Inquilab Logo

نالا سوپارہ میں ایک طرف پانی کی قلت تو دوسری طرف پائپ لائن پھٹ جانے سےہزاروں لیٹر پانی ضائع

Updated: March 27, 2022, 10:37 AM IST | Mumbai

یہاں وسئی ویرار کے متعدد علاقوں میں پینے کے پانی کی قلت سے جہاں لوگ پریشان ہیں

Complaint of pipeline rupture received earlier (file photo)
پائپ لائن پھٹ جانے کی شکایت پہلے بھی ملی تھی ( فائل فوٹو)

   یہاں وسئی ویرار کے متعدد علاقوں میں پینے کے پانی کی قلت سے  جہاں  لوگ  پریشان ہیں ۔ وہیں اسی علاقے میں پانی کی پائپ لائن پھٹ جانے کی وجہ سے کئی دنوں سے لاکھوں لیٹر پانی ضائع ہورہا ہے ۔ متعدد مرتبہ شکایت کرنے کے باوجود  پائپ لائن کی مرمت نہیں کی گئی ہے ۔ حالا نکہ   وسئی ویرار مہانگر پالیکا کے افسران کا دعویٰ ہے کہ پانی کی  ٹوٹی ہوئی پائپ لائن کی مرمت کی گئی ہے۔ اب اسی علاقے میں شاید دوسری جگہ پانی کی پائپ لائن   پھٹ  جانےسے پانی بہہ رہا ہے ۔ جلد ہی اس کی بھی مرمت کردی  جائے گی ۔ 
 نالاسوپارہ کے آچولے روڈ پر رہنے والے محمد کریم عرف جانی بھائی نے  الزام لگایا کہ نالاسوپارہ کے کئی علاقوں میں ایک طرف پینے کی پانی کی قلت ہے اور لوگ بڑی مشکل  سے پانی حاصل کرتے ہیں تو دوسری جانب اچولے پر کئی دنوں سے پانی کی پائپ لائن سے  لاکھوں لیٹر پانی بہہ کر ضائع ہورہا ہے ۔ ایسا کہا جارہا ہے کہ اس کی اطلاع دینے کے بعد بھی وسئی ویرار مہانگر پالیکا کا محکمہ آب رسانی اس جانب  توجہ نہیں  دے رہا  ہے۔ 
  اسی علاقے میں مقیم رام دھنی چورسیا کا کہنا ہے کہ وسئی ویرار میونسپل کارپوریشن کے تحت نالاسوپارہ ایسٹ میں واقع بپّا سیتارام مارکیٹ کے سامنے اچولے روڈ پرپانی کی پائپ لائن میں پیدا ہونے والی خرابی سے روزانہ لاکھوں لیٹر پانی  ضائع ہو رہا ہے۔ مقامی افراد کے ذریعہ اس کی شکایت وسئی ویرار  میونسپل کارپوریشن سے کی گئی ہے لیکن اب تک بہنے والے پانی کو روکنے کی کوئی خاص اقدامات نہیں کئے گئے ہیں۔ 
 چورسیا نے کہا کہ ’’پانی انسان کی زندگی کیلئے کتنا ضروری ہے یہ ان لوگوں سے پوچھئے جو پانی کیلئے پریشان ہوں ۔ ایک ایک بوند پانی کی اہمیت کیا ہوتی ہے  یہی لوگ بتائیں گے۔‘‘  انھوں نے الزام لگایا کہ وسئی ویرار مہانگر پالیکاکے میونسپل افسران اس سنگین معاملے کو نظر انداز کر رہے ہیں اور  عوام کی بنیادی ضرورتوں پر توجہ نہیں دے رہے ہیں۔ جبکہ   قیمتی پانی ضائع ہورہا ہے ۔   
 اس ضمن میں نمائندہ نے وسئی ویرار مہانگر پالیکامیں محکمۂ آب رسانی کے ایک اہلکار سے اس بارے میں بات چیت کی توانھوں نے دعویٰ کیا  کہ اس سے پہلے شکایت ملی تھی تو  پانی کی پائپ لائن کی مرمت کر دی گئی تھی۔ شایدکوئی اور پانی کی پائپ لائن پھٹ گئی ہے جس کی وجہ سے پانی بہہ رہا ہے۔  انہوں نے کہا کہ اس تعلق سے معلومات حاصل کرکے اسے بھی فوری طور پر مرمت کرنے کی کوشش کی جائے گی ۔ 

nalasopara Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK