Inquilab Logo

ممبئی میں ٹڈیوں کے حملے کا کوئی خطرہ نہیں ہے

Updated: May 30, 2020, 7:37 AM IST | Nadeem Asran | Mumbai

بی ایم سی نے افواہ پھیلانے والوں کیخلاف کیس درج کرانے کا انتباہ دیا۔

For Representation Purpose Only. Photo INN
علامتی تصویر۔ تصویر: آئی این این

افریقہ اور پاکستان سے ہوتے ہوئے ہندوستان کی کئی ریاستوں کے بعد مہاراشٹر کے مختلف اضلاع میں بھی ٹڈیوں کا حملہ ہوچکا ہے ۔ مختلف سوشل میڈیا کے ذریعہ عروس البلاد ممبئی میں بھی ٹڈیوں کے حملےکا اندیشہ ظاہر کیا جارہا ہے ۔ سوشل میڈیا پر چلنے والی ایسی خبروں کو بی ایم سی نے افواہ قرار دیا ہے اور افواہ پھیلاکر شہریوں کو دہشت زدہ کرنے سے باز رہنے اور پولیس سے ٹڈیوں سے متعلق جھوٹی خبروں کو عام کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے اور کیس درج کرنے کی بھی اپیل کی ہے ۔ جمعرات سے سوشل میڈیا پر زور و شور سے نوی ممبئی اور ممبئی کے قلابہ ، ورلی ، تاڑ دیو اور وکھرولی میں ٹڈیوں کے حملے کی خبریں اور ویڈیو وائرل ہورہا ہے ۔ اس ضمن میں بی ایم سی کے جراثیم کش دواؤں کا چھڑکاؤ کرنے والے محکمہ سے وابستہ راجن نرینگیکر نے کہا کہ ’’ سوشل میڈیا پرجتنے ویڈیو اور خبریں وائرل ہورہی ہیں ، اس میں کوئی صداقت نہیں ہے ۔ اوّل تو ممبئی میں کھیت کھلیان اور اتنی ہریالی نہیں ہے جس کی وجہ سے ٹڈیاں شہر کا رخ کریں ۔ اس کے علاوہ محکمہ موسمیات سے موصولہ اطلاع کے مطابق ٹڈیاں ہوا کے رخ کے مطابق اڑتی ہیں ۔ فی الحال ایسا کوئی خطرہ نہیں ہے اور ہوا کا رخ بھی ایسا نہیں ہے کہ وہ شہر میں داخل ہوں ۔‘‘ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’’نہ تو ممبئی میں ٹڈیوں کے حملہ کا امکان ہیں اور نہ ہی شہر میں ان کے داخل ہونے سے متعلق سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے ویڈیو اور خبروں میں کوئی سچائی ہے ۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ٹڈی کی خوراک درختوں کے پتے یا کھیتی ہوتی ہے جس پر حملہ کرکے وہ پورا کھیت یا جنگلات تہس نہس کردیتے ہیں ۔‘‘ واضح رہے کہ وہاٹس ایپ ، ٹویٹر ، فیس بک اور دیگر سوشل میڈیا کے ذریعہ ممبئی میں ٹڈیوں کے داخل ہونے کے ویڈیو کے ساتھ شہریوں کو کھڑکیاں ، دروازے بند رکھنے کا پیغام بھی دیا جارہا ہےجس سے شہریوں میں دہشت پھیل گئی ہے۔
  اس سلسلہ میں پھیلائی جانے والی افواہ پر بی ایم سی نے ممبئی پولیس کو مداخلت کرنے اور افواہ پھیلانے والوں کے خلاف نہ صرف کارروائی کرنے بلکہ ان پر کیس درج کرنے کی بھی اپیل کی ہے ۔اس ضمن میں محکمہ زراعت کے سیکریٹری نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ’’ ٹڈیوں کے شہر میں داخل ہونے سے متعلق جوائنٹ ڈائریکٹر اگریکلچر نے ٹڈیوں کے شہر میں داخل ہونے سے متعلق تمام تر تفصیلات حاصل کرنے کے بعد اسے افواہ قرار دیا ہے ساتھ ہی افواہ پھیلا کر شہریوں میں دہشت پیدا کرنے سے بھی منع کیا ہے ۔دوسری جانب ودربھ کے ناگپورمیں نرکھیر،کاٹول اور دیگر اضلاع وردھا ، امراوتی اور بھنڈارہ میں ٹڈیوں کے داخل ہونے کی تصدیق کی گئی ہے ۔ان علاقوں میں ٹڈیوں کے پہنچنے اور مختلف سبزیوں کی کھیتی پر حملے کا خطرہ منڈلا رہا ہے۔ اس سلسلہ میں مذکورہ اضلاع کے شہری انتظامیہ نے احتیاطی تدابیر اور ان سے نمٹنے کی تیاری شروع کر دی ہے ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK