Inquilab Logo

روس پر امریکہ ، برطانیہ ،جرمنی، آسٹریلیا اور جاپان نےپابندیوں کا اعلان کردیا

Updated: February 24, 2022, 12:02 PM IST | Agency | Washington

باغیوں کے کنٹرول والے علاقوں کو علاحدہ ملک کے طور پر تسلیم کرنا یوکرین کی سالمیت پر حملہ قرار دیاگیا، عالمی قوانین کی خلاف ورزی کا الزام

Joe Biden announces sanctions on Russia .Picture:INN
جو بائیڈن نے رو س پر پابندیوں کا اعلان کیا۔ تصویر: آئی این این

 یوکرین کے باغی علاقوں کو آزاد ملک کے طور پر تسلیم کرنے کے روس کے فیصلے نے حالات کو دھماکہ خیز کردیا ہے ۔سخت موقف اختیار کرتے ہوئے پہلے امریکہ نے اس پر پابندیوں کا اعلان کیا اس کے بعد  برطانیہ، جرمنی،آسٹریلیا اور جاپان نےبھی پابندیاں نافذ کر دیں۔   امریکی صدر جو بائیڈن نے یوکرین میں روس کی کارروائیوں کو ’ حملے کا آغاز‘ قرار دیتے ہوئے روس کے بینکوں اور اعلیٰ حکومتی عہدیداروں کے خلاف سخت مالی پابندیوں کا حکم دے دیا ہے۔ اس سے قبل روس کےاراکین پارلیمان نے صدر ولاد یمیر پوتن کو اختیار دے دیا تھا کہ وہ اپنے ملک سے باہر فوجی طاقت کا استعمال کر سکتے ہیں۔وہائٹ ہاؤس سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر جو بائیڈن نے صدر پوتن کو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیا اور کہا ہےکہ یوکرین پر روس کے حملے کا آغاز ہو چکا ہے۔  بائیڈن نے سخت موقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر پوتن مزید آگے بڑھتے ہیں تو مزید سخت پابندیاں عائد کی جائیں گی۔امریکہ کے صدر نے یہ اقدام یورپی یونین کے ۲۷؍ لیڈروں کی تائید کے ساتھ اٹھایا جنہوں نے منگل  کو روس کے عہدیداروں کو یوکرین سے متعلق اقدامات پر ہدف بنانے والی ابتدائی پابندیوں پر اتفاق کیا تھا۔ جرمنی نے بھی اعلان کیا ہے کہ وہ روس کے ساتھ نارڈ اسٹریم ٹو نامی گیس پائپ لائن پر کام روک رہا ہے۔ یہ گیس پائپ لائن روس کیلئےایسا فائدہ مند منصوبہ ہے جس کی طرف وہ طویل عرصے سے دیکھ رہا ہے۔صدر جو بائیڈن نے کہا کہ یوکرین کے بارے میں پوتن کے دعوے ہم میں سے کسی کو دھوکے میں نہیں رکھ سکتے۔ آسٹریلیا نے بھی  روس  کے تعلق سے پابندیوں کا اعلان کرتے ہوئے اس کے اس دعوے کو مضحکہ خیز قراردیا ہے کہ یوکرین کے باغی علاقوں میں اس کی فوج امن   کے تحفظ کے مقصد سے داخل ہوئی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK