نگراں وزیر اسلم شیخ۔

مرکزی حکومت کی غلط پالیسیوں کے سبب ملک میں   ویکسین کی کمی اور ٹیکہ کاری کے نام پر جعلسازی جیسے حالات پیش آرہے ہیں جن پر میونسپل کارپوریشن و ریاستی حکومت کا کنٹرول اور نگرانی رکھنا بہت مشکل ہے۔ مذکورہ خیالات کا اظہار ممبئی شہر کے نگراں وزیر اسلم شیخ نے کیا۔
  واضح رہے کہ گزشتہ روز ممبئی پولیس نے ممبئی مضافات کے کاندیولی علاقے کی ایک رہائشی سوسائٹی میں فرضی ویکسی نیشن کیمپ کے نام پر جعلسازی کرنے والے ایک گروہ کے ۴؍افراد کو گرفتار کیا ہے۔  ان  فریب دہی کرنے والوں نے ممبئی میں ایسے کیمپوں کا انعقاد کرکے تقریباً ایک ہزار سے زائد افراد کو چونا لگانے کا کام کیا ہے۔ 
 اس معاملے میں ذرائع ابلاغ سے بات چیت کے دوران ممبئی شہر کے نگراں وزیر اسلم شیخ نے نجی اسپتالوں کو ویکسین فراہم کرنے کے لئے مرکزی حکومت کی پالیسی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت کی غلط پالیسیوں کے سبب آج ملک کو نہ صرف  ویکسین کی کمی بلکہ ٹیکہ کاری کے نام پر ہونے والی جعلسازی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور مرکزی حکومت کے اس غلط فیصلے کے سبب ریاستی حکومت اور کارپوریشن کے لئے ایسے معاملوں پر کنٹرول اور ان کی نگرانی مشکل ہے۔
   وزیر  نے یہ بھی کہا کہ پولیس کی تفتیش میں مزید انکشاف ہوگا کہ اس گھوٹالے میں اور کون کون ملوث ہیں کیونکہ ان جعلسازوں کے پاس سے بی ایم سی کے زیر انتظام کووڈ سینٹر سمیت مختلف نجی اسپتالوں سے ٹیکہ لگانے کے لئے جاری کردہ سرٹیفکیٹ حاصل ہوئے ہیں اور یہ ایک سنگین معاملہ ہے جس کی باریک بینی سے جانچ کی جا رہی ہے ۔ آخر میں اسلم شیخ نے نجی سوسائٹیوں ، کارپوریٹ ہاؤسیز سے درخواست کی ہے کہ وہ جب بھی اس طرح کے ویکسی نیشن کیمپ کا انعقاد کریں  تو میونسپل کارپوریشن اور سرکاری انتظامیہ کو مطلع کریں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK