Inquilab Logo

مقبوضہ بیت القدس میں اسرائیلی فورسیز کی فائرنگ میں ۳؍ فلسطینی جاں بحق

Updated: June 11, 2021, 7:33 AM IST | Al-Quds

غرب اردن کے شہر جنین میں فلسطینی ملٹری انٹیلی جنس کے ہیڈ کوارٹر کےباہر جھڑپ، مہلوکین میں فلسطینی سیکوریٹی فورسیز کے ۲؍ اہلکار بھی شامل

Security forces carry the body of a Palestinian official.Picture:PTI
فلسطینی اہلکار کے جنازے کو لے جاتے ہوئے سیکوریٹی فورسیز۔ تصویرپی ٹی آئی

فلسطین کے مقبوضہ علاقوں میں اسرائیل کی شرانگیزی کارروائیوں میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔اسرائیلی فورسیز نے جمعرات کی صبح غرب اردن کے شہر جنین میں فلسطینی ملٹری انٹیلیجنس کے ہیڈ کوارٹرپر دھاوا بول دیا اور ہیڈکوارٹر کے باہر سے چند افراد کو گرفتار کرنے کی کوشش کی ۔ اس پر فلسطینی  سیکوریٹی فورسیز اور اسرائیلی فوجیوں کے درمیان جھڑپ شروع ہو گئی۔ اس  دوران گولی لگنے سے فلسطینی  سیکوریٹی فورسیز کے۲؍ اہلکار اور ایک  شہری  جاں بحق ہو گئے۔ فلسطینی وزارت صحت کے مطابق فائرنگ کی زد میں آ کر ایک راہ گیر بھی زخمی ہو گیا۔
 فلسطینی انٹیلی جنس نے بتایا کہ اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے ہلاک ہونے والے  سیکوریٹی فورس کے اہلکاروں کی شناخت کیپٹن تیسیر عبسہ اور لیفٹیننٹ ادھم علیوی کے طور پر ہوئی ہے۔ 
 فلسطینی ایوان صدر نے اسرائیل کی جانب سے طاقت کے بے جا استعمال کی مذمت کرتے ہوئے اسے خطرناک پیش رفت قرار دیا ہے۔  ایوان صدر نے ایسی کارروائیوں کے مضمرات سے خبردار کیا ہے۔ایوان صدر کے سرکاری ترجمان نبیل ابو ردینہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ قابض اسرائیلی حکام کی طرف سے فسلطینی عوام کے حقوق کی مسلسل خلاف ورزی، قاتلانہ حملے اور دیگر ظالمانہ کارروائیاں بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہیں ۔ اس سے کشیدگی میں اضافہ ہوتا  جارہا ہے۔ا نہوںنے اسرائیل کو حالیہ کشیدگی کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فلسطینیوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے  لئے مناسب اقدامات کرے۔فلسطینی حکام کا کہنا ہے اسرائیلی فورسز کی  جارحیت اور فلسطینی نوجوانوں کو شہادت کے خلاف مغربی کنارے میں احتجاجاً ہڑتال کی جائے کی۔
 اسرائیلی فوج نے اس واقعہ پر تادم تحریر کسی قسم کے ردعمل کا اظہار نہیں کیا۔اسرائیلی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اسپیشل سیکوریٹی فورسیز نے جینن میں اسلامک جہاد کے۲؍ اراکین کو گرفتار کرنے  کیلئے چھاپہ مارا اور اسی دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوا اس میں ایک فلسطینی جاں بحق  اور سیکیوریٹی فورسیز کے  اہلکاربھی ہلاک ہوئے۔
 رپورٹ کے مطابق ایک آن لائن ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ فلسطینی سیکوریٹی افسران ایک گاڑی کی حفاظت پرمامور تھےاور اسی دوران فائرنگ کی آواز آتی ہے۔ 
  واضح رہے کہ اسرائیل غرب اردن کے مسلح فلسطینی گروپوں اور نہتے عوام کے خلاف  بھی ایسی چھاپہ مار کارروائیاں کرتا رہتا ہے  لیکن اسرائیلی  فوجی اور فلسطینی اتھاریٹی کے زیر انتظام  سیکوریٹی فورسیز کے درمیان  ایسی براہ راست جھڑپ  بہت کم  ہوئی ہے۔

palestine Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK