Inquilab Logo

ٹرمپ کےمواخذہ کیلئے ووٹ دینے والے اراکین پر حملے کا خطرہ

Updated: January 16, 2021, 10:14 AM IST | Agency | Washington

سیکوریٹی بڑھا دی گئی، ٹرمپ کے خلاف  ووٹنگ کے سبب ریپبلکن پارٹی میں ا نتشار، استعفوں کا مطالبہ

US Parliament - Pic : PTI
امریکی پارلیمنٹ کی عمارت کیپٹل ہل میں سیکوریٹی بڑھا دی گئی ہے۔ ( پی ٹی آئی

 امریکی کانگریس کے ا یوان نمائندگان میں ٹرمپ کے مواخذہ کی تحریک  کے منظور ہونےکے بعد  ایک طرف جہاں سینیٹ میں اسے پیش کرنے کی تیاری ہورہی ہے وہیں  ان اراکین پر ٹرمپ حامیوں کی جانب سے حملوں کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے  جنہوں نے تحریک مواخذہ کے حق میں ووٹ دیئے ہیں۔ ریپبلکن پارٹی جس کے کئی اراکین  نے ٹرمپ کے خلاف ووٹنگ کی ہے  کے خلاف بھی پارٹی میں ناراضگی پائی جارہی ہے اوران سے استعفیٰ کا مطالبہ کیا جارہاہے۔
 ٹرمپ  کے مواخذہ کے حق میں ووٹ دینےوالوں کی سیکوریٹی بڑھا دی گئی ہے ۔یہ سب ایسے وقت میں  ہورہاہے جب ٹرمپ کو سینیٹ میں مواخذہ کی تحریک کا سامنا ہے۔بدھ کو ایوان نمائندگان نے ۱۳۷؍ کے مقابلے ۲۳۲؍ ووٹوں سے ٹرمپ کے مواخذہ کو منظوری دیدی۔ ان  پر اپنے حامیوں کا اُکساکر کیپٹل ہل پر حملہ کروانے کا الزام ہے۔ ایف بی آئی پہلے ہی  متنبہ کرچکا  ہے کہ  اقتدار کی منتقلی اور جوبائیڈن کے عہدہ سنبھالنے تک واشنگٹن ڈی سی اور تمام ۵۰؍ ریاستوں میں پر تشدد احتجاج ہوسکتے ہیں۔ جوبائیڈن بدھ ۲۰؍ جنوری کو امریکہ  کے صدر کے طور پر اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔
  اس بیچ ایوان نمائندگان میں  ریپبلکن پارٹی کے اراکین کی جانب سے بھی ٹرمپ کے  خلاف ووٹنگ کرنے کی وجہ سے شدید افراتفری نظر آرہی ہے۔ کانگریس کی رکن لِز چینیے جن کے والد سابق ریپبلکن صدر جارج بش کے نائب تھے ، سے ٹرمپ کے خلاف ووٹ دینے کی وجہ سے فوری استعفیٰ کی مانگ کی جا رہی ہے۔ بہرحال انہوں  نے اعلان کیا ہے کہ ’’میں کہیں نہیں جارہی ہوں۔ میرا ووٹ ضمیر کی آواز پر تھا۔‘‘

 کیپٹل ہل تشدد ، زائد از  ۱۰۰؍ ملزم گرفتار

  کیپٹل ہل میں تشدد کے معاملے میں ایف بی آئی نے ۱۰۰؍ سے زائد افراد کو گرفتار کرنے کی تصدیق کی ہے۔ اس کے ساتھ ہی سیکوریٹی ایجنسیاں آن لائن ہونے والی بات چیت پر خصوصی نگاہ رکھے ہوئے ہیں کیوں کہ  ۲۰؍ جنوری کو جو بائیڈن کی حلف برداری سے قبل ایک بار پھر  پرتشدد احتجاج کا اندیشہ ہے۔ ایف بی آئی کے مطابق اب کی بار پہلے سے بھی شدید تشدد کا خطرہ لاحق ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK