Inquilab Logo

امریکی وزیرخارجہ کے دورۂ مشرق وسطیٰ کا آغاز،پہلی منزل مصر

Updated: January 30, 2023, 12:58 PM IST | United States | Washington

صدر عبدالفتاح السیسی سے ملاقات ہوسکتی ہے ، آج اور کل فلسطین اور اسرائیل جائیں گے جہاں محمود عباس اور بنیامین نیتن یاہو سے ملاقات کریں گے

Antony Blanken tweeted this picture while leaving for the tour.
دورے پر روانہ ہو تے وقت انٹونی بلنکن نے یہ تصویر ٹویٹ کی۔

 اتوار کو امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن  نےاسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان شدید کشیدگی پیدا ہونے کے بعد اپنے  دورۂ مشرق وسطیٰ کا آغاز کیا  اور سب سےپہلے اتوار کو مصر پہنچے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق انٹونی بلنکن آج اور کل( پیر اور منگل کو) یروشلم اور راملہ پہنچیں گے۔
  قبل ازیں امریکی محکمۂ خارجہ  کے ترجمان ویڈنٹ پیٹل نے یہودی عبادت گاہ پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے صحافیوں کو بتایا کہ انٹونی بلنکن اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو اور فلسطین کے صدر محمود عباس سے ملاقات کریں گے اور ان سےکشیدگی ختم کرنے کیلئے قابل ذکر اقدامات کا مطالبہ کریں گے۔ اس بات کا بھی امکان ہے کہ امریکی وزیر خارجہ مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی سے بھی بات چیت کریں گے کیونکہ مصر مشرق وسطیٰ میں امریکہ کا ہم شراکت دار شمار کیا جاتا ہے۔یاد رہے کہ جمعہ کو یروشلم میں یہودیوں کی عبادت گاہ پر ایک مسلح شخص کی فائرنگ کے نتیجے میں۷؍ افراد ہلاک جبکہ سنیچر کو ایک حملے میں ۲؍ افراد زخمی ہوگئے۔ فائرنگ کا یہ واقعہ مغربی کنارے میں جنین کے پناہ گزیں کیمپ میں اسرائیلی فوج کے ہاتھوں ایک معمر خاتون سمیت ۱۰؍ فلسطینیوں کے قتل کے بعد پیش آیا ہے۔ اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں کیخلاف یہ حالیہ برس میں کیا جانے والا بدترین آپریشن تھا جس کے بارے میں اسرائیل نے موقف اپنایا کہ وہ اسلامی جہاد سے وابستہ جنگجوؤں اور راکٹ داغنے والے حماس کے عسکریت پسندوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔
 عرب ممالک کو تشویش
 دوسری جانب عرب ممالک میں اسرائیل فلسطین کشیدگی   سے متعلق تشویش پائی جاتی ہے۔سعودی عرب نے سنیچر کو اسرائیل اور فلسطین  کے شہریوںکے درمیان صورتحال کو مزید خطرناک حد تک بڑھنے سے خبردار کیا ہے۔سعودی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں فلسطینی اور اسرائیل کے شہریوں کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی اور خطرناک صور حال پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔
سعودی وزارت خارجہ کا بیان
  میڈیارپورٹس میں سعودی سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے  حوالے بتایا گیا،’’ سعودی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ سعودی عرب شہریوں کو نشانہ بنانے والے ہر اقدام کی مذمت کرتا ہے۔‘‘ بیان میں زور دیا گیا کہ بڑھتی ہوئی کشیدگی کو فوری طور پر روکنے، علاقے میں امن بحال کرنے اور ناجائز قبضے کو فوری طور پر ختم کرنے کی ضرورت ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK