Inquilab Logo

’’مسلمانوں کے ساتھ وشواس گھات نہیں ہوگا ‘‘

Updated: November 18, 2022, 10:05 AM IST | saeed Ahmed | Mumbai

اسلام جمخانہ میںمراٹھی مسلم سیوا سنگھ کےذمہ داران کے ساتھ شیوسینا ادھو ٹھاکرے کے نمائندے آنند گیتے کی گفتگو ۔ مسلم مسائل پرتوجہ دینے اورانصاف دلانے کی یقین دہانی

Officials of Muslim Sangh and former central Anand Geeta talking in a meeting held at Islam Gymkhana.
اسلام جمخانہ میں منعقدہ میٹنگ میں مسلم سنگھ کے عہدیداران اور سابق مرکزی آنند گیتے گفتگو کرتے ہوئے۔

ایک دفعہ پھر ریاست کے سابق وزیراعلیٰ اورشیوسینا سربرا ہ ادھو ٹھاکرے کے نمائندے سابق مرکزی وزیر آنند گیتے کے ہمراہ مراٹھی مسلم سیوا سنگھ کے عہدیداران اور کارکنان کی  اسلام جمخانہ میںتفصیل سے بات چیت  ہوئی۔ اس سے قبل ہونے والی ملاقات کے دوران ادھو ٹھاکرے نے مسلمانوں کوشیوسینا کے ساتھ آنے اورمل جل کر کام کرنے کی خواہش کا  اظہار کیاتھا ،آنند گیتےنے بطورپیغام اِس خواہش کااعادہ کیا جس پرمیٹنگ میںموجود ذمہ داران کی جانب سے کہا گیا کہ اگر مسلم مسائل پرسنجیدگی سے غور کیاجاتا ہے اور مسائل کو حل کیا جاتا ہے تو ہم بھی تعاون دینے اور ساتھ آنے کیلئے تیار ہیں۔اس میٹنگ میں علی ایم شمسی،فقیرمحمدٹھاکور(مراٹھی مسلم سیوا سنگھ کے صدر)، نورالدین نائیک اوریوسف ابراہانی وغیرہ نے اظہارِ خیال کیا اورمسلم مسائل پر روشنی ڈالی ۔ اس دوران یہ بات بھی زوردے کرکہی گئی کہ سیاسی جماعتوںکی جانب سے مسلمانوں کا استحصال کیا گیا اوران کےمسائل حل کرنے پر سنجیدگی سے غور نہیں کیا گیاجس کانتیجہ آج سب کےسامنے ہے۔ 
 اس سے قبل ۲۱؍اکتوبر کو ادھو ٹھاکرے کی رہائش گاہ پران کو دیئے گئے میمورنڈم میںمسلم ریزرویشن ، سچر کمیٹی کی سفارشات کا نفاذ ، ضلعی سطح پراقلیتی امور کےتحت دفاتر کاقیام ، اقلیتی طلبہ کیلئے اعلیٰ تعلیم کاانتظام، وقف بورڈ اوروقف املاک کا تحفظ، قید وبند کی صعوبتیں جھیل رہے مسلم نوجوانوں کا مسئلہ، اسماعیل یوسف کالج مسلمانوں کے حوالے کرنے اوراس کی زمین پرناجائز قبضہ ہٹانے نیز سرکاری کارپوریشنوں اورضلعی سطح کی کمیٹیو ں میںمسلم نمائندگی کے ساتھ اوبی سی وغیرہ مسائل کااحاطہ کیا گیا تھا۔اسے شیوسینا کے ترجمان اخبار ’سامنا‘ نے نمایاں طور پرشائع بھی کیا تھا۔
 سابق مرکزی وزیرآنند گیتے نے حاضرین کو یقین دہانی کروائی کہ ’’اگرہم سب مل جل کرکام کرتے ہیںاور ایک ساتھ آتے ہیںتو میںیہ یقین دلاتا ہوںکہ وشواس گھات نہیںہوگا کیونکہ یہ شیوسینا کی روایت نہیں ہے۔ بالاصاحب ٹھاکرے کی سوچ یہی تھی کہ ایک عام آدمی کوبھی اس کا حق ملے اوراس کے ساتھ  انصاف ہو،اسی کی دین ہے کہ آٹورکشا چلانے والا آج وزیراعلیٰ بنا ہواہے۔‘‘ انہوں نےیہ بھی کہا کہ ’’ آپ حضرات بڑا پروگرام ترتیب دیں،  اس میںادھو ٹھاکرے خودشریک ہوں گے ۔ میںخود بھی ان کے ہی کہنے پرآپ کے درمیان ہوں اوریہ واضح کرنا چاہتا ہوںکہ آپ کے  مسائل پرتوجہ دی جائے گی ۔ ہاںیہ ضرورکہوں گا کہ آپ کافائدہ ہوگا لیکن کتنا ہوگا، اسے فوری طور پرواضح کرنا مشکل ہے لیکن نقصان توکسی صورت نہیں ہوگا۔اس کے ساتھ ہی میںیہ بھی واضح کردینا  چاہتاہوںکہ اگرساتھ آنے کے بعدآپ کے مسائل پرتوجہ نہ دی گئی اور آپ کوانصاف نہ ملا تو آپ کسی اورجگہ (یعنی کسی اور سیاسی جماعت) کے ساتھ جانے کیلئے آزاد ہوں گے ۔ ‘‘ انہوںنےیہ بھی کہا کہ ’’ اگر مل جل کرکام شروع کردیا گیا تویہ مت سمجھئے گا کہ رات گئی بات گئی بلکہ ڈٹے رہیںگے اورمل جل کر مہاراشٹر کا بھلا کریں گے۔ اس لئے بھی کہ ہمیں صرف تقریر نہیںکرنی ہے بلکہ کام کرنا ہے۔‘‘ اخیر میںآنند گیتے نےیہ بھی کہا کہ ’’ مجھے سیاست نہیںآتی ہے ،میںممبر پارلیمنٹ رہا، وزیر رہا پھر بھی آج کی سیاست سے دور رہا، میںوعد ے پر قائم رہنے اورمل جل کرکام کرنے میںیقین رکھتا ہوں ۔‘‘ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK