Inquilab Logo

یوگی حکومت سماجوادی پارٹی سے خوف زدہ ہے

Updated: January 19, 2022, 8:37 AM IST | hasan ibrahim | Lucknow

اکھلیش یادو نے پریس کانفرنس میں کہا کہ اسی لئے ایس پی کے لیڈروں کوفرضی معاملات میں پھنسایا جارہا ہے، سماجوادی سربراہ نے ’’۳۰۰؍ یونٹ بجلی پاؤ ،نام لکھواؤ ،چھوٹ نہ جائو‘‘ مہم بھی شروع کی، آج سے رجسٹریشن کا آغاز، پارٹی کارکن گھر گھر جائیں گے

Addressing the press conference, Akhilesh, along with Abdullah Azam and Swami Prasad Moriah
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اکھلیش، ساتھ میں عبداللہ اعظم اور سوامی پرساد موریہ

 سماجوادی پارٹی کے قومی صدر اکھلیش یادو نے منگل کو ایک پریس کانفرنس میں بی جے پی کو آڑے ہاتھوں لیا اور ا لزام عائد کیا کہ وہ سماجوادی پارٹی سے بری طرح خوف زدہ ہے، اسلئے  وہ ایس پی کے لیڈروں کو فرضی مقدمات میں پھنسا رہی ہے۔ اس موقع پر انہوں نےایک بار پھر۳۰۰؍ یونٹ مفت بجلی دینے کا وعدہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سماجوادی پارٹی ’’۳۰۰؍ یونٹ بجلی پاؤ ،نام لکھواؤ ،چھوٹ نہ جائو‘‘ مہم چلائے گی۔ پارٹی کارکنان اس مہم کے تحت گھر گھر جائیں گےاور۳۰۰؍ یونٹ مفت بجلی کے خواہشمند افراد کا فارم پر کروائیںگے۔ جن کے پاس بجلی کا بل ہے فارم پر وہی نام لکھناہوگا اور جو مستقبل میں کنکشن لینا چاہتے ہیں وہ راشن کارڈ کے مطابق نام لکھیں ۔ اکھلیش یادو نے کہا کہ ہم الیکشن کمیشن سے  انتخابی مہم چلانے کیلئے رتھ چلانے کی بھی اجازت مانگیں گے۔
  الیکشن کمیشن سے سماجوادی پارٹی کی منظوری منسوخ کرنے کیلئے دائر درخواست کے سوال پر اکھلیش یادو نے کہا کہ پہلے بی جے پی کی منظوری کو رد کیا جائے کیونکہ وزیر اعلیٰ کے خلاف بھی مجرمانہ مقدمات درج ہیں۔ اس کے علاوہ ڈپٹی سی ایم کے خلاف بھی کئی معاملات درج ہیں۔اس کے علاوہ پارٹی کے کئی سینئر لیڈران کے خلاف بھی  اس طرح کے مقدمات درج ہیں۔انہوں نے کہا کہ جہاں تک سماجوادی کے لیڈروں کے خلاف مقدمات کی بات ہے تو ان میں سے بیشتر معاملات فرضی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رام پور آئے ایک ضلع مجسٹریٹ  نے اپنے آؤٹ آف ٹرن پروموشن کیلئے من مانی طور پر مقدمات درج کرائے تھے۔ اسی کڑی میں ناہید حسن کے خلاف بھی معاملہ درج کیا گیا ہے۔اس موقع پر انہوں نے کانگریس کو بھی آڑے ہاتھوں لیا۔ انہوں نے کہا کہ عبداللہ اعظم کو پھنسانے میں کانگریس اور بی جے پی دونوں شامل تھے۔ یہ بی جے پی کی چال ہے، پھر بھی سماجوادی پارٹی اور دیگر اتحادی جماعتیں ڈیجیٹل پلیٹ فارم کا استعمال کرتے ہوئے پوری تیاری کے ساتھ عوام تک پہنچ رہی ہیں ۔
 میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وقت جو بھی اطلاعات موجود ہیں، اس کے مطابق اگر سب سے زیادہ مجرمانہ شبیہ والے اراکین اسمبلی کو کسی پارٹی نے ایوان میں بھیجا ہےتو وہ بی جے پی ہے۔اس طرح تو بی جے پی کی رجسٹریشن بہت پہلے ہی منسوخ کردی جانی چاہئے تھی۔کیا بی جے پی کو وزیر اعلیٰ کے خلاف درج مقدمات  کے خلاف ایکشن نہیں لینا چاہئے تھا جبکہ وہ بی جے پی کے ممبر بھی نہیں ہیں۔
  اکھلیش یادو نے کہا کہ بی جے پی کے لوگوں نے۲۰۲۲ء تک کسانوں کی آمدنی دُگنی کرنے کا وعدہ کیا تھا لیکن ابھی تک ایسا نہیں ہوا۔اس کے برعکس بی جے پی کی پالیسیوں سے پریشان ہمارے کسان بھائی جب احتجاج کر رہے تھے تو یہ لوگ کسانوں کو دہشت گرد کہہ رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ کسانوں کو دہشت گرد سمجھتے ہیں وہ اناج کھانا چھوڑ دیں۔ پریس کانفرنس میں اکھلیش یادو کے ساتھ سوامی پرساد موریہ اور عبداللہ اعظم بھی موجود تھے۔
 ادھرسماجوادی پارٹی کے قومی سکریٹری راجندر چودھری نے چیف الیکشن کمشنر، الیکشن کمیشن آف انڈیا، نئی دہلی کو ایک خط لکھ کر اتر پردیش  اسمبلی  انتخابات آزادانہ، منصفانہ اور بے خوف وخطرمنعقد کرانے کیلئے  ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل کرانے کامطالبہ کیا ہے۔
 خیال رہے کہ نئے سال کے موقع پر ایس پی سربراہ نے اقتدار  میں آنے پرفی ماہ۳۰۰؍یونٹ مفت بجلی فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ پریس کانفرنس میں نے انہوں نے کہا کہ گزشتہ کچھ ماہ سے بجلی صارفین کے بل بھی جاری نہیں کئے گئے ہیں اور یہ بل اسلئے نہیں  بھیجے  جارہے ہیں کیونکہ حکومت جانتی ہے کہ بل میں کافی بے ضابطگیاں ہیں۔صارفین کے بل بغیر بجلی میٹر کی ریڈنگ دیکھے  چڑھائے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ’’وہ جانتے ہیں کہ اگر انہوں نے اس طرح کا بجلی بل صارفین کو بھیجا تو  وہ انہیں ایسا شاٹ لگائیں گے کہ وہ  سارا بل بھول جائیں گے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK